ہمارے یہاں عموماً ہر سال مختلف فیشن شوز کا انعقاد کیاجاتاہے ،جس میں نت نئے انداز کے ملبوسات متعارف کروائے جاتے ہیں۔ فیشن کی دنیا ویسے تو دن رات بدلتی رہتی ہے ،تاہم کچھ فیشن یا ملبوسات ایسے ہوتے ہیں ،جو وقت گزرنے کے بعد بھی پرانے نہیں ہوتے ، ان میں تھوڑی بہت تبدیلی ضرور کی جاتی ہے، تاہم وہ فیشن سے کبھی’’ آؤ ٹ‘‘ نہیں ہوتے۔ ان میں سے ایک’’انارکلی فراکس‘‘ ہیں ۔
کبھی بڑے گھیر والی انار کلی فراکس آپ کو ڈیزائنرز کی نئی کلیکشن میں نظر آئے گی تو کبھی ان کا گھیر کم کرکے انہیں فیشن شوز میں متعارف کروادیاجاتاہے۔ کبھی ان کی لمبائی پیروں تک آتی ہوئی ہوتی ہے ، تو کبھی ان کی لمبائی گھٹنوں تک کرکے انہیں پہنا جاتا ہے۔
غرض یہ ہے کہ نیٹ ہو یا شیفون، سلک ہو یا کاٹن ،انارکلی
فراکس آپ کو ہر طرح کے کپڑے اور انداز کے ساتھ مارکیٹس میں بکتی ہوئی نظر آئیں گی۔ ان دنوں بھی سادہ سی پیروں تک آتی ہوئی انار کلی فراکس پاکستانی فیشن کی دنیا میں چھائی ہوئی ہیں
اگر شادیوں کی تقریبات کیلئے انارکلی فراک خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ وہ سلک ، آرگنزا ، نیٹ یا شیفون سے تیار کردہ ہوں، ان پر ایمرائڈری کی گئی ہو یا انہیں لیسز لگاکر خوبصورت بنایا گیا ہو۔ وہ لڑکیاں، جن کی شادی ہورہی ہے وہ اپنی مہندی کے فنکشن کیلئے پیلے، ہرے یا گلابی رنگ کے کمبی نیشن کے ساتھ انارکلی فراک اور چوڑی دار خرید کر پہن سکتی ہیں ۔ اگر گرمیوں کے دوران دن کے کسی فنکشن میں پہننے کیلئے خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ کاٹن یا لان سے تیار کردہ سادہ یاپرنٹڈفراک خریدیں ، ان کپڑوں سے تیار کردہ فراکس ہوادار ہوتی ہیں اور انہیں پہننے کے بعد گرمی نہیں لگتی۔
اگر کسی فنکشن کیلئے بھاری ایمبرائڈری والی فراک کا انتخاب کیا ہے تو کوشش کریں کہ اس کا دوپٹہ سادہ ہو، اگر سادہ سلک کی فراک پہن رہی ہیں تو اس کے ساتھ جیکارڈیا آرگنزا کا ایسا دوپٹہ خریدیں ، جس کے کناروں پرزری یا دبکے کا کام کیاگیا ہو یا جس پر بلاک پرنٹنگ اور لیسز لگاکر اسے خوبصورت بنایا گیا ہو۔
آج کل ایسی انارکلی فراکس بھی چل رہی ہیں ، جن کے درمیانی حصے میں پیٹی سے لے کر نیچے تک فراک میں کٹ لگاہوا ہوتاہے، اس کے ساتھ ڈھیلا ٹراؤزر پہنا جاتا ہے، ایسی فراکس بھی پہننے کے بعد خوبصورت لگتی ہیں ۔اگر گھٹنوں تک آتی ہوئی فراکس خریدنے کا ارادہ ہے تو ا س کے ساتھ گھیروالی شلوار یا ٹیولپ شلوار کا انتخاب کریں۔
انارکلی فراکس چاہے پیروں تک آتی ہوئی ہو یا گھٹنوں تک کی لمبائی پر مبنی ہو، ان کے ساتھ لمبی ہیل والی سینڈل پہننا مناسب رہتاہے۔ خاص طور پر ایسی لڑکیاں جن کا قد دراز نہیں ہے، انہیں اس طرح کی فراکس کے ساتھ ہائی ہیلز ضرور پہننی چاہئیں ۔
انارکلی فراکس کا فیشن صدیوں پُرانا ہے ،سب سے پہلے اسے مغل زمانے میں تیار کیا گیا، اسی دور کی مناسبت سے اس کا نام انارکلی رکھا گیا،اُس دور میں اسے مہنگے اور قیمتی ترین ریشمی کپڑے سے تیار کیا جاتا تھا، ساتھ ہی اس پر چاندی اور سونے کا کام کیا جاتا تھا ، جس کی وجہ سے ابتدا میں یہ پہناوا صرف مغلیہ خاندان کی ملکہ اور شہزادیاں وغیرہ ہی پہنا کرتی تھیں ۔
تاہم بعد میں اسے عام خواتین کیلئے بھی تیار کیا جانے لگا، یہی وجہ ہے کہ اب اسے پاکستان ، انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی خواتین پہنتی ہیں۔ اس فراک کی ساخت ایسی ہوتی ہے کہ لڑکیاں اسے پہننے کے بعد خود کو شہزادی کی مانند سمجھنے لگتی ہیں اور ان کے بیٹھنے ، اٹھنے کے انداز میں نزاکت اور وقار سامحسوس ہونے لگتا ہے ۔
یہ بات سچ ہے کہ اچھا لباس انسان کوپُر اعتماد بنا دیتا ہے،لہذا جب اچھے انداز سے سلی ہوئی انارکلی خواتین پہن لیں گی تو وہ خود کو پُر اعتماد محسوس کرنے لگیں گی ، یہ ایک ایسا پہناوا ہے ، جسے ہر عمر کی خواتین بہ آسانی پہن سکتی ہیں، تاہم بڑی عمر کی خواتین کو ہلکے رنگوں سے تیار کردہ فراک کا انتخاب کرنا چاہئے۔
ویسے وقت کے ساتھ ساتھ انار کلی کی ہئیت میں تبدیلی آئی ہے ،لیکن یہ حقیقت ہے کہ انارکلی فراکس کبھی فیشن سے آؤٹ نہیں ہوئیں ،لڑکیاں اس روایتی پہناوے کو کبھی بھی ،کسی بھی فنکشن میں آرام سے پہن سکتی ہیں اور جاذب نظر آسکتی ہیں .