چین میں آؤٹ ڈور فیور
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
چین میں آؤٹ ڈور فیور تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں آؤٹ ڈور سرگرمیاں اور وینیوز نہ صرف صارفین میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں بلکہ نئی صنعتی جہتیں بھی متعارف کروا رہے ہیں۔ چاہے وہ چین کے مغرب میں واقع چنگھائی۔تبت سطح مرتفع کی پہاڑی راہداریاں ہوں، ساحلی کیمپنگ سائٹس ہوں، خاندانوں کے لیے جنگل کے ایڈونچرز ہوں یا تفریحی ماہی گیری ہو، یہ سب آؤٹ ڈور سرگرمیاں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔
زیادہ سے زیادہ صارفین یہ محسوس کر رہے ہیں کہ خوشیوں بھرے لمحات کو پرجوش انداز سے منانا کوئی زیادہ مشکل بات نہیں ہے ، اسی باعث ہائیکنگ، کیمپنگ اور سائیکلنگ جیسی سرگرمیوں کو مسلسل فروغ ملا ہے۔
آجکل ، سائیکل چلانے والے نوجوان گروہوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ ایک دہائی میں مجموعی طور پر چینی سماج میں ، ماحولیاتی تحفظ اور صحت کے بارے میں بڑھتی ہوئی بیداری کے ساتھ ساتھ "سائیکل" واپس سڑکوں پر آ گئی ہے! تاہم، اب اس کا رنگ روپ تبدیل ہوا ہے اور یہ رنگ برنگی شیئرڈ-سائیکلز اور ہر طرح کی روڈ بائکس اور ماؤنٹین بائیکس وغیرہ میں تبدیل ہو گئی ہیں۔ "ٹرانسپورٹیشن ٹول" سے لے کر موجودہ "نیشنل فٹنس ٹول" اور "اسپورٹس انڈسٹری کے نیو اسٹار " تک، چینی لوگوں کی "پہیوں پر زندگی" مسلسل بدل رہی ہے۔
حالیہ اعداد و شمار سے چین میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کی تصدیق ہوتی ہے۔ "میٹوان" کے ڈیٹا کے مطابق، رواں سال قومی دن کی تعطیلات کے دوران "آؤٹ ڈور ہائیکنگ" کی سرچ میں 253 فیصد اور "آؤٹ ڈور ریفٹنگ" کی سرچ میں 121 فیصد اضافہ ہوا۔
صرف 2024 میں، چین میں آؤٹ ڈور اسپورٹس کھپت کے 200 ملین آن لائن آرڈرز درج کیے گئے، جن کی کل مالیت 300 ارب یوآن (42 ارب ڈالر) سے تجاوز کر گئی۔ تحقیقی اندازوں کے مطابق، چین کی گھریلو کیمپنگ معیشت کی بنیادی مارکیٹ قدر 2030 تک 487.98 ارب یوان تک پہنچ جائے گی، جس کی سالانہ مرکب ترقی کی شرح 14.7 فیصد ہوگی۔
چین میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے فروغ میں مقامی حکومتوں کی رہنمائی میں وینیوز اور سہولیات میں مسلسل بہتری اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2024 کے آخر تک چین میں 171,800 فٹنس ٹریلز تھیں، جن کی کل لمبائی 407,500 کلومیٹر تھی۔ ملک میں 2,055 کیمپنگ سائٹس اور 914 اسکیئنگ وینیوز بھی موجود ہیں۔
آج ، بہت سے نوجوانوں نے آؤٹ ڈور سرگرمیوں کو ایک طرز زندگی بنا لیا ہے۔اسی باعث آؤٹ ڈور گیئرز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ صارفین آؤٹ ڈور اسپورٹس کے تجربات کو ترجیح دے رہے ہیں۔معروف چینی ای کامرس پلیٹ فارم وی آئی پی ڈاٹ کام کے مطابق، 2025 میں کینیوننگ جوتوں اور سرفنگ و ڈائیونگ آلات کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر بالترتیب 56 فیصد اور 47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تعطیلات کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد ہائیکنگ کے لیے پہاڑی مقامات کا رخ کرتی ہے اور دیہی سیاحتی مقامات پر اکثر ہوٹل یا مناسب رہائش کا ملنا مشکل ہو جاتا ہے۔دیہی باشندوں نے بھی سیاحوں کی آؤٹ ڈور ٹریول ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے گائیڈنگ سروسز اور کرائے پر فراہم کردہ مختلف سہولیات متعارف کرائی ہیں۔
چینی ماہرین کے نزدیک یہ" آؤٹ ڈور فیور" کوئی عارضی رجحان نہیں ہے۔ یہ لوگوں کی صحت، فطرت اور تجربات پر زور دینے کی عکاسی کرتا ہے۔ پالیسی کی حوصلہ افزائی کے تحت، آؤٹ ڈور سیکٹر ایک نیا نمو انجن بن رہا ہے۔" دوسرے الفاظ میں، کھیلوں کے اعتبار سے ایک معتدل خوشحال معاشرے کے حصول کے بعد، اب چینی حکام کا مقصد جسمانی فٹنس کی اعلیٰ سطح اور اسے پائیدار صورت حال تک پہنچانا ہے ، جس میں آؤٹ ڈور تفریحی سرگرمیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔
|
|