اسلام میں پردہ کی اہمیت و فضیلت

اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور شرم و حیا کا درس دیتا ہے،ہر انسان کو اپنے حقوق اسلام نے دیئے،عورت ،مرد،بچہ ،بوڑھا،جوان سب کو اس کی حیثیت کے مطابق حقوق دیئے، دین اسلام فطری دین ہے اس میں حیا کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے، اﷲ رب العزت پردہ کی اہمیت بیان فرماتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں اور اپنے گھروں میں ٹھہری رہو اوربے پردہ نہ ہو، جیسے اگلی جاہلیت کی بے پردگی(کنزالایمان، الاحزاب،33)اسی طرح اﷲ جل شانہُ نبی کریم ﷺ کو مخاطب کرکے فرماتے ہیں اے نبی اپنی بیویوں،صاحبزادیوں اورمسلمانوں کی عورتوں سے فرمادو کہ اپنی چادروں کا ایک حصہ اپنے منہ پر ڈالے رہیں،یہ اس سے نزدیک تر ہے کہ اس کی پہچان ہو، تو ستائی نہ جائیں اور اﷲ بخشنے والا مہربان ہے(کنزالایمان،الاحزاب:59) ارشاد نبوی ﷺ ہے’’حیا ایمان کا حصہ ہے‘‘ نبی اکرم ﷺنے فرمایا کہ ہر دین کی ایک خصوصیت ہوتی ہے اور اسلام میں خصوصیت ’’حیا‘‘ ہے ۔ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے مسلمان مردوں سے کہہ دیجئے کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں(سورہ نور 30)اس آیت کریمہ سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اسلام میں مرد کو بھی اپنی حدود و قیود میں رہنے کی طرف اشار ہ کیا گیا ہے اور لازم قرار دیا ہے کہ مرد بھی خواتین کی عزت و احترام کا خیال رکھتے ہوئے اپنی نظریں جھکائے رکھیں تا کہ گناہوں سے بچ سکیں قرآن مجید میں مختلف جگہوں پر کئی مرتبہ پردے کا حکم آیا ہے، سورہ الاحزاب میں’’عورت کو سر سے پاؤں تک پردہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے‘‘پردے کے متعلق حدیث پاک میں ہے کہ حضرت عبداﷲ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ’’عورت پردہ میں رہنے کی چیز ہے‘‘ کیونکہ جب وہ باہر نکلتی ہے تو شیطان اسے تلاش کرتا ہے۔ ( ترمذی شریف جلد نمبر 1 حدیث نمبر 1181)حضرت عائشہ بیان کرتی ہیں اگر رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم عورتوں کے اس بناؤ سنگھار کو دیکھ لیتے جو اب عورتوں نے ایجاد کر لیا ہے تو ان کو (مساجد میں نماز پڑھنے سے) اسی طرح منع فرمادیتے جس بنی اسرائیل کی عورتوں کو مساجد میں نماز پڑھنے سے منع کر دیا گیا تھا۔(تبیان القرآن بحوالہ مسلم شریف)اسلام تو اتنا پاکیزہ اور صاف ستھرا مذہب ہے کہ یہ اپنے ماننے والوں کو نظر تک نیچے رکھنے کا حکم دیتا ہے۔ جیساکہ اﷲ تبارک وتعالیٰ کا فرمان عالیشان ہے’’مسلمان مردوں کو حکم دو کہ وہ اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں یہ ان کے لیے بہت ستھرا ہے، بے شک اﷲ کو ان کے کاموں کی خبر ہے، اور مسلمان عورتوں کو حکم دو اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں اور اپنی پارسائی کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤ نہ دکھائیں مگر جتنا خود ظاہر ہو اور دوپٹے اپنے گریبانوں پر ڈالے رہیں اور اپنا سنگھار ظاہر نہ کریں مگر اپنے شوہروں پر الخ(کنزالایمان، النور )مذکورہ آیت اس امر کی نشاندہی کررہی ہے کہ بدنگاہی اور بدنظری ہی زناکی پہلی سیڑھی ہے اسی کی بدولت فحش کاریوں کے دروازے کھلے چلے جاتے ہیں، بدنگاہی اور بے پردگی کے سبب اپنی دنیا وآخرت دونوں برباد کرلیتے ہیں۔اسی بدکاری کی روک تھام کے لیے قرآن کریم نے بدنظری پر حرمت کی مہر لگادی۔اسی طرح پردہ کی اہمیت وافادیت پر بے شمار احادیث موجود ہیں ایک مرتبہ حضرت حفصہ بنت عبد الرحمن رضی اﷲ عنہا باریک دوپٹہ اوڑھے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوئیں تو آپ نے ان کے دوپٹہ کو چاک کردیا اور فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ نے سورہ نورمیں کیا فرمایا ہے اور اس تنبیہ کے بعد ایک اور چادر منگواکر حضرت حفصہ رضی اﷲ عنہا کو عنایت فرمائی،اسی طرح ایک دفعہ حضرت ام سلمہ اور حضرت میمونہ رضی اﷲ عنہا حضورﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر تھیں کہ حضرت عبد الرحمن ابن ام مکتوم رضی اﷲ عنہ نابینا آگئے، حضورﷺنے پردہ کا حکم دیا تو انھوں نے کہا وہ تو نابینا ہیں (یعنی وہ نہ ہمیں دیکھ سکتے ہیں اور نہ پہچان سکتے ہیں)آپ ﷺ نے فرمایاتم تو