بھارتی سپراسٹار ثانیہ مرزا کو طلاق دیکر اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کرنے کے بعد پاکستان کے نامور کرکٹر شعیب ملک خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور میڈیا پر ان کے کچھ پرانے انٹرویوز بھی وائرل ہیں، ایسے ہی ایک کلپ میں شعیب ملک اپنی پسندیدہ اداکاراؤں کے بارے میں بات کررہے ہیں اور حیرت کی بات تو یہ ہے کہ ان میں ثناء جاوید کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
شعیب ملک کاندا یاسر کے شو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں شعیب کا کہنا تھا کہ مجھے اتنی ساری اداکارائیں پسند ہیں کہ آپ گنتی بھول جائیں گی۔شعیب ملک نے اپنی پسندیدہ اداکاراؤں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے ماہرہ خان، عائشہ عُمر، اُشنا شاہ، سونیا حسین، شائستہ لودھی، ماورا حسین، عروہ حسین اور مایا علی بہت پسند ہیں۔
شعیب اور ثناء کی شادی کے بعد مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ بتایا گیا تھا کہ شعیب ملک کی دوسری خواتین کے ساتھ دوستی تھی۔ثانیہ مرزا نے ایک عرصے تک اس معاملے کو نظر انداز کیا لیکن جب یہ سب اُن کی برداشت سے باہر ہوا تو اُنہوں نے شعیب ملک سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
ثانیہ مرزا کے والد نے بھی چند روز قبل سوشل میڈیا پیغام میں ثانیہ مرزا کی جانب سے خود طلاق لینے کی تصدیق کی تھی ۔