سورۂ اَلَمْ نَشْرَحْ بنیادی معلومات

قرآنِ پاک میں انسان کا خدا کی بارگاہ میں مقام ، اس کی خوبیاں ، خامیاں ، مثبت ومنفی پہلو ، طاقت و کمزوری نیز طاقت کے درست استعمال اور کمزوریوں سے نجات کے طریقے بڑے خوبصورت انداز میں بیان کئے گئے ہیں۔ قرآن میں تفکر و تدبر کرنے والےکے لئے یہ سب تفصیل بہت دلچسپ بھی ہے اور مفید بھی ۔آئیے ہم سورۃ الم نشرح کی برکتوں سے مستفید ہونے کی سعادت حاصل کرتے ہیں ۔
مقامِ نزول:
سورۂ اَلَمْ نَشْرَحْ مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیرسورۃ الم نشرح،۴/۳۸۸)
رکوع اور آیات کی تعداد: اس سورت میں 1رکوع ، 8آیتیں ہیں ۔
’’ اَلَمْ نَشْرَحْ ‘‘ نام رکھنے کی وجہ : اس سورت کے تین نام ہیں (1)سورۂ شرح۔(2)سورۂ اِنشراح۔(3)سورۂ اَلَمْ نَشْرَحْ ، اور یہ تینوں نام اس سورت کی پہلی آیت سے ماخوذ ہیں ۔
سورۂ اَلَمْ نَشْرَحْ کے مضامین: اس سورت کامرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں تاجدارِ رسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی شخصیت اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی سیرتِ مبارکہ پر کلام کیا گیا ہے اور اس میں یہ مَضامین بیان ہوئے ہیں ۔(1)…اس سورت کی ابتداء میں سیّد المرسَلین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کو عطا کی گئی نعمتیں بیان کی گئیں کہ اللّٰہ تعالیٰ نے آپ کی خاطر ہدایت ، معرفت،نصیحت، نبوت اور علم وحکمت کے لئے آپ کے سینۂ اَقدس کو کشادہ اور وسیع کر دیا اور شفاعت قبول کئے جانے والا بنا کر آپ کے اوپر سے امت کے گناہوں کے غم کا وہ بوجھ دور کردیا جس نے آپ کی پیٹھ توڑی تھی اور آپ کی خاطر آپ کا ذکر بلند کردیا۔
(2)…مشکلات و مَصائب کے بعد آسانیاں عطا کرنے کا وعدہ فرمایا گیا۔
(3)…اس سورت کے آخر میں نماز سے فارغ ہونے کے بعدآپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کوآخرت کے لئے دعا
کرنے اور اللّٰہ تعالیٰ پر توکُّل کرتے رہنے کا حکم دیاگیا ۔
(مستفاد از صراط الجنان)
اے پیارے اللہ :ہمیں کلام مجید سے خوب خوب برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطافرما۔آمین

DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 380 Articles with 542494 views i am scholar.serve the humainbeing... View More