پاکستانی ٹی وی اور ماڈلنگ کے مشہور ستارے ارسلان خان نے اپنی اہلیہ حرا خان کے ساتھ اپنی منفرد کیمسٹری اور بے مثال رشتے کی ایک نئی جھلک پیش کی ہے۔ فروری 2023 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس پاور کپل نے نہ صرف اپنی اداکاری سے دل جیتا، بلکہ ان کی دلکش کوریوگرافی بھی سوشل میڈیا پر خوب پسند کی جا رہی ہے۔
حالیہ نجی ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کے دوران، میزبان نے ارسلان خان سے پوچھا کہ کیا انہیں اپنی اہلیہ کی خدمت اور محبت میں ’رن مرید‘ کہا جاتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں ارسلان خان نے خود کو فخر سے "رن مرید" قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی پرواہ نہیں کہ لوگ کیا کہتے ہیں، کیونکہ وہ اپنی بیوی کی محبت اور احترام پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
ارسلان نے مزید کہا کہ اگر بیوی کا خیال رکھنا اور اس کے ساتھ کھڑا ہونا "رن مرید" کہلاتا ہے، تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ شادی میں دونوں پارٹنرز کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا اور عزت کرنا ضروری ہوتا ہے۔ وہ تنقید کرنے والوں کی پرواہ کیے بغیر اپنی بیوی کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔
اس انٹرویو میں، ارسلان اور حرا نے شادی میں مردوں اور عورتوں کی عدم تحفظ کے موضوع پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے لیے ایک دوسرے کا فون چیک کرنا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ارسلان نے کہا کہ ان کے فون پر کوئی لاک نہیں ہے اور حرا کو اس تک مکمل رسائی حاصل ہے، جبکہ حرا اتنی لاپرواہ ہیں کہ انہیں اکثر اپنا فون یاد بھی نہیں رہتا۔