اداکار عمران اشرف کی سابقہ بیوی کرن اشفاق نے اچانک لاہور میں دوسری شادی کرلی۔ ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ صارفین جہاں کرن کو ایک نئی زندگی کی شروعات پر مبارکباد دے رہے ہیں وہیں کچھ لوگ ان کے ماضی سے متعلق کمنٹس کرتے ہوئے منفی جذبات کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔ بہرحال آج ایک شاندار تقریب میں کرن اشفاق نے لاہور کے معروف بزنس مین سے نکاح کرلیا۔ نکاح کی تقریب میں دولہا اور دلہن نے سفید رنگ کا نفیس جوڑا زیب تن کیا۔
صارفین کمنٹس کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ شاید یہی وجہ تھی کہ ایک بیٹے کی موجودگی میں کرن نے اداکار عمران کو چھوڑ دیا۔ لیکن وہیں کچھ لوگ اداکار عمران کو بھی دوسری شادی کرنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کی دعائیں دے رہے ہیں۔
کرن اشفاق کے دوسرے شوہر کا نام حمزہ علی چوہدری ہے جو پیشے کے اعتبار سے بزنس مین بھی ہیں اور پاکستان پیپیلز پارٹی سے ان کا گہرا تعلق بھی ہے۔ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی لاہور سے نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ اور ایک کرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی پی پی پی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بھی تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھی جاسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق اور عمران اشرف نے 18 اکتوبر 2022 کو سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے طلاق کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
اداکار عمران اشرف نے ماڈل کرن اشفاق سے 2018 میں شادی کی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا ہے جس کا نام ’روہم‘ ہے۔