اسلام اور موسیقی - آخری حصہ

حصہ دوئم سے منسلک
اب اس لفظ کی تشریح مندرجہ ذیل احادیث و آثار کی روشنی میں ملاحظہ فرمائیے:

(١) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ قسم کھا کر کہا کرتے تھے کہ قرآن میں لھوالحدیث کا لفظ گانا اور موسیقی کے لئے آیا ہے۔ نیز آپ فرمایا کرتے کہ گانا بجانا دل میں یوں نفاق پیدا کرتا ہے جیسے پانی سے گھاس اور سبزہ اگ آتا ہے (فتاویٰ ابن باز۔ اردو ترجمہ ج١ ص٣١٣)

(٢) حضرت ابو امامہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ''اللہ تعالیٰ نے مجھے رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجا ہے اور میرے پروردگار عزوجل نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں باجوں گاجوں، ساز و مضراب، بتوں، صلیبوں اور امر جاہلیت کو ختم کروں'' (احمد بحوالہ مشکوۃ۔ کتاب الحدود۔ باب بیان الخمرو وعبد شاکر بہانہ فصل ثالث)

(٣) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ''گانا بجانا کرنے والی عورتوں کو نہ بیچو، نہ خریدو اور نہ انہیں یہ کلام سکھلاؤ اور ان کی اجرت حرام ہے'' (ترمذی۔ ابواب البیوع۔ باب کراہیۃ المغنیات)

(٤) ابومالک اشعری کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے کہ میری امت میں ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو زنا کو، ریشم کو، شراب کو اور معازف یعنی آلات ساز و مضراب اور گانے بجانے کو حلال کر لیں گے'' (بخاری۔ کتاب الاشربہ باب ما جاء فیمن یستحل الخمرو بسمیہ بفراسمیہ)

یعنی ان چیزوں کے دوسرے نام رکھ کر انہیں جائز بنالیں گے۔

اور اس آیات کا شان نزول یہ بیان کیا جاتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعوت کی غیر مؤثر بنانے کے لئے جو لوگ ادھار کھائے بیٹھے تھے ان میں سے ایک نضر بن حارث بھی تھا۔ اس کا طریق کار ابولہب سے بالکل جداگانہ تھا۔ ایک دفعہ وہ سرداران قریش سے کہنے لگا: قریشیو! محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمہارے سب سے زیادہ پسندیدہ آدمی تھے۔ سب سے زیادہ سچے اور سب سے زیادہ امین تھے اب اگر وہ اللہ کا پیغام لے کر آئے ہیں تو تم کبھی انہیں شاعر کہتے ہو، کبھی کاہن، کبھی پاگل اور کبھی جادوگر کہتے ہو۔ حالانکہ وہ نہ شاعر ہیں، نہ کاہن، نہ پاگل اور نہ جادوگر ہیں۔ کیونکہ ہم ایسے لوگوں کو خوب جانتے ہیں۔ اے اہل قریش! سوچو! تم پر یہ کیسی افتاد آپڑی ہے۔

پھر اس افتاد کا جو حل نضر بن حارث نے سوچا وہ یہ تھا کہ وہ خود حیرہ گیا۔ وہ سے بادشاہوں کے حالات اور رستم و اسفند یار کے قصے سیکھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جہاں کہیں بھی جاکر اپنا پیغام سناتے، ابولہب کی طرح نضر بن حارث بھی وہاں پہنچ کر یہ قصے سناتا پھر لوگوں سے پوچھتا کہ آخر کس بنا پر محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلام مجھ سے بہتر ہے؟ علاوہ ازیں اس نے چند لونڈیاں بھی خرید رکھی تھیں۔ جب کوئی شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف مائل ہونے لگتا تو وہ کسی لونڈی کو اس پر مسلط کر دیتا کہ وہ لونڈی اسے کھلائے پلائے اور اس کی فکر کا رخ موڑ دے۔ اسی سلسلہ میں یہ آیت نازل ہوئی۔ (ابن ہشام۔ ٢١:٢٧١)

[ ٥] بغیر علم کی نسبت اللہ کی راہ کی طرف بھی ہوسکتی ہے اور لھوالحدیث کی طرف بھی۔ پہلی صورت تو ترجمہ سے واضح ہے۔ یعنی اس کا اللہ کی راہ سے بہِکانا محض بغض و عناد اور ضد پر مبنی ہے۔ اس کے لئے اس کے پاس کوئی عملی دلیل نہیں ہے۔ اور دوسری صورت میں مطلب یہ ہوگا کہ وہ اس قدر جاہل ہے جو اللہ کی سیدھی راہ اور ہدایت جیسی قیمتی چیز کے عوض تباہ کن چیز خرید رہا ہے۔
[ ٦] یعنی وہ شخص گانا،بجانا، قصے کہانیاں اور رقص و سرور جیسی ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعہ لوگوں کو اللہ کی آیات سے دور رکھنا اور ان آیات کا مذاق اڑانا چاہتا ہے۔
[ ٧] اس کے جرم اور اس کی سزا میں مناسبت یہ ہے کہ وہ اللہ کی آیات اور اس کے رسول کی تذلیل کرنا چاہتا ہے تو اس کو عذاب بھی ذلیل کرنے والا دیا جائے گا۔
(تفسیر تیسیر القرآن)

