حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ
علیہ وسلم فرماتے ہیں:
جب رمضان آتا ہے، آسمان کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں
ایک روایت میں ہے، کہ ''جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔
صحیح بخاری و صحیح مسلم
رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نےفرمایا کہ
روزہ و قرآن بندہ کے لیے شفاعت کریں گے، روزہ کہے گا، اے رب (عزوجل) ! میں
نے کھانے اور خواہشوں سے دن میں اسے روک دیا، میری شفاعت اُس کے حق میں
قبول فرما۔ قرآن کہے گا، اے رب (عزوجل) ! میں نے اسے رات میں سونے سے باز
رکھا، میری شفاعت اُس کے بارے میں قبول کر۔ دونوں کی شفاعتیں قبول ہوں گی
طبرانی کبیر، بیہقی شعب الایمان
سوال نمبر ۱۔ سانس اور دمہ کے مریض کیا روزہ کی حالت میں انہیلر کا استعمال
کرسکتے ہیں یا نہیں
جواب۔ سانس یا دمہ کا مریض روزہ کی حالت میں انہیلر استعمال کرئے گا تو اس
کا روزہ ٹوٹ جائے گا کیونکہ انہیلر میں صرف آکسیجن نہیں ہوتی بلکہ اس کے
ساتھ دوا بھی شامل ہوتی ہے جو کہ معدہ تک اثر انداز ہوتی ہے لہذا روزے دار
اس کا استعمال ہرگز نہ کریں البتہ اگر کسی کو سانس کا مرض اس قدر ہو انہیلر
کے استعمال کے بغیر رہ نہیں سکتا اور روزہ رکھنے سے شدید تکلف میں مبتلا ء
رہے گا تو اس کو چاہیے کہ روزہ نہ رکھے بعد میں ان روزوں کی قضاء کرلے اور
اگر مرض کے جانے کی امید ہی نہ ہو تو ہر روزہ کے بدلے فدیہ یعنی دو کلو
گندم کی رقم کسی شرعی فقیر کو دیدے ۔
سوال نمبر۲۔ روزہ کی حالت میں عورتوں کا لپ اسٹک لگانا کیسا ہے اور اسی طرح
ویسلین لگانےکا حکم
جواب۔روزے کی حالت میں لپ اسٹک اور ویسلین لگا سکتے ہیں جبکہ حرام اجزاء سے
تیار نہ کی گیل ہوں مگر جس کی عادت ہے کہ وہ زبان ہونٹوں پر پھیرتا ہے اس
کو نہیں لگا نا چاہیے کہ زبان پھیرنے کی صورت میں ویسلین اور لپ اسٹک کے
اجزاء حلق سے نیچے اتر اجائیں گے اور یوں روزہ ٹوٹ جائےگا
سوال نمبر ۳ ۔روزہ دار اگر وکس یا بام جسم کے کسی حصہ پر لگا سکتا ہے یا
نہیں
جواب۔وکس یا بام وغیرہ کو جسم کے کسی بھی بیرونی حصہ پر لگایا جاسکتا ہے
لیکن ناک کے اندرونی حصہ میں اس کو نہیں لگائیں گے اور نہ ہی ناک کے قریب
کیونکہ اس کے باریک اجزاء ناک کے ذریعے حلق سے نیچے یا دماغ تک چلیں جائیں
گے جس کی بناء پر روزہ ٹوٹ جائے گا ہاں سر وغیرہ میں درد ہے تو پیشانی پر
یا جسم کے جس عضو میں تکلیف ہو تو اس پر لگا سکتے ہیں۔
سوال نمبر ۴۔ روزہ کی حالت میں سگریٹ نوشی کرنا یا پان وغیرہ کھانے کاحکم
جواب۔ روزے کی حالت میں پان ،سگریٹ ، حقہ وغیرہ سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اگرچہ
اپنے گمان میں یہ خیال کرتا ہو کہ حلق تک دھواں اور پان گٹکے کے ذرات نہیں
