کھیلوں کے فنڈز: ترقی یا مخصوص مفادات؟



پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سالانہ اربوں روپے جاری کیے جاتے ہیں، لیکن یہ رقم واقعی کھلاڑیوں تک پہنچتی ہے یا نہیں، یہ ایک بڑا سوال ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) ہر سال مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز، صوبائی اسپورٹس بورڈز اور مخصوص منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کرتا ہے۔ لیکن کیا ان فنڈز کا صحیح استعمال ہوتا ہے یا مخصوص افراد اور ادارے اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں؟ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 2019 سے 2024 کے دوران کئی فیڈریشنز کو کروڑوں روپے جاری کیے۔ جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 59 کروڑ 15 لاکھ روپے جبکہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کو 69 کروڑ 25 لاکھ روپے اسی طرح پاکستان فٹبال فیڈریشن کو 35 کروڑ روپے جاری کئے گئے

لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ رقم واقعی کھلاڑیوں پر خرچ کی گئی؟ کیونکہ بیشتر کھلاڑی اب بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، اور کئی کھیلوں کے لیے فنڈز یا تو محدود ہیں یا پھر ان کا استعمال مشکوک ہے۔کیا بنوں اور لکی مروت کی فٹبال ٹیموں کو وفاقی فنڈز مل سکتے ہیں؟بنوں اور لکی مروت جیسے علاقے فٹبال کے حوالے سے انتہائی زرخیز ہیں، لیکن وہاں کے کھلاڑیوں کو اب تک کسی بڑی وفاقی امداد کا فائدہ نہیں ملا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو تو سالانہ بجٹ میں کروڑوں روپے دیے گئے، مگر کیا ان میں سے کوئی حصہ ان علاقوں میں کھیلوں کے فروغ پر خرچ ہوا؟

دوسرا سب سے بڑا سوال یہاں پیدا ہوتا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کو پاکستان سپورٹس بورڈ مانتی ہے اگر مانتی ہے تو پھر دیگر کھیلوں سے وابستہ ڈسٹرکٹ کی ٹیمیں پاکستان سپورٹس بورڈ سے براہ راست فنڈنگ کیلئے رابطے کرسکتی ہیں.اصولی طور پر، اگر خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ یا متعلقہ ضلعی فٹبال ایسوسی ایشنز پاکستان اسپورٹس بورڈ سے فنڈنگ کے لیے باضابطہ درخواست دیں، تو انہیں پی ایس بی سے امداد مل سکتی ہے۔ لیکن عملی طور پر، زیادہ تر فنڈز مرکزی فیڈریشنز کے ذریعے ہی خرچ کیے جاتے ہیں، اور ان کا حساب کتاب غیر شفاف ہوتا ہے۔بنوں اور لکی مروت جیسے علاقوں میں فٹبال کے فروغ کے لیے وفاقی سطح پر فنڈنگ کا حصول ممکن ہے، لیکن اس کے لیے ایک واضح حکمت عملی، مضبوط لابنگ اور شفافیت درکار ہوگی۔ اگر پی ایس بی سے فنڈنگ حاصل کرنی ہے، تو:

خیبر پختونخوا فٹبال ایسوسی ایشن کو وفاق سے براہ راست مطالبہ کرنا ہوگا۔مقامی ٹیموں کے کوچز اور کھلاڑیوں کو شفاف رپورٹنگ اور میڈیا کمپین کے ذریعے اپنی آواز اٹھانی ہوگی۔فٹ بال فیڈریشن کے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ کرنا ہوگا تاکہ معلوم ہو کہ کیا واقعی پسماندہ علاقوں کے کھلاڑیوں کو حق مل رہا ہے یا نہیں۔اگر یہ اقدامات نہ کیے گئے، تو خدشہ ہے کہ بنوں اور لکی مروت جیسے علاقوں کے نوجوان کھلاڑی ہمیشہ کی طرح نظر انداز ہوتے رہیں گے، اور وفاقی فنڈز صرف مخصوص افراد اور اداروں تک محدود رہیں گے
#kikxnow #digitalcreator #sportnews #mojo #psb #pakistan #bannu #lakkimarwat #football
Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 674 Articles with 551992 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More