احادیث کی روشنی میں

وعن حذيفة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " اقرؤوا القرآن بلحون العرب وأصواتها وإياكم ولحون أهل العشق ولحون أهل الكتابين وسيجي بعدي قوم يرجعون بالقرآن ترجع الغناء والنوح لا يجاوز حناجرهم مفتونة قلوبهم وقلوب الذين يعجبهم شأنهم " . رواه البيهقي في شعب الإيمان

حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ راوی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا۔ تم قرآن کریم اہل عرب کی طرح اور ان کی آوازوں کے مطابق پڑھو اہل عشق اور اہل کتاب کے طریق کے مطابق پڑھنے سے بچو میرے بعد ایک جماعت پیدا ہو گی جس کے افراد راگ اور نوحہ کی طرح آواز بنا کر قرآن پڑھیں گے۔ ان کا حال یہ ہو گا کہ قرآن ان کے حلق سے آگے نہیں بڑھے گا (یعنی ان کا پڑھنا قبول نہیں ہو گا) نیز ان کی قرات سن کر خوش ہونے والوں کے قلوب فتنہ میں مبتلا ہوں گے۔ (بیہقی ، رزین)مشکوۃ شریف:جلد دوم:حدیث نمبر 724

تشریح
اہل عرب بلاتکلف اور برجستہ قرآن کریم پڑھتے ہیں۔ ان کی آواز ان کے دل کی امنگ سے ہم آہنگ ہوتی ہے ان کے سامنے موسیقی وغیرہ کی طرح کے قواعد نہیں ہوتے، نہ وہ خواہ مخواہ کا تکلف کر کے اپنی آواز اور اپنا لہجہ بنا کر کوشش کرتے ہیں اسی لئے فرمایا گیا ہے کہ ہر مسلمان کو چاہئے وہ قرآن کریم اسی خالص لہجہ اور آواز میں پڑھے جو قرآن کی عظمت شان اور حقیقت کے مطابق ہے اور وہ اہل عرب کا لہجہ ہے۔ اس جملہ بلحون العرب واصواتہا میں لفظ اصواتھا عطف تفسیر کے طور پر ہے۔

اہل عشق اور اہل کتاب کے طریقہ کے مطابق الخ سے یہ مراد ہے کہ جس طرح عشاق اور شعراء اپنی نظمیں وغزلیں اور اشعار آواز بنا کر اور ترنم و سر کے ساتھ پڑھتے ہں اور موسیقی اور راگ کے قواعد کی رعایت کرتے ہیں تم اس طرح قرآن کریم نہ پڑھو چونکہ یہود و نصاریٰ بھی اپنی کتابوں کو اسی طرح غلط طریقوں سے پڑھتے تھے اس لئے ان کی مانند پڑھنے سے بھی منع فرمایا گیا ہے۔

ان کے قلوب فتنہ میں مبتلا ہوں۔ کا مطلب یہ ہے کہ وہ حب دنیا میں مبتلا ہوں گے اور لوگ چونکہ ان کی آوازوں کو اچھا کہیں گے اس لئے وہ اور زیادہ گمراہی میں پھنسے ہوں گے اسی طرح ان کی آوازوں کو سن کر خوش ہونے والے اور ان کو اچھا کہنے والے بھی ایک غلط بات اور غلط کام کو اچھا سمجھنے کی وجہ سے ضلالت میں مبتلا ہوں گے۔

وَعَنْ عَائِشَۃَ رضی اللہ عنہا قَالَتْ اِنَّ اَبَابَکْرٍ دَخَلَ عَلَےْھَا وَعِنْدَھَا جَارِےَتَانِ فِیْ اَےَّامِ مِنًی تُدَفِّفَانِ وَتَضْرِبَانِ وَفِیْ رِوَاےَۃٍ تُغَنِّےَانِ بِمَا تَقَاوَلَتِ الْاَنْصَارُ ےَوْمَ بُعَاثَ وَالنَّبِیُّ صلی اللہ علیہ وسلم مُتَغَشٍّ بِثَوْبِہٖ فَانْتَھَرَ ھُمَا اَبُوْ بَکْرٍ فَکَشَفَ النَّبِیُّ صلی اللہ علیہ وسلم عَنْ وَّجْھِہٖ فَقَالَ دَعْھُمَا ےَا اَبَا بَکْرٍ فَاِنَّھَا اَےَّامُ عِےْدٍ وَّفِیْ رِوَاےَۃٍ ےَّا اَبَا بَکْرٍ اِنَّ لِکُلِّ قَوْمٍ عِےْدًا وَّھٰذَا عِےْدُنَا ۔

" ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ " ایام منیٰ میں (یعنی جن دونوں میں حجاج منیٰ میں قیام کرتے ہیں اور جو ایام تشریق کہلاتے ہیں انہیں میں سے بقر عید کے دن یا اس کے بعد کے دنوں میں) حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ میرے پاس تشریف لائے جب کہ اس وقت میرے پاس (انصار کی لڑکیوں میں سے) دو چھوکریاں بیٹھی ہوئی دف بجا رہی تھیں" ایک دوسری روایت میں ان الفاظ کی بجائے یا یہ کہ مزید) یہ الفاظ ہیں کہ " چھوکریاں (وہ اشعار ) گا رہی تھیں جو انصار نے بعاث کی جنگ کے متعلق کہے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس وقت منہ پر کپڑا ڈالے ہوئے لیٹے ہوئے تھے حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ ان چھوکریوں کو دھمکانے لگے یعنی انہیں گانے بجانے سے منع فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا منہ کھولا اور فرمایا کہ " ابوبکر انہیں چھوڑ دو کچھ نہ کہو کیونکہ یہ عید یعنی خوشی کے دن ہیں" ایک اور روایت کے الفاظ یہ ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا " ابوبکر ! ہر قوم کی عید ہوتی ہے یہ ہماری عید ہے۔" (صحیح البخاری و صحیح مسلم)مشکوۃ شریف:جلد اول:حدیث نمبر 1405

تشریح مشکات شریف
لفظ تضربان گویا تدفعان کی تاکید کے لیے استعمال کیا گیا ہے لیکن بعض حضرات نے اس کے یہ معنی بیان کئے ہیں کہ " وہ لڑکیاں اچھلتی کودتی تھیں اور دف بجاتی تھیں"

دف بجانے کا مسئلہ: دف باجے کے بارے میں علماء کے دو قول ہیں۔ ایک قول تو یہ ہے کہ دف بجانا مطلقاً مباح ہے یعنی کسی بھی وقت اور کسی بھی موقعہ پر بجایا جاسکتا ہے اس کے برخلاف دوسرا قول یہ ہے کہ مطلقاً حرام ہے۔ اس سلسلے میں صحیح مسئلہ یہ ہے کہ بعض مواقع پر مثلاً نکاح، ولیمہ یا اس قسم کی دوسری تقریبات میں کہ جو انہیں دونوں کے حکم میں ہوں، نیز عیدین میں دف بجانا مباح ہے۔ پھر علماء نے دف میں فرق کیا ہے یعنی اگر دف جھانجدار ہے تو اس کا بجانا مکروہ ہے اور اگر جھانجدار نہ ہو تو مکروہ نہیں ہے۔ اگرچہ جھاندار دف کے بارے میں بھی علماء نے اختلاف کیا ہے۔

حدیث کے الفاظ تغنیان (گارہی تھی) کا مطلب یہ ہے کہ لڑکیاں وہ اشعار پڑھ رہی تھیں جن میں شجاعت و بہادری کے مضمون مذکور تھے اور جو انصار نے " بعاث" پر چڑھائی اور وہاں کی جنگ کے متعلق کہے تھے جیسا کہ بہادروں کی عادت ہے کہ جنگ کے وقت اپنی شجاعت و بہادری پر مشتمل اشعار بڑے فخر کے ساتھ کہتے ہیں۔" بعاث" ایک جگہ کا نام ہے جو مدینہ سے دو میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ بعض حضرات کی تحقیق یہ ہے کہ ایام جاہلیت میں انصار کے دو قبیلوں' 'اوس اور خزرج" کے درمیان سخت جنگ ہوئی تھی جس میں قبیلہ اوس کا میاب رہا تھا اسی جنگ کو " جنگ بعاث " کہا جاتا ہے۔

بہر حال لڑکیاں جو اشعار گا رہی تھیں وہ فواحش اور حسن و عشق کے ان مضامین کے حامل نہیں تھے جن کا پڑھنا معیوب اور ممنوع ہے بلکہ وہ اشعار جنگ و جدل کے کارناموں، معرکہ آرائیوں کی پر شجاعت داستانوں اور میدان جنگ کی گرم کہانیوں پر مشتمل تھے جن کے پڑھنے سے اشاعت دین میں مدد ملتی تھی بایں طور کہ وہ کفار سے جہاد کرنے کے لیے مومنین کو ترغیب دلاتے تھے ورنہ ان لڑکیوں کی کیا مجال کہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی موجودگی میں اور سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے وہ برے اور معیوب اشعار کی جرات بھی کرتیں۔

چنانچہ صحیح البخاری کی ایک روایت میں لفظ " تغنیان" کے بعد یہ الفاظ بھی مذکور ہیں کہ ولیستا بمغنیتین یعنی لڑکیاں اشعار گا رہی تھیں اور گانا ان لڑکیوں کا کسب و پیشہ نہیں تھا کہ کوئی زیادہ اچھا گاتی ہوں اور گانے بجانے کے فن میں مشہور ہوں یا یہ کہ وہ اپنے اشعار کے ذریعہ خیالات فاحشہ و خواہشات نفسانی کے ہیجان و اشتیاق کا سبب بنتی ہوں جو فتنہ و فساد کا باعث ہوتا بلکہ وہ بالکل اسی انداز میں اشعار پڑھ رہی ہیں جیسا کہ اکثر شریف زادیاں اپنے گھروں میں پاکیزہ خیالات کے حامل اشعار گنگنایا کرتی ہیں۔
فانتھر ھما ابوبکر (حضرت ابوبکر ان چھو کریوں کو دھمکانے لگے) یعنی جیسا کہ صحیح البخاری میں مذکور ہے کہ " حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان لڑکیوں سے کہا کہ " سر کار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب مز مار شیطان (یعنی شیطانی باجا) بجاتی ہو؟ گویا حضرت ابوبکر نے انہیں تنبیہ کی اور اس فعل سے منع فرمایا " اصطلاحاً مزمار ہر اس باجے کو کہتے ہیں جو گویے بجاتے ہیں مثلاً بانسری ، دف رباب ( سارنگی) حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لڑکیوں کے باجے کو شیطانی باجا اس لیے کہا کہ جس طرح شیطان اپنی ذات سے انسانوں کی عملی زندگی کو نیک کاموں سے ہٹا کر برے کاموں میں مشغول کر دیتا ہے اسی طرح باجا بھی انسانی قلوب کو یاد الہٰی کے مقدس راستے سے ہٹا کر لہو و لعب و ناجائز خواہشات کے راستے پر ڈال دیتا ہے۔

