اسلام آباد راولپنڈی میں ختم بخاری شریف کی تقریبات

گزشتہ کالم میں مدارس دینیہ کے تعلیمی سال کے اختتام پر اسلام آباد راولپنڈی میں منعقد ہونے والی تقریبات کی دھنک کے چند رنگوں کا آپ نے مشاہدہ کیا ۔آج اس دھنک کے چند اور رنگ ملاحظہ فرمائیے ۔اسلام آباد ، راولپنڈی میں منعقد ہونے والی تقریبات ختم بخاری میں سے دارالعلوم فاروقیہ کی تقریب ختم بخاری منفرد اور مثالی حیثیت کی حامل ہوتی ہے ۔یہ محض ایک تقریب ہی نہیں ہوتی بلکہ ایک اجتماع کی شکل اختیار کر جاتی ہے ۔دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی کے مہتمم مولانا قاضی عبدالرشیدکی ہردلعزیز شخصیت کی طرح ان کے ادارے میں ہونے والا ہر پروگرام اجتماعیت اور یکجہتی کا استعارہ ہوتا ہے ۔قاضی صاحب نے دوعشرے قبل جب شہر کے ہنگاموں سے دور اس ویرانے میں پڑاؤڈالا تو اس وقت کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا کہ یہ ننھا سا چراغ ایک روز علوم نبوت کا ایک ایسا مینارہ نور بن جائے گا جس سے پوری دنیامیں علم وعرفان کی روشنیاں پھوٹیں گی ۔قاضی صاحب اور ان کے رفقاء نے تنکا تنکا جوڑا ،پائی پائی اکٹھی کر کے کام شروع کیا ،اینٹ اینٹ لگا کر عالیشان عمارت بنائی ……پہلے ایک ادارہ اور پھر کئی ادارے ……چراغ سے چراغ جلتے گئے ……پہلے ایک مسجد اور پھر بہت سی مساجد ،تاحد نگاہ ایک کہکشاں دکھائی دینے لگی ……کہاں کہاں سے باصلاحیت اور مخلص احباب ڈھونڈ ڈھونڈ کر لائے ۔علم کا بحر بیکراں،استاذ محترم مولانا عبدالغفور بطور شیخ الحدیث اس ادارے سے وابستہ ہوئے اور صرف زندگی بھر کی رفاقت ہی نہیں رہی بلکہ وصیت کر کے گئے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے قاضی صاحب کے جوار میں آسودہ خاک ہو گئے ۔میرے انتہائی شفیق اور محسن استاذ مولانا قاضی شبیر احمد کوقاضی صاحب کی محبت جامعہ فاروقیہ کراچی سے کھینچ لائی اور اب وہ دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی کی رونق ہیں ۔حضرت شیخ سلیم اﷲ خان دامت برکاتہم کے مزاج شناس خادم مولانا آدم خان ،جواں سال مولانا ندیم عباسی ،مولانا محمد قاسم اور صاحبزاد ہ جنید رشید جیسے متحر ک ،فعال اور مخلص نوجوانوں کی ٹیم کے ساتھ قاضی عبدالرشید صاحب اور ان کا ادارہ گرانقدرخدمات سرانجام دے رہا ہے ۔

حیرت ہوتی ہے کہ قاضی عبدالرشید دارالعلوم فاروقیہ کے انتظام وانصرام کی بھاری ذمہ داریاں بھی نبھاتے ہیں ،وسائل کا بندوبست بھی کرتے ہیں ،شیخ الحدیث کی حیثیت سے درس وتدریس میں بھی مصروف عمل ہیں ،وفاق المدارس کے سب سے فعال اور مستعد ڈپٹی سیکرٹری جنرل بھی ہیں اور اسلام آباد راولپنڈی اور گردونواح میں جمعیت اہلسنت کے پلیٹ فارم سے ہر دینی ،ملی ،مسلکی معاملے میں ہر اول دستے کا کردار بھی اداکرتے ہیں ۔ہم چونکہ اسلام آباد کے اقصا المدینۃ میں ہیں اور دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی کے اقصا المدینۃ میں اس لیے ہمیں سال میں صرف ایک مرتبہ ختم بخاری شریف کی تقریب میں آنا ہوتا ہے اور سو دفعہ سوچ سوچ کر رخت سفر باندھتے ہیں اور قاضی صاحب ہر اجلاس میں ،ہر معاملے میں ،ہر موقع پر موجود ہوتے ہیں ۔صرف اسلام آباد راولپنڈی ہی نہیں ہزارہ کے کہساروں سے لے کر کشمیر کی وادیوں تک اور اٹک سے لے کر چکوال اور جہلم تک اوپر تلے جلسوں اور پروگراموں میں خطبات کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاق المدارس کے قائدین اور اکابر کی خدمت قاضی صاحب کا ایسا اعزاز ہے جس پر ہمیشہ ہی رشک آتا ہے ۔

