زیورات کا انتخاب کیسے کریں؟ تقریب کوئی بھی، کہیں بھی ہو، دن میں ہو یا رات میں، شادی شدہ ہوں یا کنواری، ہر موقع اور شخصیت کا بہترین انتخاب !

image

صدیوں سے زیورات عورت کی سجاوٹ کا حصہ رہے ہیں ۔ سجنا سنورنا ہر عورت کا بنیادی حق سمجھا جاتا ہے۔ ہمارے بڑے بوڑھے شادی شدہ خواتین کا بغیر زیوررہنا پسند نہیں کرتی تھیں ۔ ہماری دادیاں نانیاں اپنی سہاگن بہو بیٹیوں کو سجا سنورا دیکھ کر خوش ہوتی تھیں۔ اب زمانہ بدل گیا ہے ،خواتین نے بھی ترقی کے اس سفر میں اپنا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے،اس کے ساتھ سجنے سنورنے کے طریقے اور انداز بدل ضرور گئے ہیں لیکن اب بھی صنفِ نازک کی کمزوری اچھا لباس اور حسین زیور ہی ہے۔

جیولری کا انتخاب:

جیولری یا زیورات ہر عورت کی پسند ہے۔ بازار میں سونے، چاندی، آرٹیفیشیل، پتھر اور دیگر کئی دھاتوں سے بنے خوبصورت اور مختلف ڈیزائن کے زیورات دستیاب ہیں۔ ایسے میں آپ کے لیے اہم یہ ہے کہ اپنی جیب ، مالی استطاعت اورذوق کو دیکھتے ہوئے آپ کس طرح کی جیولری منتخب کریں کہ جو آپ کے دل کو بھی بھائے اور آپ کی شخصیت کے حسن میں بھی چارچاند لگا دے ۔

رنگوں کو مدنظر رکھیں:

جیولری کا انتخاب کرتے وقت رنگوں کو مدنظر رکھنا بھی ضروری ہے۔ جیولری کسی بھی تیاری کو اختتامی ٹچ دینے کے لیے بہترین ہوتی ہے۔ چونکہ یہ جلد کی سطح کے ساتھ رہتی ہے اس لیے پہننےوالے کی جلد کی قدرتی رنگت کو بھی اجاگر کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس بات سے قطع نظر کہ آپ کا کلر گروپ کونسا ہے ہم آپ کو جیولری منتخب کرنے کے لیے کچھ مفید مشورے دیتے ہیں تاکہ آپ کی شخصیت بھی محفل کی جان بن جائے۔

تقریب کے لحاظ سے انتخاب

جیولری کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کو بھی پیش نظر رکھنا ضروری ہے کہ کس تقریب کے لئے انتخاب کیا جا رہا ہے یا کس وقت کی تقریب ہے اور پہننے والا کون ہے کوئی شادی شدہ خاتون اس کا انتخاب کر رہی ہیں یا غیر شادی شدہ۔

دوپہر کی تقریبات

دن کی تقریبات میں سفید رنگ کی جیولری مثلاً چاندی، پلیٹینیم اور وائٹ گولڈ بہترین ہیں۔ اس کے ساتھ آرٹیفیشل میں بھی ہر ورائٹی موجود ہے،دن کے وقت ہلکے گلو بند یا چوکر اور اس کے ساتھ ساتھ سفید یا سرمئی رنگت والے پرل، بھی اچھے لگیں گے۔

رات کی تقریبات

سونے یا چاندی یا کسی بھی نیچرل میٹریل سے بنی ہلکی جیولری دن میں پہننے کے لیے اچھی ہے اور چمکدار جیولری رات کے وقت کے لیے بہترین رہتی ہے، کہ یہ روشنی کو منعکس کرتی ہے۔ جدید اور خوبصورت انداز کے لیے لائٹ جیولری استعمال کریں۔ بھرے گلے والے نیکلس یا بھاری سیٹ ساڑھی یا غراروں کے ساتھ الگ ہی چھب دکھاتے ہیں۔ اب تو ہر رنگ اور ہر قسم کے میٹریل کے آرٹیفشل سیٹ مارکیٹ میں اور آن لائن شاپنگ میں موجود ہیں ،آپ کے کپڑوں سے میچ کرتے کلرز کے موتیوں اور نگوں سے جیولری کو مزید حسین بنادیا جاتاہے۔

آویزوں کا انتخاب

رنگت کے علاوہ چہرے کی مناسبت سے جیولری کا انتخاب آپ کو زیادہ دیدہ زیب بناتا ہے۔ جیولری کے استعمال میں سب سے اہم چیز کان کے آویزے یا بندے ہیں۔ یہ نیکلس، بریسلیٹ یا کسی بھی دوسرے زیور سے زیادہ نزدیک ہوتے ہیں اور دیکھنے والوں کوفوراً متوجہ کرتے ہیں۔ اس طرح یہ آپ کی شخصیت پر نگاہ پڑتے ہی پہلا اور گہرا تاثر ڈالتے ہیں۔ کانوں کی جیولری خریدتے وقت ایسے ڈیزائن پسند کریں جو آپ کے چہرے کی ساخت سے مطابقت رکھتے ہوں مگر مکمل طور پر اسی شیپ کے نہ ہوں۔ اس سے آپ کی شخصیت کا حسن مزید اجاگر ہوگا۔ مثلاً اگر آپ کا چہرہ بیضوی، گول، کتابی یا دل کی شکل کا ہے تو لہری دار ساخت کے جھمکے پسند کریں اور جیومیٹرک شکل کے آویزوں سے اجتناب کریں۔ گول چہروں پر زیادہ تر لمبے آویزے خوبصورت لگتے ہیں ، جبکہ لمبا چہرہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ اس پر لمبے آویزے نہ پہنیں اور چوڑے یا جھمکوں والے آویزے سوٹ کرتے ہیں۔ چوکور چہروں پر ڈائمنڈ یا مستطیل شکل میں آویزے اچھے لگتے ہیں جبکہ چوکور شکل میں آویزے بالکل استعمال نہیں کیے جانے چاہئیں اس کے لئے ٹاپس یا چھوٹے بندے پہننا بہتر ہے۔

بالوں کے لئے جیولری کا انتخاب

ہم میں سے اکثر چہرے کو تو خوب سنوارلیتے ہیں مگر بالوں پر توجہ نہیں دیتے جبکہ بالوں سے متعلق جیولری بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ زیادہ بہتر ہوگا اگر آپ ہیئر بینڈ یا کلپ اور کانٹوں وغیرہ کا استعمال بھی اپنے کپڑوں اور میک اپ کی مناسبت سے کریں اور آج کل تو بالوں کے لئے بھی بہت حسین چیزیں باآسانی مل جاتی ہیں، بالوں کی سائڈز پر لگانے والے فینسی فلاورکلپس فیشن میں ان ہیں۔ اس کے ساتھ بیٹس بھی آپ کی تیاری کو ایک مکمل لک دیتی ہیں۔

You May Also Like :
مزید