لوگ کہتے ہیں تمھاری منگنی تو ہوچکی۔۔ اسامہ خان کو شادی کے لئے لڑکی کیوں نہیں مل پارہی؟

image

اداکار اسامہ خان نے ایک دلچسپ شکایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی وہ اپنی شادی کے لیے لڑکی دیکھنے کا ارادہ کرتے ہیں، لوگ انہیں یہ کہہ کر روک دیتے ہیں کہ ان کی تو پہلے ہی زینب شبیر سے منگنی ہو چکی ہے۔

اسامہ خان نے حالیہ دنوں میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ایک سیگمنٹ کے دوران انہوں نے اپنی منگنی سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ وقت پہلے، ندا یاسر کے اسی شو میں پہلی بار ان کی منگنی کی بات چلی تھی اور وہیں سے یہ خبر وائرل ہوئی۔ اسامہ کے مطابق وہ اور زینب شبیر اس شو میں شریک تھے، جہاں ندا یاسر نے ان سے سوال کیا کہ ان کی عروسی لباس میں تصاویر گردش کر رہی ہیں، کیا ان کی منگنی ہو چکی ہے؟ پھر شو میں بریک آیا اور بریک کے بعد اس موضوع پر دوبارہ بات نہیں کی گئی، لیکن لوگوں نے سمجھ لیا کہ واقعی ان کی منگنی ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی اور زینب کی منگنی کی خبریں اس وقت مزید زور پکڑ گئیں جب ان کے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویر عروسی لباس میں وائرل ہو گئیں۔ پہلے تو شوبز کے لوگوں نے انہیں مبارکباد دی، پھر یہ افواہیں سوشل میڈیا پر بھی پھیل گئیں کہ ان کی منگنی اور بعد ازاں شادی ہو چکی ہے۔

اسامہ خان کا کہنا تھا کہ زینب شبیر کے ساتھ منگنی کی افواہیں بے بنیاد ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی ایسی کسی بات کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ افواہیں پھیلنے کے بعد جب ان کے گھر والے یا وہ خود اپنے لیے لڑکی دیکھنے نکلتے ہیں تو انہیں ہمیشہ یہ جواب ملتا ہے کہ ان کی تو پہلے سے ہی زینب شبیر سے منگنی ہو چکی ہے۔

اسامہ خان نے مزید واضح کیا کہ ان افواہوں سے نہ انہیں کوئی خاص فائدہ ہوا اور نہ ہی نقصان، لیکن یہ بات ضرور ہے کہ جب بھی وہ اپنی شادی کے لیے کوئی رشتہ دیکھتے ہیں، انہیں یہی سننے کو ملتا ہے کہ ان کی منگنی پہلے ہی ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ اسامہ خان اور زینب شبیر پہلے بھی متعدد مواقع پر اپنی منگنی اور شادی کی خبروں کی تردید کر چکے ہیں اور بتایا ہے کہ وہ صرف بہترین دوست ہیں۔ لوگوں نے ان کی شوٹنگ کی تصاویر کو دیکھ کر غلط فہمی کا شکار ہو کر افواہیں پھیلائیں۔

You May Also Like :
مزید