ختم بخاری شریف سے بات چلی تھی اور دور نکل گئی ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی دارالعلوم فاروقیہ کی ختم بخاری شریف کی تقریب اپنی مثال آپ تھی ۔اس سال چونکہ غزالی دوراں حضرت مولانا مفتی زرولی خان اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر تشریف لائے تھے اس لیے ان کی آمد نے اس تقریب کو چار چاند لگا دئیے ۔حضرت مفتی صاحب نے جس شرح وبسط کے ساتھ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا اسے سن کر دل باغ باغ ہو گیا ۔اﷲ اﷲ ایسا بے مثال حافظہ ،اسماء الرجال پر ایسی گرفت ، محدثین ومصنفین کے بیان کردہ علمی نکات اس حد تک ازبرکہ انسان ورطہ حیرت میں ڈوب جاتا ہے ۔اور پھر حضر ت مفتی صاحب کی شخصی وجاہت سونے پر سہاگہ ثابت ہوتی ہے جبکہ ان کا اندازِ بیاں سماں باندھ دیتا ہے ۔ ان کے علاوہ خطیب نکتہ داں علامہ عبدالکریم ندیم کایادگار خطاب بھی اس تقریب میں خاصے کی چیز تھی جبکہ ولی کامل ،یادگار اسلام مولانا عبدالغفور صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی موجودگی اور سرپرستی نے تقریب میں روحانیت اور نورانیت کا رنگ بھر دیا تھا ۔اﷲ رب العزت دارالعلوم فاروقیہ کو آباد رکھے اور حضرت قاضی صاحب کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور اس قسم کی تقریبات کا انعقاد سدا ہوتا رہے ۔

اسلام آباد راولپنڈی کے ختم بخاری کی تقریبات کا تذکرہ دارالعلوم مدنیہ مرحبا مسجد کی تقریب ختم بخاری کے بغیر ادھورا رہے گا ۔ برادر مکرم مولانا نعمان حاشر جواں سال عالم دین ہیں۔تھوڑا ہی عرصہ ہوا انہوں نے اپنی مسجد میں ایک چھوٹے سے مدرسہ کی بنیاد ڈالی جو صرف چند برسوں میں ایک معیاری دارالعلوم کی شکل اختیار کر گیا ۔مشائخ اور اکابر کی دعاؤں کی برکت سے طلباء متوجہ ہوئے ۔ مولانا قاضی مشتاق جیسی متقی ،صاحب عزیمت شخصیت نے شفقت فرمائی اور دارالعلوم مدنیہ میں بخاری شریف کی تدریس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور ماشااﷲ اس سال مرحبا مسجد میں پہلی دفعہ تکمیل بخاری کی تقریب انعقاد پذیر ہوئی ۔ترجمان مدارس دینیہ ،آیۃ الخیر ،وکیل اہل حق مولانا محمد حنیف جالندھری اس نوخیز ادارے اور نووارد مولانا نعمان حاشر کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی طور پر تشریف لائے ۔اپنے روایتی انداز سے یادگار خطاب فرمایا ۔پیر طریقت حضرت مولانا سید شبیر احمد کاکاخیل کی دعا سے یہ مبارک محفل اختتام کو پہنچی ۔

Abdul Qadoos Muhammadi
About the Author: Abdul Qadoos Muhammadi Read More Articles by Abdul Qadoos Muhammadi: 120 Articles with 130082 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.