"بیٹی نے شادی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی. میں خود بھی انتظار کررہا ہوں کہ وہ شادی میں کب بلائے گی"
یہ کہنا ہے بھارت کے مشہور اداکار اور سیاست دان شتروگھن سنہا کا جو میڈیا میں سوناکشی کی شادی کے دعوے پر ردعمل کا اظہار کررہے تھے.
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دبنگ گرل سوناکشی سنہا اس مہینے 23 تاریخ کو اپنے دوست ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کررہی ہیں.
جبکہ ان کے والد شتروگن سنہا کا کہنا ہے کہ الیکشن کے بعد سے وہ دہلی میں ہیں اور بیٹی نے شادی کے بارے میں ان سے کوئی بات نہیں کی. شتروگن سنہا نے مزید کہا کہ یہ کہوں گا کہ ابھی تک اس نے شادی نہیں کی ہے اور میں بھی اتنا ہی جانتا ہوں کہ جتنا میں نے میڈیا میں پڑھا ہے لیکن جب بھی بیٹی اور داماد مجھے اور میری بیوی کو شادی کے بارے میں بتائیں گے تو ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہوں گی. سوناکشی بالغ ہے اور اپنے فیصلے خود کرسکتی ہے. ہمیں اس کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے وہ کبھی بھی کوئی غلط فیصلہ نہیں کرے گی. جب بھی میری بیٹی کی شادی ہوگی، میں بارات کے آگے ڈانس کرنا پسند کروں گا۔ آج کل کے بچے شادی کیلئے ماں باپ کی اجازت نہیں لیتے صرف بتاتے ہیں.
واضح رہے کہ چند دن پہلے سوناکشی سنہا کی ویڈیو کلپ بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتا رہی ہیں کہ انھوں نے بہت بار روایتی دلہنوں والا لباس فلم میں پہن لیا ہے اس لئے وہ اپنی شادی میں سادہ ترین دلہن بنیں گی تا کہ زیادہ سے زیادہ انجوائے کرسکیں. جبکہ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادی ان کا ذاتی معاملہ ہے اور لوگوں کو اس کے بارے میں بے قراری نہیں ہونی چاہیے.
سوناکشی کے ہونے والے دلہا ظہیر اقبال کا تعلق مسلمان گھرانے سے ہے اور وہ سلمان خان کے بچپن کے دوست اقبال رتنسی کے بیٹے ہیں جو کہ زیورات کا کاروبار کرتے ہیں. ظہیر اقبال اپنا خاندانی کاروبار سنبھالنا چاہتے تھے لیکن سلمان کے مشورے پر وہ اداکار بن گئے. 2019 میں فلم نوٹ بُک سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا جبکہ 2014 میں فلم ’جے ہو‘ میں سلمان خان کے ساتھ بطور اسسٹنٹ ڈائیریکٹر بھی کام کیا.
ظہیر کی بہن صنم رتنسی بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک مشہور اسٹائلسٹ ہیں۔ اس کے علاوہ ظہیر اشتہارات اور برانڈ انڈروزمنٹس میں بھی کام کرتے نظر آتے ہیں ان کی مجموعی دولت 102 کروڑ کے قریب ہے.