جارہے کیونکہ سگریٹ ،حقہ کی صورت میں دھواں اور پان گٹکے میں ان کے باریک
ذرات ضرور حلق تک جاتے ہیں لہذا ان سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور جو جان بوجھ کر
ایسا کرے گا تو اسکو روزے کی قضا ء کےساتھ روزے کا کفارہ بھی دینا ہوگا۔
سوال نمبر ۵۔روزے کی حالت میں بیوی کا بوسہ لینے سے کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے
جواب۔ روزے کی حالت میں بیو ی کا بوسہ لینا اور گلے لگانا اور بدن چھونا
مکروہ ہے، جب کہ یہ اندیشہ ہو کہ انزال ہو جائے گا یا جماع میں مبتلا ہوگا
اور ہونٹ اورزبان چوسنا روزہ میں مطلقاً مکروہ ہے۔ یونہی مباشرت فاحشہ(یعنی
شرمگاہ سے شرمگاہ ملانا) مکروہ ہے اور اگر اس حالت میں انزال ہو جائے تو
روزہ ٹوٹ جائےگا
سوال نمبر ۶۔روزے کی حالت میں زوجین کا ایک بستر پر سونا کیسا ہے
جواب۔ ایک ساتھ سونے میں حرج نہیں جب کہ ہم بستری کا اندیشہ نہ ہو
سوال نمبر ۷۔روزہ کی حالت میں زیر موئے ناف بال کاٹنا یا ناخن وغیرہ کاٹنا
درست ہے یانہیں
جواب ۔ درست ہے اس سے روزے میں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔
سوال نمبر ۸۔ اگر کوئی عورت رمضان المبارک میں عمرہ کرنے مکہ شریف جانے کا
ارادہ رکھتی ہے اور اسی دوران اس کے مخصوص ایام بھی آجائیں گے ایسی صورت
میں وہ مانع حیض دوا استعمال کرسکتی ہے یا نہیں نیز کیا ان دواؤں کے
استعمال سے اس کے روزے میں تو کوئی فرق نہیں پڑے گا یا روزے کی قضا کرنے
ہوگی۔
جواب ۔مانع حیض دوا جب کہ ضرر نہ دے استعمال کی جاسکتی ہیں اور اس دوران یہ
عورت پاک ہی ہے صرف حیض کے ایام آجانے سے ناپاکی طاری نہیں ہوتی بلکہ حیض
کا جاری ہونا ضروری ہے اور صورت مسؤلہ میں دواؤ ں کی بناء پر حیض جاری نہیں
ہوسکا لہذا یہ پاک ہی ہے اور پاکی کے دنوں میں روزے رکھے جائیں گے اورصرف
ان دواؤں کے استعمال سے روزے پر کسی قسم کا کوئی فرق نہیں پڑتا ۔
سوال نمبر۹۔ روزہ کی حالت میں قے یعنی الٹی ہوجاے تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے
جواب۔ قے یعنی الٹی سے روزہ ٹوٹنے کے لے لازمی ہے کہ الٹی جان بوجھ کر منہ
بھر کی جائے اگر جان بوجھ کر الٹی کی مگر وہ منہ بھر نہ تو بھی روزہ نہیں
ٹوٹے گا
منہ بھر الٹی کی تعریف: جس کو آسانی سے روکا نہ جاسکے بلکہ باتکلف روکا
جائے
بلغم یا صفراء کی الٹی سے روزہ نہیں ٹوٹتا بلکہ الٹی میں اگر کھانا آ جائے
توروزہ ٹوٹتا ہے
سوال نمبر۱۰۔ دھواں یا غبار یا مکھی حلق میں چلی جاے تو کیا روزہ ٹوٹ جاے
گا
جواب۔ اگر بلاقصد حلق میں مکھی ،مچھر چلے جائیں تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا
اور قصدا نگلنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔
والسلام مع الاکرام
ابو السعد محمد بلال رضا قادری |