سرخ لباس کنواری لڑکی نہ پہنے۔۔لیکن اب سرخ رنگ فیشن میں ان ہے ۔۔جانئے اس کے ساتھ آپ میک اپ اور جیولری کا انتخاب کیا کریں کہ آپ کی شخصیت پر کشش نظر آئے؟

image
پرانے زمانے میں ہمارے بڑے بوڑھوں کا کہنا تھا کہ کنواری لڑکی نہ سرخ لباس پہنے اور نہ سرخ لپ اسٹک لگائے،لیکن اب زمانہ اور فیشن بدل گیا ہے ،اب نوجوان لڑکیاں بڑے شوق سے سرخ لپ اسٹک لگانا پسند کرتی ہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سرخ رنگ ہر ایک پر اچھا نہیں لگتا ، کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ یہ رنگ صرف صاف رنگت والوں پر ہی اچھا لگتا ہے ،جبکہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے رنگ کوئی بھی پہنا جائے اگر پہننے والے کو پہننے کا سلیقہ ہے تو ہر رنگ ،ہر کپڑا ،اچھا لگے گا ،اور اگر پہننے اوڑھنے کا سلیقہ نہ ہو تو کوئی بھی رنگ پہن لیں وہ عجیب ہی لگے گا۔ آج ہم آپ کو یہ بتا نا چاہتے ہیں کہ اگر آپ سرخ رنگ پہننا چاہتی ہیں لیکن لوگوں کے تبصروں سے گھبرا کر نہیں پہنتیں تو اب بالکل نہ گھبرائیں اور یہ رنگ ضرور پہنیں، اور اس کے ساتھ ذرا اچھا سا میک اپ کر لیں تو آپ کی شخصیت کِھل جاتی ہے۔ میک اپ،جیولری کا اور جوتے چپل کا انتخاب یہ آپ کی شخصیت کو چار چاند بھی لگا سکتے ہیں اور آپ کی شخصیت کو ماند بھی کر سکتے ہیں۔

میک اپ:

سرخ لباس میں بھی کئی شیڈز ہوتے ہیں ،آپ کی اپنی رنگت کیسی ہے اور اس پر کون سا شیڈ اچھا لگے گا یہ آپ کپڑے کو اپنے ساتھ لگا کر دیکھیں،عموماً گہرا سرخ رنگ سب پر ہی اچھا لگتا ہے،اس کو بلڈ ریڈ بھی کہا جاتا ہے جس میں ہلکی سی سیاہی شامل ہو ،وہ ایسا رنگ ہے جو سانولے سلونے لوگوں پر بھی اچھا لگتا ہے اور گورے رنگ والوں پر بھی کِھل جاتا ہے۔ اس رنگ کے انتخاب کے بعد دوسری باری میک اپ کی آتی ہے کہ میک اپ کیسا ہو تو آپ کے کپڑوں میں کیا کیا شیڈز آرہے ہیں ،اس کے حساب سے بلش اون اور آئی شیڈز کا استعمال کریں۔ لپ اسٹک اگر گہرے رنگ کی لگانا پسند ہے تو پھر اس کے ساتھ آئی شیڈ ہلکے رنگ میں لگائیں ،اور اگر آئی شیڈز اسموکی ٹائپ کا ہے تو لپ اسٹک بہت لائٹ کلر کی لگائیں، اس کے علاوہ بلش اون پیچ کلر یا براؤن ٹون میں اچھا لگے گا۔ لیکن اگر کپڑوں میں پنک شیڈ موجود ہے تو پھر بلش اون پنک کلر میں بھی لگایا جا سکتا ہے۔ لپ اسٹک کپڑوں کے شیڈ کی لگائیں۔

جیولری:

اب اگلا مرحلہ جیولری کا انتخاب ہے ۔اگر کانوں میں لمبے یا بڑے ائیر رنگز پہن رہی ہیں تو گلے میں ہلکا لاکٹ پہنیں اور اگر کانوں میں ہلکے ٹاپس پہنے ہیں تو گلے میں کوئی نیکلس یا گلوبند یا چوکر ٹائپ کی چیز پہنی جا سکتی ہے۔ انگوٹھی اگر بھاری پہنی پے تو ایک ہاتھ میں ایک ہی پہنیں ،اگر ہلکی ہیں تو دو بھی پہنی جا سکتی ہیں۔

جوتے یا سینڈل:

جوتے یا پمپس یا سینڈل یا کھسہ اس کے لئے آپ کو اپنا قدو قامت دیکھنا چاہیے،اس کے بعد تقریب کی نوعیت کیا ہے، اگر شادی بیاہ یا سالگرہ وغیرہ جیسی تقریب ہے تو اس میں ہائی ہیل پہن سکتی ہیں ورنہ کسی کے گھر ملنے جانا ہے یا آفس وغیرہ جا رہی ہیں تو کھسے اور پمپس یا نیچی ہیل کی سینڈل بھی اچھی لگے گی سرخ کپڑوں کے ساتھ یا تو یکساں کلر کے جوتے،سینڈل پہنیں یا پھر کنٹراسٹ۔دونوں آپ کی شخصیت کو نکھار دیں گے۔

ان ٹپس پر عمل کر کے ہمیں پورا یقین ہے کہ آپ کی شخصیت کا حسن اور اعتماد بڑھ جائے گا اور آپ پورے وقار کے ساتھ کسی بھی پروگرام میں شریک ہو سکیں گی۔

You May Also Like :
مزید