حدیث کے آخری الفاظ کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح گزشتہ امتوں اور غیر مسلموں کے ہاں خوشی و مسرت اور عید کا ایک خاص دن ہوتا ہے جیسے قوم مجوس کے ہاں " نوروز" ایک خاص دن ہے جس میں وہ اپنی عید مناتے ہیں اسی طرح مسلمانوں کے لیے بھی خوشی و مسرت اور شادمانی کے دو دن ہیں اور وہ عید و بقر عید کے دن ہیں

یہ مشابہت صرف تمیثل کی حد تک ہے ان کے معتقدات و افعال کے ساتھ مشابہت مقصود نہیں ہے یعنی اس کا یہ مقصد نہیں ہے کہ جس طرح غیر مسلم اپنے خوشی و تہواروں کے دن غلط کام کرتے ہیں اسی طرح غلط کام مسلمان بھی ان دنوں میں کر سکتے ہیں۔ چنانچہ علماء لکھتے ہیں کہ عید و بقر عید کے دن غیر مسلموں کے تہوار کی مشابہت اختیار کرنا کفر ہے مثلاً غیر شرعی اور غیر مناسب زیبائش و آرائش کرنا، انڈے لڑانا، مردوں کا مہندی لگانا، ناچ گانوں میں مشغول ہونا وغیرہ وغیرہ۔

حدیث سے اہل سماع کا غلط استدلال: اس حدیث سے اہل سماع کو بڑی زبردست غلط فہمی ہوگئی ہے۔ ان لوگوں نے اس حدیث کی بنیاد پر ڈھولک و ہارمونیم جیسے ساز کے ساتھ قوالی کے مباح ہونے اور اس کے سننے کو جائز قرار دیا ہے حالانکہ اس حدیث کا قطعی طور پر وہ مفہوم و مطلب نہیں ہے جو اہل سماع نے مراد لیا ہے بلکہ بنظر انصاف اور بغیر کسی تعصب و ہٹ دھرمی کے اگر معقولیت پسند قلب و دماغ کے ساتھ اس حدیث کے حقیقی مفہوم کو دیکھا جائے تو وہ پوری وضاحت کے ساتھ یہ ہے کہ " حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان لڑکیوں کو گانے اور دف بجانے سے اس لیے منع کیا اور انہیں دھمکایا کہ ان کے نزدیک گانا بجانا مطلقاً معیوب و ممنوع تھا۔ نیز انہوں نے یہ گمان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان لڑکیوں کو ان کے گانے بجانے سے اس لیے منع نہیں فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سوئے ہوئے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ یہاں کیا ہو رہا ہے؟ حالانکہ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یہ معلوم نہیں تھا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس دن بہت معمولی طریقے پر اشعار پڑھنے کی اجازت دی تھی جس کا شمار حقیقی گانے بجانے اور لہو و لعب میں نہیں تھا۔

حاصل یہ کہ حضرت ابوبکر کو اس فرق اور تفصیل کا علم نہیں تھا اس لیے انہوں نے لڑکیوں کو اشعار پڑھنے سے روکا جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کہا کہ وہ لڑکیوں کو کچھ نہ کہیں۔ لہٰذا اس حدیث سے صرف اس قدر ثابت ہوا کہ عید کے روز یا ایسے کسی موقع پر جہاں خوشی منانی مباح ہے شریعت کی حدود کی اندر رہتے ہوئے کچھ اشعار پڑھ لینا مباح ہے پھر یہ بھی سوچنا چاہیے کہ اس واقعہ کا تعلق ایک مخصوص جگہ اور مخصوص وقت سے ہے جس سے گانے بجانے کا مطلقاً مباح ہونا لازم نہیں آتا۔

بعض حضرات نے کہا ہے کہ " اس حدیث سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کسی خاص موقع پر ایک آدھ مرتبہ دف بجانا اور سماع ممنوع نہیں ہے لیکن اس پر مداومت کرنا مکروہ ہے کیونکہ مستقل طور پر گانا بجانا وصف تقویٰ اور اخلاق فاصلہ کو ختم کر دیتا ہے جس کی وجہ سے ایسا آدمی شریعت کی نظر میں اپنا اعتماد کھو دیتا ہے۔

