اس وقت ٹیکنا لوجی کی ترقی کے ساتھ دنیا میں نئی نئی ایجادات اور نئے نئے عجوبے دیکھنے میں آرہے ہیں۔ حسن اب صرف قدرت کا ودیعت کردہ ہی نہیں بلکہ کچھ ڈاکٹرز کا عطا کردہ بھی ہے، کاسمیٹک سرجریز جتنی عام ہو گئی ہیں اس کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ کل کو ہر دوسرا شخص کاسمیٹک سرجری سے حسین ہونا چاہے گا۔ اللہ کی تخلیق میں ردوبدل کرنا مذہبی لحاظ سے کیسا ہے یا شرعی طور پر اس میں کیا قباحتیں ہیں یہ ایک الگ بحث ہے۔ لیکن اس وقت یہ کام خواتین اور مرد حضرات میں خاصا مقبولیت حاصل کرتا نظر آرہا ہے۔ اور جو لوگ اس کو افورڈ کر سکتے ہیں وہ اس کے ذریعے اپنی آنکھ، ناک، منہ، بال، گال سب ٹھیک کروا رہے ہیں۔ اب ایک اور ٹیکنالوجی آئی ہے جس کے کروانے سے میک اپ کے بغیر بھی آپ کی جلد خوبصورت، حسین اور شگفتہ نظرآئے گی۔ اس عمل کو بی بی گلو ٹریٹمنٹ کہا جاتا ہے، اس کے بارے میں کاسمیٹک سرجن ڈاکٹر احسن ریاض نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس عمل کے 6 سے 8 سیشنز ہوتے ہیں اور ان میں مختلف سیرم استعمال کئے جاتے ہیں، جوکہ چائینیز،اسپینش، یورپئین اور مریکی سیرم ہوتے ہیں، مریض کی جلد کے مطابق اسے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس عمل میں مریض کی برداشت کے حساب سے پروسیجر کیا جاتا ہے

اس میں مائیکرو پین استعمال ہوتا ہے، جس میں مائیکرو نیڈلز ہوتی ہیں جس کے ذریعے چہرے پر آہستہ آہستہ اس پین سے دباؤ ڈالتے جاتے ہیں اور ایک اسسٹنٹ سرنج کے ذریعے سیرم ڈالتا جاتا ہے، مائیکرو نیڈلز سے جو باریک سا جلد میں پنکچر ہوتا ہے اس میں یہ سیرم چلا جاتا ہے اور اپنا کام کرتا ہے۔ اس کا نتیجہ عموماً 15 سے 20 دن میں سامنے آتا ہے۔ اس کے ایک سیشن کے تقریباً 5000 روپے لگتے ہیں۔ یہ عمل کسی ماہر ڈرما ٹولوجسٹ سے ہی کروائیں، کم پیسوں کے چکر میں اپنا چہرہ نہ بگاڑیں۔
یہ عمل میلازما والے مریض نہ کروائیں،جن کوکسی بھی قسم کی الرجی ہو وہ بھی اس سے پرہیز کریں، یا ایسے مریض جو ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل نہ کر سکیں ۔وہ بھی یہ عمل نہ کروائیں۔ کیونکہ اس سے آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچ سکتا ہے۔