اداکاراؤں نے پہنے سفید ملبوسات۔۔۔۔ جانئے کس طرح سفید ملبوسات مختلف انداز سے پہنے جاسکتے ہیں!

image
کئی اداکارؤں کو سفید رنگ کے ملبوسات بہت پسند ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف مواقع پر یہ ملبوسات پہنتی دکھائی دیتی ہیں۔ سفید رنگ پہننے میں نفیس لگتا ہے اور گرمیوں میں یہ ٹھنڈا سا لگتا ہے اور آنکھوں کو بھاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اکثر خواتین اس رنگ کے ملبوسات پہنتی دکھائی دیتی ہیں۔ یہاں اس مضمون میں ہم آپ کو اداکاراؤں کے سفید پہناوے دکھارہے ہیں ،جس کی مدد سے آپ یہ جان سکتی ہیں کہ سفید ملبوسات کو کس طرح مختلف انداز میں پہنا جاسکتاہے۔

منال خان:

اداکارہ منال خان کی جانب سے پہنے جانے والے اس سفید لباس کو دیکھیں۔ انہوں نے چکن کاری کی قمیص کے ساتھ دھاگے کی ایمبرائڈری پیلے رنگ کا دوپٹہ پہنا ہوا ہے، جس پر رنگ برنگی ایمبرائڈری کی گئی ہے۔ اس انداز کے ساتھ کسی بھی مہندی کی تقریب میں بھی شرکت کی جاسکتی ہیں۔ قمیص کے گلے اور آستین پر سفید موتی لگے ہوئے ہیں، اس لئے اس کی میچنگ کو مدنظررکھتے ہوئے سفید اور ہرے رنگ کے موتیوں والے جھمکے اور بندیا پہن لی جائے۔ مہندی کی دلہن بھی اس روایتی ثقافتی لُک کو آزماسکتی ہیں، کیونکہ اس لُک کا فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا۔

ایمن خان:

اداکارہ ایمن خان کو دیکھیں جنہوں نے سفید قمیص کے ساتھ نارنجی رنگ کا دوپٹہ اوڑھا ہوا ہے۔ دوپٹے پر ستارے لگے ہوئے ہیں ،جبکہ کناروں پر کٹ ورک انداز میں لیس لگی ہوئی ہے۔ اگر خواتین کے پاس سفید قمیص شلوار ہے اور وہ اسے نئے انداز سے پہننا چاہتی ہیں تو کسی بھی رنگ کے نیٹ کے دوپٹے کے ساتھ وہ اپنے سوٹ کو پہن لیں، اس طرح وہ مختلف نظر آئیں گی۔ اگر کسی شادی کی تقریب میں اس انداز کو اختیار کرنا ہے تو پھر جھمکے اور بندیا لگالیں، ساتھ ہی جوڑا بنواکر اس پر پھول لگوالیں اور ہاتھوں میں گجرے پہن لیں۔ تیاری مکمل ہے۔

ماہرہ خان:

اداکارہ ماہرہ خان کو دیکھیں، جنہوں نے چکن کی سفید شرٹ کے ساتھ سادہ غرارہ پہنا ہوا ہے اور ساتھ ہی شیفون کا دوپٹہ جس پر جابجا کڑھائی کی گئی ہے۔ اگر آپ کے پاس چکن کا کوئی سوٹ موجود ہے تو اس کی قمیض کے ساتھ غرارہ پہن لیں۔ اس طرح بھی سفید سادے چکن کے سوٹ کو مختلف انداز میں پہنا جاسکتاہے۔ ماہرہ نے لُک کو مکمل کرنے کیلئے چاند بالیاں اور نیکلس پہنا ہوا ہے۔ ساتھ ہی انہوں سے سائیڈ کی مانگ نکال کر، ایک سائیڈ سے بالوں کو آگے کی جانب نکال کر کھول دئیے ہیں۔ اس انداز کے ساتھ کسی بھی دن کی تقریب میں شرکت کی جاسکتی ہے۔

ثنا جاوید:

اداکارہ ثنا جاوید نے خوبصورت سی کاٹن لان کی لمبی فراک پہن رکھی ہے، جس میں کوٹی اسٹائل میں نیلے نقطے پرنٹ کئے گئے ہیں، ساتھ ہی فراک کے بارڈر، آستینوں اور دوپٹے پر نیلے اور کالے رنگ کی بلاک پرنٹنگ کی گئی ہے۔ یہ فراک دن کی کسی بھی تقریب کیلئے بہترین انتخاب ہے، فراک کے ساتھ چوڑی دار پاجامہ اور روایتی کھسے پہن لیں، جیولری زیادہ بھاری نہ پہنیں، بس کانوں میں کالے رنگ کے پھول نما ٹاپس پہن لیں اور کسی بھی تقریب میں شرکت کرلیں۔

سجل علی:

سجل توکئی مواقع پر سفید سوٹ پہنے ہوئی دکھائی دی ہیں۔ اگر کسی ٹین ایج لڑکی کو شادی کی کسی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے سوٹ کا انتخاب کرناہے تو وہ سجل کی طرح کی فراک پہن لیں۔ اس فراک کی آستینوں پر سفید موتیوں اور نگینے کا کام کیاگیا ہے۔ جبکہ آستین فٹنگ والی ہے۔اس انداز کی فراک کو پہن کر ٹین ایج لڑکیاں بہت خوبصورت نظر آسکتی ہیں، کیونکہ پہناوہ اور اسے پہننے کا انداز سادہ سے ہے جو ٹین ایج لڑکیوں پر بہت جچے گا۔

عائزہ خان:

عائزہ خان نے نکاح کا لُک اختیار کررکھاہے، وہ لڑکیاں جو اپنے نکاح یا اپنے بہن بھائی کے نکاح میں سفید سوٹ پہننا چاہتی ہیں،وہ اس انداز کا سوٹ پہن لیں۔ نکاح کی دلہن اسی انداز سے دو دوپٹے لیں تو اچھی لگیں گی۔ ایک دوپٹہ جس پر کرن لیس لگی ہو اسے سر پر اوڑھ لیں، جبکہ دوسرا لال رنگ کا دوپٹہ جس کے کناروں اور درمیان میں ستارے لگے ہوں، وہ کندھے پر سیٹ کروالیں۔ سفید قمیض کے درمیان میں بڑے نگ والی بٹن پٹی کو لگایا گیا ہے جبکہ سوٹ پر سلور بلاک پرنٹنگ کی گئی ہے تاکہ سوٹ کی خوبصورتی مزید بڑھ جائے۔سوٹ کے ساتھ پیچ یا گلابی رنگ کی لپ اسٹک لگائیں، چاہیں تو چھوٹی سی سفید موتیوں والی بندیا پہن لیں اور لُک کو مکمل کرلیں۔

You May Also Like :
مزید