ابن مالک فرماتے ہیں کہ یہ حدیث اس بات پر دلیل ہے کہ دف جائز ہے جب کہ اس میں چھانج نہ ہو اور کبھی کبھی ایک آدھ دفعہ بجایا جائے۔ نیز ایسے اشعار پڑھنے جائز ہیں جس میں کسی کی برائی ومذمت نہ بیان کی گئی ہو اور جو فحش مضامین پر مشتمل نہ ہوں۔ فتاوی قاضیخاں میں لکھا ہے کہ " سننا گناہ ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے کہ " باجوں کا سننا گناہ، اس کی مجلس میں شرکت فسق اور اس سے لطف انداوز ہونا شعار کفر سے ہے۔

نیز مسئلہ یہ ہے کہ اگر غیر اختیاری طور پر باجے کی آواز کان میں پڑ جائے تو کوئی گناہ نہیں۔ باجوں کی
آواز سے حتی الامکان بچنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عادت شریفہ یہ تھی کہ ایسے موقعہ پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانوں میں انگلیاں ڈال لیتے تھے۔

علماء لکھتے ہیں کہ " زمانہ جاہلیت کے ایسے عربی اشعار پڑھنا کہ جن میں فحش مضامین مثلاً شراب و کباب اور حسن و عشق کے تذکرے ہوں مکروہ ہے۔

ایک جلیل القدر محدث نے اس حدیث کے فائدے میں سماع و غنا کا مسئلہ پوری وضاحت کے ساتھ لکھا ہے اس موقعہ پر اس کا خلاصہ نقل کر دینا مناسب ہے۔ موصوف فرماتے ہیں کہ:
اس حدیث سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دف بجانا اور گانا ممنوع ہے ہاں کچھ مواقع پر مثلاً عید یا اسی قسم کی کسی دوسری خوشی کی تقریب میں یعنی نکاح وغیرہ میں اس کی ایک حد تک اجازت ہے، کیونکہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی صحابہ میں سب سے زیادہ فضیلت ہے۔ انہیں احکام دین خوب اچھی طرح معلوم تھے انہوں نے گانے کو " مزمار شیطان" کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس موقع پر جواباً انہیں منع فرمایا تو اس بات سے منع نہیں فرمایا تھا کہ گانے کو " مزمار شیطان کہا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں عید کے دن کے لیے منع فرمایا کہ آج کے دن اسمیں اتنی شدت اختیار نہ کرو۔ گویا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد کا مقصد گانے بجانے کی ممانعت کے سلسلے میں حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قول کی تردید نہیں تھا بلکہ مراد یہ تھی کہ گانے بجانے کا صرف اتنا معمولی درجہ کہ جس میں یہ لڑکیاں مشغول ہیں آج کے دن ممانعت کے حکم سے مستثنیٰ ہے اگر لڑکیاں شرعی و اخلاقی حدود میں رہ کر شجاعت و بہادری کی تعریف و توصیف پر مشتمل اشعار ترنم کے ساتھ پڑھ رہی ہیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صرف یہ کہ خود لڑکیوں کے اس فعل سے کوئی دلچسپی نہیں لی (جیسا کہ یہ معلوم ہو چکا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس وقت سو رہے تھے " بلکہ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بھی اس کی ترغیب نہیں دلائی بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک طرح اس سے لا پروائی بھی برتی، گویا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے اس فعل کے ذریعے بھی اس دن اس کے ناجائز ہونے کی طرف اشارہ فرمایا۔

لہٰذا یہ حدیْث مطلق طور پر سماع و غنا اور گانے بجانے کی اباحت کی دلیل قرار نہیں دی جا سکتی ۔ جیسا کہ بعض حضرات اس حدیث کے دور از حقیقت مفہوم کا سہارا لے کر سماع و غنا کے مطلقاً جواز کو ثابت کرتے ہیں۔

سماع کی حرمت و کراہت: یہ تو حدیث کی وضاحت اور اس کی تشریح تھی ۔ اب اصل مسئلے کی طرف آئیے اور دیکھئے کہ اس بارے میں سلف کی رائے کیا ہے۔ سماع و غنا کا مسئلہ ہمیشہ سے علماء و فقہا کے درمیان مختلف فیہ رہا ہے ۔ صحابہ و تابعین کی بھی اس سلسلے میں مختلف رائیں تھیں۔ لیکن جلیل القدر صحابہ اس کی حرمت و کراہت کے قائل تھے۔ چنانچہ انہوں نے آیت کریمہ وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَّشْتَرِیْ لَھْوَ الْحَدِیْثِ کی مراد غنا (نغمہ و سرور ) بیان کی ہے۔ حضرت عبداللہ ابن عباس و حضرت عبداللہ ابن مسعود تو اس مراد کے تعین کے سلسلہ میں قسم تک کھاتے اور کہا کرتے تھے کہ یہاں " غنا " مراد ہے۔ اسی طرح حضرت عبداللہ ابن عباس اور مجاہد کے نزدیک آیت کریمہ واستفزز من استطعت منھم بصوتک میں شیطان کی آواز سے مراد " غنا " ہے۔