نابینا نہیں ہونا(ترمذی شریف)حضرت عبداﷲ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲﷺ نے فرمایا کہ عورت کا کمرہ میں نماز پڑھنا گھر (آنگن) میں نماز پڑھنے سے بہتر ہے اور (اندرونی) کوٹھڑی میں نماز پڑھنا کمرہ میں نماز پڑھنے سے بہتر ہے( سنن ابو داؤد، جلد نمبر اول، حدیث نمبر 567) یعنی عورت جس قدر بھی پردہ کرے گی اسی قدر بہتر ہے، صحن میں نماز پڑھنے کے مقابلہ میں کمرہ میں نماز پڑھنا افضل ہے اور کمرہ میں نماز پڑھنے کے مقابلہ میں کمرہ کے اندر بنی ہوئی کوٹھڑی میں نماز پڑھنا زیادہ افضل ہے’’حیا ِ‘‘عورت کا زیور ہے اس کا مکمل اہتمام عورت کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے پردہ عورت کو شیطان اور شیطان کے چیلوں سے بچانے اور تحفظ کا مکمل حصار فراہم کرتا ہے اسلامی معاشرے میں عورت پردے میں رہ کر تعلیم بھی حاصل کر رہی ہے کاروبار بھی کر رہی ہیں اور قوم کی خدمت احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے، مسلم خواتین پائلٹ ڈاکٹرز انجینئرز اور زندگی کے تمام شعبہ جات میں محفوظ طریقے سے اپنا کردار نبھا رہی ہیں یہی اسلامی معاشرے کا حسن ہے عورت کا پردے سے باہر ہونا مر د و زن دونوں کو گناہ کی طرف مائل کرنا ہے جس سے نہ صرف رشتوں کا تقدس پامال ہوتا ہے بلکہ معاشرتی بدحالی کا بھی موجب بنتا ہے، عورت کے پر دہ کو اس قدر لازمی قراردیا گیا ہے کہ اس کیلئے عبادت بھی پردہ کے بغیر اور بے پردہ جگہ پر کرنا منع فرمایا گیا ہے۔ہم ایک اسلامی ملک کے باشندے ہیں دائرہ اسلام میں رہتے ہوئے ہم سب پر اسلامی قوانین کا نفاذ ہوتا ہے،ہمارے معاشرے میں مغربی رسم و رواج کو اپنانا فیشن بن چکا ہے،ہماری شادیوں میں سنتوں کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں اور رسم و رواج کو فروغ دیتے ہیں ناچ گانے و دیگر لغویات میں ہم مشغول ہو جاتے ہیں، ہم اپنی اقدار کو بھول کر یا چھوڑ کر مغربی اقدار کو اپنانے کو اپنا اسٹیٹس سمجھتے ہیں اغیار کے رسم و رواج کو اپنا کر ہم دین اسلام سے منحرف ہو رہے ہیں، جس کے بھیانک نتائج ہمارے سامنے ہیں، بچیوں کے ساتھ زیادتی اور ان کی بڑھتی ہوئی تعداد اس کا منہ بولتا ثبوت ہے،مذکورہ احادیث کریمہ سے پردہ کی اہمیت و افادیت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پردہ خواتین کے لیے کس حد تک ضروری ہے، بلکہ ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے پردے کا ماحول از حد ضروری ہے، یہ پردہ اور حیاہی انسان کو معزز بناتا ہے، ان کا فقدان عزت وعظمت کا جنازہ نکال دیتاہے اور آج کے اس پر فتن دور میں مغربی تہذیب و تمدن نے اورا نداز اور لباس کی ایسی شکل ہے کہ لباس کا مقصد ہی فوت ہوکر رہ گیا ہے، بہت سی خواتین لباس پہن کر بھی ننگی معلوم ہوتی ہیں آج جس قدر برائیوں، معاشرتی خرابیوں اور بدکاریوں کے سیاہ بادل معاشرہ انسانی اور تمدنی زندگی چھائے ہوئے ہیں یہ سب بے پردگی اور فیشن زدہ عریانی کی دین ہے۔مسلمانوں کی پستی اور تنزلی کے اسباب میں سے ایک سبب مسلم خواتین کا فحاشی و عریانی کو رواج دینا ہے۔ان سے روگردانی ہی کو تو گناہ کہا گیا ہے کون مسلمان ہوگا جو یہ نہیں مانتا کہ اسلام میں پردے کی اہمیت واضح کی گئی ہے۔بحیثیت مسلمان ہم سب یہ تسلیم تو کرتے ہیں لیکن اس پر عمل کو ضروری نہیں سمجھا جاتا۔ آج سے کچھ عرصہ پہلے تو پردے کا یہ عالم تھا کہ خواتین تو کیا مرد بھی سر پر پگڑی یا ٹوپی لازمی پہنتے تھے اور ایسا نہ کرنا گناہ اور بے ادبی سمجھا جاتا تھا اب کیا ہوا کہ مرد و عورت دونوں سر ڈھانپنے اور پردہ کرنے کو ضروری نہیں سمجھتے بلکہ ایسا کرنے والوں کو دقیانوسی اور غیر مہذب سمجھا جاتا ہے۔معاشرے کی بہتری اور اسلام کی سربلندی کیلئے ہم سب کو اپنی اپنی جگہ پر اپنا کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے والدین بچوں کے لباس اور گفتگو پر خصوصی توجہ دیں اﷲ سے دعا ہے کے اﷲ کریم ہمیں صحیح معنوں میں اسلام کے مطابق زندگی گزارنے، اسلامی اقدار کو اپناتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنیکی توفیق عطا فرمائے۔ آمین


 

Salman Usmani
About the Author: Salman Usmani Read More Articles by Salman Usmani: 182 Articles with 187427 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.