شیشہ ورک کی تاریخ کی بات کریں تو یہ ایران سے شروع ہوا تھا ، ایرانی آرکی ٹیکچر میں شیشہ ورک بہت کیا جاتا تھا ، جس کی مثال تہران میں موجود ” کاخِ گلستان “ (Golestan palace’s mirror hall) ہے ، جو کہ شیشہ ورک سے تیار کیا گیا ہے ۔ وہاں کی ایمبرائڈری اور ہینڈی کرافٹس میں بھی شیشے ورک کا استعمال کیا گیا۔ مغل دور حکومت میں وہاں کے کاریگر برصغیر آئے اور انہوں نے بر صغیر میں اس کام کو کپڑوں پر متعارف کروا دیا ۔ جب سے ہی شیشہ ورک پاک و ہند میں مشہور ہے۔
مرر ورک جسے ہمارے یہاں ”شیشہ ورک“ کے نام سے جانا جاتا ہے، پاکستان میں ان دنوں بہت مقبول ہو رہا ہے۔ کئی اداکارائیں کبریٰ خان، ثنا جاوید، عائزہ خان، مایا علی و دیگر اہم تقاریب کے دوران شیشہ ورک پر مشتمل ملبوسات پہن کر شریک ہوتی دکھائی دی ہیں ۔
اگر رات کی کسی تقریب میں شرکت کرنی ہے تو کوشش کریں کہ ثنا جاوید کی طرح کا کالے رنگ کا لباس پہنیں۔ ان کی پیروں تک آتی میکسی میں شیشہ ورک اور کالے رنگ کے دھاگوں کی ایمبرائڈری کی گئی ہے۔ جوکہ دیکھنے میں بہت خوبصورت لگ رہی ہے۔ یہ لباس رات کی کسی بھی تقریب کیلئے بہترین انتخاب ہے۔ مارکیٹ میں اس وقت دو طرح کی فراکس دستیاب ہیں، پیپلم انداز کی لمبائی میں کم فراک پہننے کی خواہشمند لڑکیوں کو ان کی پسند کے مطابق بھی فراک آسانی سے مل جائے گی۔ شیشہ ورک پر مبنی فراکس مہندی کے فنکشن کیلئے بھی بہترین ثابت ہوتی ہے ۔ کئی انداز کے بلوچی اور پشتو روایتی پہناووں میں بھی شیشہ ورک کیا جاتا ہے، لڑکیاں چاہیں تو اس انداز کے کپڑے بھی اپنے وارڈروب کا حصہ بناسکتی ہیں۔
وہ لڑکیاں جو ہلکے نفیس لباس پہننا پسند کرتی ہیں ان کیلئے عائزہ خان کے انداز کا سوٹ پہننا اچھا رہے گا ۔ ایسی لڑکیاں آرگنزا پر شیشہ ورک کرکے تیار کی جانے والی کرتیاں پہن سکتی ہیں ۔ ہلکے رنگوں پر سفید دھاگے کی کڑھائی کے ساتھ شیشہ ورک کیا جارہا ہے ۔ زیادہ تر کرتیوں کے گلے کے اطراف اور بارڈر پر شیشے کا کام بنایا جارہا ہے ۔ کچھ دوپٹوں کے بارڈرز پر بھی شیشہ ورک کرکے انہیں خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔ اس انداز کے ملبوسات کو شادیوں کی تقریبات میں پہنا جاسکتا ہے۔ زیادہ تر ڈیزائنرز نے ہلکے رنگوں جیسے گلابی، آسمانی، پستہ اور سفید رنگ کے ملبوسات پر شیشہ ورک کرکے انہیں اپنی کلیکشن کا حصہ بنایا ہے۔ کاٹن پر ہلکا پھلکا شیشہ ورک کیا گیا ہو تو ایسا پہناوا دن کی کسی تقریب کیلئے مناسب رہتا ہے۔ ٹین ایج لڑکیاں شیشہ ورک پر مشتمل کرتیوں کو روزمرہ زندگی کے دوران جینز کی پینٹ کے ساتھ بھی پہن سکتی ہیں اور خوبصورت نظر آسکتی ہیں ۔