حضرت عبداللہ ابن عمر کے بارے میں منقول ہے کہ وہ گانے سے اور گانا سننے سے منع فرمایا کرتے تھے۔
امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا ارشاد منقول ہے کہ " اگر کوئی ایسا آدمی مر جائے جس کے پاس گائن (گانے والی عورت) ہوں تو اس کی نماز جنازہ مت پڑھو۔

حضرت ابو امامہ راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے کہ " گائن (گانے والی عورت ) کی نہ تو خرید و فروخت کرو اور نہ انہیں تعلیم دو (یعنی ان سے مکمل مقاطعہ رکھو) اس ارشاد کے مثل یہ آیت کریمہ من یشتری لھو الحدیث نازل ہوئی تھی۔ چنانچہ اسی وجہ سے بعض علماء فرماتے ہیں کہ جو احادیث نغمہ سرور کی اباحت پر دلالت کرتی ہیں ان کا تعلق اس ممانعت سے قبل کے زمانے سے ہے۔ جب یہ آیت شریفہ نازل ہوئی اور غنا کی ممانعت واضح ہوئی تو احادیث منسوخ قرار دے دی گئیں۔

حضرت عبداللہ ابن مسعود سے یہ ارشاد منقول ہے کہ " غنا نفاق کو اسی طرح اگاتا ہے جیسے پانی سبزہ کو اگاتا ہے۔"
حضرت جابر سے یہ الفاظ منقول ہیں کہ " جس طرح پانی کھیتی کو اگاتا ہے یوں ہی غنا نفاق کو اگاتا ہے"
حضرت انس سے یہ الفاظ منقول ہیں کہ " غناء اور لہو و لعب دل میں نفاق کو اس طرح اگاتے ہیں جیسے پانی گھاس کو اگاتا ہے۔
حضرت ابوہریرہ سے یہ الفاظ منقول ہیں کہ " غنا کی محبت دل میں نفاق کو اس طرح اگاتی ہے جیسے پانی گھاس کو اگاتا ہے "

ان ارشادات میں نفاق سے مراد وہ عملی نفاق ہے جو ظاہری احوال کے برخلاف گناہ کی خواہش کو پوشیدہ رکھتا ہو۔ حضرت فضیل بن عیاض فرماتے ہیں کہ " غنا زنا کا منتر ہے"

بہر حال۔ اس سلسلے میں صحابہ اور تابعین کے اس قسم کے اور بہت سے ارشادات منقول ہیں ۔ جہاں تک فقہاء کا تعلق ہے انہوں نے بھی اس کی حرمت اور کراہت کو بہت زیادہ شدت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ چنانچہ چاروں اماموں کا متفقہ طور پر جو مشہور اور صحیح قول ہے وہ یہ ہے کہ " غنا مکروہ ہے" اگرچہ اس کی حرمت کا اطلاق بھی منقول ہے۔

چنانچہ قاضی ابو لطیف نے شعبی ، سفیان ثوری، حماد، نخعی اور فاکہی سے اس کا حرام ہونا نقل کیا ہے ۔ علامہ بغوی نے بھی تفسیر معالم النزیل میں یہی لکھا ہے کہ " چاروں ائمہ کے ہاں غنا حرام ہے۔"

علامہ قرطبی نے فرمایا ہے کہ غنا کی حرمت کے بارے میں اختلاف نہیں ہے کیونکہ وہ لہو و لعب کے قبیل سے ہے جو متفقہ طور پر سب کے یہاں مذموم ہے۔ ہاں جو غنا محرمات سے محفوظ ہو وہ تھوڑا بہت شادی بیاہ، عید اور اسی قسم کی دوسری تقریبات میں جائز ہے۔ علماء کی ایک جماعت کا رجحان غنا کی اباحت کی طرف ہے۔

اس سلسلے میں اتنی بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ ہاں جس غنا اور نغمہ اور سرور کے بارے میں بحث کی جا رہی ہے اور جو حرمت و اباحت کا محل اختلاف ہے اور وہ اس قسم کا غنا ہے جسے گویے اور گلوکار بطور فن اور پیشہ اختیار کئے ہوئے ہیں چنانچہ وہ صرف لوگوں کی طبیعتوں میں انتشار و ہیجان اور کیف و نشاط پیدا کرنے کے لیے ایسے اشعار گاتے ہیں جو محض محرمات کے ذکر پر مشتمل ہوتے ہیں ! ہاں وہ غنا مباح ہیں جو ایسے پاکیزہ اشعار پر مشتمل ہوں جن سے قلوب روحانی استنباط محسوس کریں اور جو محرمات و مکروہات کے ذکر پر مشتمل نہ ہوں مثلاً خدا تعالیٰ کی حمد، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعت، حرمین شریفین یا دوسری مقدس چیزوں کی منقبت، جہاد اور میدان جہاد کے اوصاف جیسے حدا نصب، رکبانی بچوں کو خوش کرنے یا انہیں سلانے کے لیے ماؤں بہنوں کی لوریاں، بزرگان دین کی جائز توصیف و تعریف ، قطع مسافت کے لیے مسافروں کی وابستگی، خوشی و مسرت کے اظہار اور اسی قسم کے دوسرے مضامین کے حامل اشعار ترنم کے ساتھ پڑھنا یہ جائز نہیں ہے بلکہ ایک حد تک یہ مستحب ہے کیونکہ یہ نیک و بامقصد اعمال کے لیے موجب نشاط ہے۔"

