کئی اداکارائیں اپنی صاف شفاف جلد اور چمکتے چہرے کی وجہ سے لوگوں میں مشہور ہوتی ہیں ۔ وہ اس خوبصورتی کو حاصل کرنے کیلئے کیا کیا چیزیں یا ٹوٹکے استعمال کرتی ہیں ، یہ خواتین ضرور جاننا چاہتی ہوں گی، اس مضمون میں ہم آ پ کو اداکاراؤں کی جانب دی جانے والی چند بیوٹی ٹپس بتا رہے ہیں، جن سے خواتین کو ضرور سیکھنے کو ملے گا۔
رحمت اجمل :
مشہور اداکارہ و ماڈل رحمت اجمل کا کہنا ہے کہ وہ سونے سے قبل اپنے چہرے پر عرق گلاب کا اسپرے ضرور کرتی ہیں۔ پھرصبح چہرہ دھونے کے بعد بھی ایک مرتبہ وہ عرق گلاب کا چہرے پر چھڑکاؤ کرتی ہیں۔ اس سے ان کے چہرے کی جلد پورا دن نرم و ملائم رہتی ہے۔
لیلیٰ زبیری:
مشہور اداکارہ لیلیٰ زبیری زندگی کی اتنی بہاریں دیکھ لینے کے باوجود اب تک خوبصورت دکھائی دیتی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ قدرتی چیزوں کو چہرے پر استعمال کرتی ہیں ۔ ان کی بیوٹی روٹین میں شامل ہے کہ وہ ایلو ویرا کا ایک حصہ کاٹ کر اسے دھولیتی ہیں اور پھر اس کے جیل کو چہرے پر لگاتی ہیں ۔ اس سے ان کے چہرے کی جلد ہمیشہ فریش اور چمکتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔
نوین وقار:
اداکارہ نوین وقار کی بیوٹی ٹپ ان خواتین کیلئے بہترین ہے ، جن کے چہرے پر ایکنی، دانے ہیں ۔ ان کی بیوٹی روٹین میں شامل ہے کہ وہ دن میں 3 سے 5 منٹ تک برف کی ٹکور چہرے پر ضرور کرتی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے ان کے چہرے کے خلیات بند ہوجاتے ہیں، پھر وہ میک اپ کرتی ہیں ، تاکہ ان خلیات میں میک اپ جمع نہ ہوسکے اور پھر ان کی جلد پر دانے نہیں نکلتے۔ نوین کا کہنا ہے کہ ان کی جلد پر دانے موجود رہتے ہیں، اس لئے وہ اس عمل کو دہراتی ہیں۔ اس طرح برف کی ٹکور کرنے سے ان کے چہرے پر پسینہ بھی نہیں آتا۔
ارمینا رانا خان:
ارمینا رانا خان کا چہرہ ہمیشہ چاند کی طرح چمکتا ہے۔ وہ ہمیشہ پانی اور سن اسکرین کو اپنی خوبصورتی کی وجہ قرار دیتی ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ اگر داغ دھبوں کے بغیر اور چمکتا چہرہ دکھانا ہے تو پانی زیادہ پئیں ، کیونکہ پانی کی کمی کی وجہ سے چہرے کی جلد مرجھائی ہوئی لگتی ہے۔ اس کے علاوہ جب بھی باہر نکلیں سن اسکرین ضرور استعمال کریں، کیونکہ یہ سورج کی شعاعوں سے جلد کو پہنچنے والے نقصان سے بچاتا ہے اور چہرے کی رنگت کو خراب ہونے سے محفوظ رکھتا ہے ۔