کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں کھیلوں کے مقابلہ جات

 اس حقیقت سے انکار ناممکن ہے کہ کھیل بچوں کی بہتر نشوونما میں معاون ہونے کے ساتھ اُنکی کی کردار سازی اور نفسیاتی تربیت میں بھی مدد گار ثابت ہوتے ہیں، تین دہائیاں پہلے وطن عزیز پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مختلف قسم کے کھیل اور صحت مندانہ سرگرمیاں باقاعدگی سے کروائی جاتی تھیں تاکہ بچوں کو صحت مند بنا کر مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے ، بعد ازاں یہ سلسلہ ویسے نہیں چلایا گیا جیسے پہلے ہوتا تھا ،یہ بھی حقیقت ہے کہ صحت مند بچے ہی تعلیمی میدان میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، موبائل ، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور انڈور گیمز کھیلنے والے اور خاص طور پرایسے پرائیویٹ ادارے جن کی محدود رقبہ پر عمارت قائم ہوتی ہے وہاں طلبہ کے درمیان کھیلوں کے بڑے مقابلے نہ ہونے کے برابر ہیں جسکی وجہ سے طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع نہیں ملتا ،وطن عزیز پاکستان میں بیس کے قریب کیڈٹ کالج طلبہ کی ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے کے لیے تعلیم وتدریس کے ساتھ ہم نصابی اور کھیلوں پر خصوصی توجہ دیتے ہیں جس سے طلبہ میں نظم وضبط کے ساتھ جیت اور ہار کو بہتر انداز میں منانے کا سلیقہ آتا ہے ،میچ ہارنے والی ٹیم کے ممبران جیتنے والی ٹیم کے ممبران کو مبارک باد دیتے ہیں اور ہارنے والی ٹیم کے ممبران ایک نئے جذبے کے ساتھ آئندہ جیت کے لیے مزید تیاری کرتے ہیں ، گزشتہ روز کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں چھ روزہ کھیلوں کے سالانہ مقابلہ جات منعقد ہوئے راقم الحروف کو اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی بنائے جانے کا کارڈ ادارہ کے پرنسپل وسٹاف کی جانب سے موصول ہوا ،کیڈٹ کالج اوکاڑہ تقریباََ گیارہ سال سے مکمل طور پر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے جسکی تعمیر میں سابق وزیر دفاع مرحوم راؤ سکندر اقبال کا بڑا اہم کردار رہا کالج کے پہلے ڈائریکٹر مرحوم پروفیسرراؤ ظفر اقبال نے اس کی تعمیر کے دوران سول سوسائٹی ، میڈیا کو ہر موقع پر بریفنگ دینے کا سلسلہ جاری رکھا تھا جس کی وجہ سے کیڈٹ کالج اوکاڑہ ایک وقت میں دانش سکول میں تبدیل ہونے سے محفوظ رہا اور اوکاڑہ میں کیڈٹ کالج باقاعدہ فعال ہو گیا تھا، سانچ کے قارئین کرام !راقم الحروف سالانہ سپورٹس کے مقابلہ جات کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مقررہ وقت پر کالج پہنچا تو فٹ بال گراؤنڈ کے گیٹ پر پرنسپل پروفیسر عامر رؤف ، وائس پرنسپل لیاقت علی ، پبلک ریلیشن آفیسر نجیب الحق تابش کو اپنا منتظر پایا ، انتہائی پرتپاک انداز میں اساتذہ اور طلبہ نے استقبال کیا جس کو ہمیشہ اپنی زندگی میں یاد رکھوں گا ، پرنسپل عامر رؤف نے راقم الحروف (محمد مظہررشید چودھری ) کو بتایا کہ چھ روز سے جاری سالانہ سپورٹس انٹر ہاؤس مقابلہ جات میں طلبہ نے اپنی بھر پورصلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ، آخری دن رسہ کشی کے مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں جس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب میں کامیاب طلبہ (کھلاڑیوں) کو میڈل اور مجموعی طور پر بہتر کارکردگی دیکھانے والے ہاؤس کو ٹرافی جبکہ رنر اپ کو بھی ٹرافی دی جائے گی، انہوں نے مزید بتایا کہ چھ روزہ مقابلہ جات میں ہر روز مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو مدعو کیا گیا تاکہ طالب علموں کو مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے سے آگہی ملے اور وہ سمجھ سکیں کہ صرف ڈاکٹر یا انجینئر بن کر ہی ملک وقوم کی خدمت اور اپنا نام روشن نہیں کیا جاسکتا بلکہ دیگر شعبے جن میں سول سرونٹس ، وکلاء ، کھلاڑی ، صحافی ، استاد بھی اپنی محنت اور جذبہ سے اپنا ایک الگ مقام پاسکتے ہیں، پرنسپل نے مزید بتایاکہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال کی سیکرٹری رابعہ اختر،طاہر شریف گجر (ڈپٹی سیکریٹری پنجاب ہاکی فیڈریشن اور سیکریٹری انجمن تاجران اوکاڑہ) ، اسلم بلوچ (صدر ڈسٹرکٹ ہاکی فیڈریشن اوکاڑہ) نے مختلف دنوں میں طلبہ کے مقابلہ جات دیکھے ہیں ،سانچ کے قارئین کرام ! چھ روزہ کھیلوں کے مقابلہ جات میں کرکٹ،ہاکی،فٹ بال،والی بال ، باسکٹ بال، ایتھلیٹکس میں طلبہ نے بھر پور حصہ لیا ،پرنسپل پروفیسرعامر رؤف ، وائس پرنسپل پروفیسر لیاقت علی نے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی راقم الحروف (جرنلسٹ / صدر سماجی تنظیم ’ماڈا ‘ محمد مظہررشید چودھری) کاتعارف سپورٹس ایڈیجوٹینٹ کیپٹن عزیز ، سپورٹس آفیسر صدام حسین ،پبلک ریلیشن آفیسر نجیب الحق تابش سمیت اساتذہ سے کروایا ،کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں تین خواتین سمیت سینتیس اساتذہ پانچ سو بیس سے زائد کیڈٹس کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں ،انٹرہاؤس کرکٹ چیمپئن شپ ، فٹ بال اور ایتھلیٹکس میں سکندر ہاؤس نے کامیابی حاصل کی جبکہ باسکٹ بال اقبال ہاؤس ،ہاکی جوہر ہاؤس اور والی بال میں جناح ہاؤس نے جیت اپنے نام کی ، تقسیم انعامات کی رنگا رنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی راقم الحروف (محمد مظہررشید چودھری) نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلہ جات طلبہ کے لیے انتہائی ضروری ہیں ، کھیلوں سے ٹیم ورک اور سپورٹس مین اسپرٹ جیسی اہم زندگی کی مہارتیں سیکھنے کا موقع ملتاہے ،پرنسپل پروفیسرعامر رؤف نے اس موقع پر کہا کہ کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں ہر سال کھیلوں کے مقابلے منعقد کرواتے ہیں تاکہ طلبہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اُنکی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع ملے ،تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاتا جوکہ طلبہ کی شخصیت کی نشوونما کے لیے اہم ہے، بعدازاں مہمان خصوصی نے پرنسپل پروفیسرعامر رؤف کے ہمراہ سپورٹس مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو گولڈ ، سلور اور براؤن میڈلز پہنائے جبکہ سکندر ہاؤس کو شاندار کارکردگی پر ٹرافی دی گئی ٭



 

Muhammad Mazhar Rasheed
About the Author: Muhammad Mazhar Rasheed Read More Articles by Muhammad Mazhar Rasheed: 88 Articles with 75574 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.