جو لوگ غنا کی اباحت کے قائل ہیں وہ کہتے ہیں کہ غنا اور سماع اکثر صحابہ، تابعین، محدثین اور علماء دین سے جو اصحاب زہد و تقویٰ ہیں، سے منقول ہے۔ یہ حضرات فرماتے ہیں کہ غنا کی حرمت و کراہت کے سلسلے میں ائمہ یا بعض اکابر سے جو سخت الفاظ منقول ہیں وہ دراصل اس غنا پر محمول ہیں جس میں فحش مضامین یا ان سے غیر شرعی چیزوں مثلاً مزامیر وغیرہ کا ارتباط ہوتا ہو۔ یہ بات ان حضرات کی جانب سے اسی لیے کہی جاتی ہے تاکہ ائمہ اور علماء کے قول و فعل میں تطبیق ہو جائے کیونکہ ان سے بھی غنا کا سننا منقول ہے۔

پہلے زمانے کے بزرگوں اور مشائخ اور بعد کے بزرگوں اور مشائخ کے اقوال و افعال کے درمیان بھی اختلاف ہے چنانچہ پہلے زمانے کے مشائخ جو راہ طریقت کے پیش رو اور راہنما ہیں اس سے اجتناب کرتے تھے مگر بعد کے بعض مشائخ سے سماع کی ابتدا ہوئی ہے اس سلسلے میں پہلے زمانے کے مشائخ کے قول و فعل کے بارے میں اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حضرت شیخ حماد و یاس جو اپنے وقت کے امام طریقت اور سلسلہ قادریہ کے ایک جلیل القدر شیخ تھے۔ ایک مرتبہ جمعے کی نماز کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں اچانک ان کے کان میں گانے کی آواز پہنچی فوراً رک گئے اور فرمایا کہ آج مجھ سے کون سا ایسا گناہ سرزد ہوا ہے جس کی سزا میں مجھے اس میں مبتلا کیا گیا ہے؟ بہت دیر تک غور کرتے رہے مگر ایسی کوئی بات محسوس نہیں ہوئی جس سے یہ سمجھتے کہ فلاں گناہ ہوا ہے۔ جب گھر واپس آئے تو پھر تحقیق شروع کی۔ بہت دیر کے بعد معلوم ہوا کہ ایک تصویر دار پیالہ خرید لیا تھا۔ فرمایا یہی سبب ہے جس کی وجہ سے میں اس سزا میں گرفتار ہوا (کہ گانے کی آواز میرے کان میں پہنچی)

حضرت غوث الاعظم کے قول و ارشادات دیکھنے سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے کہ حضرت موصوف بھی اس کو مکروہ جانتے تھے

حضرت شبلی کے بارے میں منقول ہے کہ ان سے ایک مرتبہ پوچھا گیا کہ " غنا جائز ہے؟" انہوں نے پوچھا کہ کیا غنا حق ہے؟ (یعنی اس میں غیر شرعی وغیر اخلاقی مضامین مذکور نہیں ہیں) لوگوں نے کہا کہ " نہیں !" فرمایا کہ " اگر وہ حق نہیں ہے تو پھر گمراہی کے علاوہ اور کیا ہوسکتا ہے اور پھر فرمایا کہ اس کے مکروہ ہونے کی یہی دلیل کافی ہے کہ اس کے ذریعے نہ صرف یہ کہ طبیعت میں انتشار، خواہشات نفسانی میں ہیجان اور عورتوں کی طرف میلان ہوتا ہے بلکہ اس میں نفس امارہ کی رعونت و خوشی عقل کی سبکی اور دنائت کا اظہار بھی ہے ۔ البتہ اللہ کے ذکر اور اس کی یاد میں مشغول ہو جانا ہر اس آدمی کے لیے جو اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان لایا ہے سب سے بہتر ہے"

حضرت شیخ ابو الحسن شازلی جو سلسلہ شاذلیہ کے امام اور پیشوا ہیں فرماتے ہیں کہ " جو لوگ سماع میں مشغول ہوتے ہیں اور ظالموں کے ہاں کھانا کھاتے ہیں ان میں یہودیت کا ایک حصہ شامل ہے جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ سَمَّا عُوْنَ لِلْکَذِبِ اکَّالُوْنَ لِلْسُّحْتِ

حضرت امام غزلی فرماتے ہیں کہ سماع کے کئی درجے ہیں (١) نوجوانوں کے لیے حرام محض ہے کیونکہ نوجوانوں کے مزاج و طبیعت پر خواہشات نفسانی کا غلبہ ہوتا ہے اس لیے سماع ان کے لیے بجائے کوئی اچھا اثر مرتب کرنے کے ان کی خواہشات نفسانی میں اور زیادہ انتشار و ہیجان پیدا کرتا ہے۔ (٢) اس آدمی کے لیے مکروہ ہے جو اکثر اوقات بطریق لہو و لعب کے سماع میں مشغول رہے۔ (٣) اس آدمی کے لیے مباح ہے جو محض ترنم اور خوش گلوئی سے دلچسپی رکھتا ہے۔ (٤) اس آدمی کے لیے مندوب ہے جس پر اللہ تعالیٰ کی محبت کا غلبہ ہو اور سماع اس کے لیے صرف اچھے اثرات مرتب کرے

