پاکستانی شوبز کی معروف اداکار جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھے جن کی شاندار شادی نے لوگوں کی خاص توجہ حاصل کی تھی۔
جوڑے نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی تمام اہم شخصیات کو مدعو کیا تھا۔ ایمن اور منیب کی شہانہ شادی کی تقریبات پر انہیں عوامی ردعمل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ غیر ضروری تقریبات میں زیادہ خرچہ کرنے پر مداحوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں منیب بٹ کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔ ویڈیو میں منیب بٹ اس بات کا اعتراف کرتے نظر آئے کہ اگر انہیں دوبارہ موقع ملے تو وہ اپنی زندگی میں ٢ واقعات کو درست کرنا چاہیں گے۔
پہلی غلطی کو درست کرنے کے حوالے سے اداکارنے کہا کہ وہ پری انجینئرنگ مضمون کا انتخاب نہیں کریں گے کیونکہ یہ ان کے لیے بہت مشکل تھا اور وہ اس میں ناکام ہوگئے تھے۔ دوسری چیز انہوں نے شادی کی تقریب کو ایک شاندار اور مہنگی کرنے کے بجائے سادگی سے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
منیب بٹ کا کہنا تھا کہ میں اپنی شادی کی تقریبات کے انداز کو تبدیل کروں گا۔ میں اپنی شادی میں اضافی یا غیر ضروری تقریبات سے گریز کروں گا اور زیادہ پیسے بھی خرچ نہیں کروں گا کیونکہ اب مہنگائی عروج پر ہے اور پاکستان کی معاشی صورتحال بھی ابتر ہے، ہم لوگ اپنی روٹی مکھن اور دیگر اخراجات کو بمشکل سنبھالتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، تو، میں چیزوں کو کیسے منا سکتا ہوں۔