"ہم ایک ساتھ کام کرتے تھے اور ایک دوسرے کے گھر آنا جانا بھی تھا لیکن شادی کا کبھی نہیں سوچا تھا. بس اللہ پاک نے ہمیں ملانا تھا اور ہمارے زریعے 2 اور روحوں کو دنیا میں آنا تھا تو بس اس لیے ہماری شادی ہو گئی"
یہ کہنا ہے سینئر اداکارہ فریدہ شبیر کا جنھوں نے حال ہی میں اپنے شوہر اور معروف اداکار شبیر جان کے ساتھ ایک نجی چینل کے ٹاک شو میں شرکت کی اور دوسری بیوی بننے کے متعلق کھل کر گفتگو کی.
فریدہ شبیر کا کہنا تھا کہ "میں جانتی تھی کہ شبیر پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کے 6 بچے بھی ہیں. البتہ مجھ سے شادی کے بعد انھوں نے دونوں گھروں کو اچھی طرح سنبھالا اور میں اس حوالے سے خوش نصیب ہوں کہ شبیر نے اپنا زیادہ وقت میرے ساتھ گزارا. میرے بچے چھوٹے تھے. ہم ایک ساتھ کاروبار بھی کر رہے تھے اور پھر ایک ہی شعبے سے وابستہ تھے. اس وجہ سے ہم دونوں کا بہت وقت ساتھ گزرا"
شبیر جان نے دوسری بیوی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے فریدہ سے جو اولاد اللہ پاک نے نصیب کی اس کے نام بہت سوچ سمجھ کر رکھے. بیٹے کا ترکش نام اردل رکھا جبکہ بیٹی کا نام یشمیرہ رکھا جس کا مطلب سمجھدار عورت ہے تو اب وہ اپنی عمر سےزیادہ سمجھداری کی باتیں کرتی ہے اور تو اور کئی مرتبہ ہمیں ہی سمجھانے لگتی ہے۔