جب بھی گھر کی خوبصورتی کو بڑھانے کی بات آتی ہے تو زیادہ سے زیادہ یہی ذہن میں آتاہے کہ گھر میں رنگ و روغن کروالیا جائے۔ اکثر یہی سمجھاجاتا ہے کہ رنگ کروانے سے دیواروں میں ایک نئی جان سے آجاتی ہے۔ لیکن یہ سوچ غلط ہے، اکثر رنگ کروانے کے باوجود دیواریں پھیکی اور بے جان سی ہی لگتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ گھر کی خوبصورتی کو بڑھانے اور ان پھیکی دیواروں میں جان ڈالنے کیلئے گھر بیٹھے ہی کچھ طریقے اختیار کئے جاسکتے ہیں، وہ طریقے کیا ہیں، آئیے جانئے۔
کیلنڈر
:
دیواریں اگرسادہ ہیں تو اچھے سے کیلنڈرز ان میں ایک نئی جان سی ڈال سکتے ہیں۔ ایسے کیلنڈرکا انتخاب کریں، جن میں مختلف تصاویر بنی ہوئی ہوں، یا مختلف پینٹنگز ان پر بنائی گئی ہوں۔ ایسے پرانے کیلنڈرز جو بہت اچھے منظر یا پینٹنگز پر مشتمل ہوں، ان کیلنڈرز کو بھی فریم میں لگاکر گھر کی مختلف دیواروں پر لگالئے جائیں تو ان میں ایک جان سی محسوس ہونے لگتی ہیں۔
رسی، دھاگے سے تیار کردہ وال آرٹ
:
جوٹ، مکرامے یا دھاگے سے مختلف دیواروں پر لٹکانے والے وال آرٹ تیار کئے جاسکتے ہیں، انٹرنیٹ پر مختلف ڈوریوں کی مدد سے گھر پر ہی گھڑی تیار کرنا، مکرامے تیار کرنے کی ویڈیوز موجود ہیں۔ ان کا سائز بڑا رکھا جائے اور گھر پر اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ ان شاہکاروں کو ڈرائنگ روم یا بیڈ روم میں لگائیں اور ان کمروں کی دیواروں میں جان ڈالیں۔
رسائل و اخبارات
:
ہمارے گھروں میں مختلف جرائد، رسالے اور اخبارات روزانہ آتے ہیں، جو پڑھنے کے بعد بے کار پڑے رہ جاتے ہیں اور بعد میں انہیں ردی کے سپرد کردیاجاتاہے۔ جبکہ یہی رسالے اور اخبارات آپ کے بہت کام آسکتے ہیں۔ رسالوں اور اخبارات میں خوبصورت سے مناظر پر مشتمل تصاویر ہوتی ہیں، اسی طرح رسائل بھی مختلف پینٹنگز، مناظر یا تصاویر پر مشتمل ہوتے ہیں، اپنی پسندیدہ ڈشز یا شخصیت کی تصاویر، پینٹنگز اور مناظر کو رسائل و اخبارات سے کاٹ کر انہیں کسی گتے پر چپکالیں، پھر اسے فریم کرکے گھر کی دیواروں پر لگالیں۔
پُرانی تصاویر
:
گھر کی دیواروں میں نئی جان ڈالنے کیلئے پرانی تصاویر اہم کردار اداکرسکتی ہیں۔ دنیا سے گزر جانے والے رشتہ دار کی تصاویر، یا گھر والوں اور دوستوں کی تصاویر ہوں، یہ اگر دیواروں پر لگالی جائیں تو گھر کی بے جان دیواریں ان قیمتی رشتہ داروں کی تصاویر سے سجتی دکھائی دیں گی۔ گھر کی کسی دیوار پر ایک بڑا سا درخت پینٹ کریں اور اس کی ہر شاخ پر فیملی ممبر کی تصویر لگادیں، اس طرح پرانی تصاویر سے ایک ”فیملی ٹری“ تیارہوجائے گا۔ چاہیں تو ان پرانی تصاویر کو ایک بڑے فریم میں لگالیں، یا ایک فریم میں 4سے5چھوٹی تصاویر کو پن کی مدد سے لگالیں۔ یوں ان پرانی یادگار تصاویر کی مدد سے گھر کی بے جان دیواروں میں جان سی پڑتی ہوئی دکھائی دے گی۔