بچوں میں تخلیقی سوچ کیسے پیدا کریں؟
(Dr-Muhammad Saleem Afaqi, Peshawar)
تحریر: ڈاکٹر محمد سلیم آفاقی بچوں میں تخلیقی سوچ کیسے پیدا کریں؟
در حقیقت تخلیقی سوچ بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کا وہ جامع پہلو ہے جو انہیں نئی چیزیں سوچنے اور مسائل کا حل تلاش کرنے کی مہارت پیدا کرتا ہے۔ یہ صلاحیت والدین اور اساتذہ کی محنت سے پروان چڑھتی ہے تاکہ بچے زندگی میں کامیاب اور خوشحال بن سکیں۔ بچوں کو آزادانہ سوچنے دیں۔ انہیں اپنی رائے دینے اور تجربہ کرنے کی مکمل آزادی دیں۔ جب بچے غلطیاں کرتے ہیں اور ان سے سیکھتے ہیں تو ان کی سوچ میں وسعت ہیدا ہوتی ہے۔ خیالات میں جدت آ تی ہے اور زندگی میں نکھار آ تا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر اچھی کوشش پر بچوں کی تعریف کریں، چاہے وہ چھوٹا سا خیال ہی کیوں نہ ہو۔ حوصلہ افزائی بچوں کو نئے تجربات کرنے کی ہمت دیتی ہے اور ان کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ اس سلسلے میں پوسٹر کا مقابلہ ،پینٹنگ، کہانی سنانا، بلاکس سے کھیلنا، اور دوسری ہم نصابی سرگرمیاں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضاف کرتی ہیں۔ کھیل کے دوران بچے اپنے خیالات کو بہتر انداز میں بیان کر پاتے ہیں۔ رنگین کتابیں، تصاویر اور مختلف ثقافتوں سے واقفیت بچوں کے علم کو بڑھاتی ہے اور نئی سوچ کی طرف راغب کرتی ہے۔
یاد رکھیں بچوں کی سنیں اور اس سلسلے میں کوئی حوصلہ شکنی نہ کریں ۔بچوں کے سوالات کا جواب دینا اور ان سے سوالات کرنا ان کے تجسس کو بڑھاتا ہے اور یہی تجسّس کا مادہ بچوں میں تخلیقی سوچ پیدا کرتا ہے ۔سوالات سوچ کو تحریک دیتے ہیں اور تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار لاتے ہیں۔
گھر اور سکول کا ماحول ایسا ہونا چاہیے جہاں بچے بلا خوف اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔ اس سلسلہ میں بچوں سے مختلف امور پر گفتگو کریں ان سے مشورہ لیں یاد رکھیں سخت قواعد اور دباؤ سے تخلیقی قوت پر منفی اثر پڑتا ہے ۔ والدین اور اساتذہ خود بھی تخلیقی طریقوں سے مسائل حل کریں تاکہ بچوں کے لیے مثال قائم ہو۔
جدید تکنیکی آلات جیسے تعلیمی ایپس، ڈرائنگ سافٹ ویئر، اور آن لائن ویڈیوز بچوں کی سوچ کو تقویت دے سکتے ہیں، بشرطیکہ اس ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کیا جائے۔اس سلسلے میں ٹیچرز کو گائیڈ کریں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کا مفید استعمال کیا جا سکے ۔ بچوں کو روز مرہ زندگی کے مسائل دے کر ان سے تخلیقی حل تلاش کرنے کو کہیں۔ازادانہ ماحول میں یہ ان کی ذہنی ترقی کے لیے بہت مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
دوستی اور گروپ پراجیکٹس میں حصہ لینا بچوں کو مختلف نظریات سننے اور اپنی رائے کہنے کا موقع دیتا ہے، جو تخلیقی سوچ کو فروغ دیتا ہے۔ یہ مشق بار بار کرنے سے بچوں کی تربیت پر دیرپا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
درحقیقت بچوں کی تخلیقی سوچ ان کے ماحول، پرورش، اور رہنمائی پر منحصر ہوتی ہے۔ والدین اور اساتذہ کا مثبت کردار بچوں کی ذہنی صلاحیت کو نکھارنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ کوششیں بچوں کو نہ صرف خوش باش بناتی ہیں بلکہ انہیں زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بھی بنا دیتی ہیں۔ بچوں کو نئے نئے موضوعات پر لکھنے کو کہیں۔نئی کہانیاں ،مضامین کا مطالعہ کرنے کو کہیں اور پھر لکھنے کو کہیں ۔ یہ وہ تمام حکمت عملیاں ہیں جس سے بچوں میں تخلیقی سوچ پیدا کی جا سکتی اور انہیں کامیابی حاصل کر نے کے راستے پر گامزن کر سکتی ہیں ۔ |
|