ایشیائی سرمائی کھیلوں کا میدان سج گیا

چین کے شمال مشرقی صوبہ ہیلونگ جیانگ کا دارالحکومت ہاربین ، نویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کی مناسبت سے اس وقت اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے ایک مقبول مقام بن گیا ہے۔ یہ "آئس سٹی" موسم سرما کے کھیلوں کے ایونٹ کے لئے بڑھتے ہوئے جوش و خروش کو عمدگی سے مزید تقویت دے رہا ہے۔جیسے ہی ہاربین میں رات ہوتی ہے، اسپرنگ فیسٹیول کی مناسبت سے دکھائی جانے والی رنگ برنگی لالٹینیں روشن ہو جاتی ہیں، جس سے لوگوں کو اس خوشی کے لمحے کو ریکارڈ کرنے کے لئے تصاویر لینے کی ترغیب ملتی ہے۔

نویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کے حوالے سے ہاربین کا ہوائی اڈہ ایشیا بھر سے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کا پرتپاک استقبال کر رہا ہے ۔ ہاربین تائی پنگ بین الاقوامی ہوائی اڈے نے رش سے بچنے کے لئے کسٹم کلیئرنس کے طریقہ کار کو ہموار کیا ہے۔ مصروف ترین اوقات میں 12 دستی چینلز اور 8 ایکسپریس لینز بشمول وفود کے لئے وقف چار ٹرینیں فعال ہیں تاکہ ہموار اور موثر داخلے کو یقینی بنایا جاسکے۔

جنوبی کوریا، جاپان، سنگاپور، بھارت، فلپائن اور دیگر ممالک کے وفود پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔وفود کی آمد کا بہتر انتظام کرنے کے لئے، عملے نے جدید معائنہ آلات تعینات کیے، سامان کی اسکیننگ اور کلیئرنس اوسطاً چھ سیکنڈ میں مکمل کی جا سکتی ہے.اسی طرح حکام کی جانب سے آل ان ون اسمارٹ ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں، جو مترجم، ایڈجسٹ ایبل ویریفکیشن ڈیسک اور بائیو میٹرک سسٹم کے افعال کو مربوط کرتی ہیں، تاکہ تمام شرکاء کے لئے تیز اور موثر کلیئرنس کو یقینی بنایا جا سکے۔ایک اندازے کے مطابق گیمز میں شریک 5 ہزار افراد کے ہاربین ہوائی اڈے سے گزرنے کی توقع ہے۔

یہ گیمز مقابلے کے میدان کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے پورے خطے میں ثقافتی اور کھیلوں کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔نویں ایشیائی سرمائی کھیل 7 سے 14 فروری تک منعقد ہوں گے۔ ان گیمز میں 6 کھیلوں کے 11 ڈسپلنز اور 64 ایونٹس کھیلے جائیں گے۔ 1996 میں ہاربین اور 2007 میں جی لین کے صوبائی دارالحکومت چانگ چن میں ہونے والے مقابلوں کے بعد یہ تیسرا موقع ہے جب ان کھیلوں کی میزبانی چین میں کی جائے گی۔

وسیع تناظر میں بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کے بعد سے ، چین بھر میں موسم سرما کے کھیلوں کے لئے مستقل جوش دیکھا جا رہا ہے۔ برفیلے موسم کی آمد اور ہاربین میں نویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کے تناظر میں ،ہاربین شہر سمیت شمال مشرقی چین کے دیگر علاقے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں اور موسم سرما کے کھیلوں کے شوقین افراد کے لئے سرفہرست مقامات بن گئے ہیں۔

چین کے صدر شی جن پھنگ نے ستمبر 2023 میں صوبہ ہیلونگ جیانگ میں اپنے معائنے کے دوران کہا تھا کہ منفرد ثقافتی خصوصیات کے ساتھ سیاحت کو بھرپور طریقے سے فروغ دیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موسم سرما کی معیشت کو ترقی کے ایک نئے ذریعہ کے طور پر فروغ دیا جائے ، آئس اینڈ اسنو سے متعلق کھیلوں ، ثقافت ، سازوسامان اور سیاحت کی مجموعی ترقی کو فروغ دیا جائے۔ صدر شی جن پھنگ کی ان ہدایات پر موئثر انداز سے عمل درآمد کیا گیا ہے اور آج سرمائی گیمز ملکی معیشت کی ترقی کا ایک اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔

چائنا ٹورازم اکیڈمی کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 2023 سے 2024 تک کے موسم سرما کے سیزن میں صرف ہاربین شہر میں 87 ملین سے زائد افراد نے دورہ کیا جو سال بہ سال 300 فیصد اضافہ ہے۔ شہر نے 124.8 بلین یوآن (17 بلین ڈالر سے زیادہ) کی سیاحت کی آمدنی بھی حاصل کی ، جو سال بہ سال میں 500 فیصد اضافہ ہے۔اس کے علاوہ، کھیلوں کے سامان فروخت کرنے والی مقامی کمپنیوں نے آرڈرز اور فروخت میں بھی بھرپور اضافہ دیکھا ہے۔

دسمبر 2024 میں ، مرکزی سرکردہ گروپ برائے مربوط علاقائی ترقی کے دفتر نے "شمال مشرقی چین میں آئس اینڈ اسنو معیشت کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے اور جامع احیاء میں نئی کامیابیوں کے حصول کے لئے عمل درآمد منصوبہ" جاری کیا تھا ، جو شمال مشرقی چین میں احیاء کے نئے ڈرائیور کے طور پر آئس اینڈ اسنو کی معیشت کو فروغ دینے کے لئے ایک مخصوص خاکہ فراہم کرتا ہے۔یہ توقع بھی کی جا رہی ہے کہ ہاربین میں سیاحت اور ایشیائی سرمائی کھیلوں کے فروغ سے شمال مشرقی چین جو، اندرون منگولیا خود اختیار علاقے ، لیاؤننگ ، جی لین اور ہیلونگ جیانگ صوبوں پر مشتمل ہے، میں جامع احیاء کی کوششوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔


 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1402 Articles with 685079 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More