مشائخ چشتیہ کے بارے میں منقول ہے کہ وہ سماع سے دلچسپی رکھتے تھے مگر ان کی دلچسپی آداب و شرائط کے حدود کے اندر ہوتی تھی چنانچہ وہ حضرات اکثر و بیشتر خلوت میں سماع سنتے تھے جہاں نہ تو غیر ہوتے تھے اور نہ غیر محرم۔ حضرت شیخ المشائخ خواجہ نظام الدین اولیاء کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بھی سماع سنتے تھے لیکن ان کی مجلس سماع مزامیر و قوالی جیسی لغویات سے پاک ہوتی تھی۔ " بہر حال مطلب یہ ہے کہ جو صوفیہ سماع کے قائل ہیں ان کے ہاں یہ کلیہ مقرر ہے کہ سماع صرف " اہل دل" کے مباح ہے۔ چنانچہ انہوں نے نہ صرف یہ کہ سماع کے آداب و شرائط مقرر کئے ہیں بلکہ یہ بھی بتا دیا ہے کہ سماع سننے کا اہل کسے کہا جا سکتا ہے۔ اور ایسے ہی سماع کی ممانعت کے سلسلے میں فقہاء اور اکابر اولیاء اللہ کے جو الفاظ منقول ہیں ان کا تعلق اس نغمہ سرور سے ہے جس کے ساتھ غیر مشروع چیزیں مثلاً مزامیر وغیرہ کی آمیزش ہو اور جس کی بنیاد محض خواہشات نفسانی اور لہو و لعب ہو ورنہ تو فی نفسہ خوش گلوئی ممنوع نہیں ہے کیونکہ وہ مباح الاصل ہے۔

پھر اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ جس طرح خوش گلوئی کے اندر مفاسد ہیں اسی طرح مصالح خیر بھی ہیں مثلاً نغمہ و ترنم سخت دل کو نرم کرتا ہے اور عبادت میں ذوق و شوق اور حلاوت و خشوع پیدا کرتا ہے تاہم اس کے باوجود نغمے پر مداومت اکابر سلف کے طریقہ اتباع سے بعید ہے، کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جو آدمی اس پر مداومت کرے گا وہ اس کی دلچسپی کو عبادت و ریاضت پر ترجیح دینے لگے اور شیطان کا مکر و فریب اسے اس راستے سے اپنے جال میں پھنسا کر اطاعت و شریعت کی اہمیت کو اس کی نظر سے کم کر دے جس کی وجہ سے وہ غلط راستے پر بھٹکنے لگے۔ لہٰذا سماع بذاتہ تو مباح ہے لیکن غلط عوارض جیسے عورت و شراب کے ذکر، نامحرم عورتوں اور مرد کے گانے، مزامیر یعنی ڈھول و ہارمونیم وغیرہ کی آمیزش، نفسانی خواہشات، سماع کی نااہلیت اور اس پر مداومت کی وجہ سے ممنوع ہے۔

چنانچہ یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ جو لوگ معرفت و حقیقت اور محبت و حال کے مدعی ہو کر اپنے ایک خاص جذبے کی تسکین کی خاطر سماع میں مشغول ہو کر حقیقی ذکر اللہ اور تلاوت قرآن کریم وغیرہ سے محروم رہتے ہیں وہ اپنے نفس کے دھوکے اور شیطان کے فریب میں مبتلا ہیں کہ وہ درحقیقت راہ راست سے ہٹ کر غلط راستہ اختیار کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ روز بروز دین وشریعت سے دور تر ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کی حالت یہ ہے کہ وہ دیگر عبادات میں کیا مشغول رہتے کہ ان کی نمازیں بھی بے روح ہو کر محض، نشست و برخاست" کا ایک مجموعہ بن کر رہ گئی ہیں۔ اور نمازیں بھی جبراً ریاء کی وجہ سے یا اللہ کی مخلوق کی نظروں میں بظاہر اپنی دینی و مذہبی زندگی کو نمایاں کرنے کے لیے پڑھتے ہیں۔ کاش انہیں سماع سے اس قدر دلچسپی نہ ہوتی صرف وہ نماز روزے اور دیگر فرائض خلوص نیت کے ساتھ ادا کرتے تو ان کا دین تو کم سے کم بنا رہتا۔ اس سلسلے میں یہ صورت بھی ہے کہ آجکل جو لوگ سماع کے قائل ہیں ان کا مطمح نظر یہ ہے کہ فلاں بزرگ سماع سنتے تھے یا ہمارے فلاں پیشوا اس کے قائل تھے لہٰذا جب انہوں نے اسے اختیار کیا تو ہم بھی ان کی پیروی کرتے ہیں اور ان کی اتباع میں سماع کو جائز قرار دیتے ہیں حالانکہ یہ بھی محض فریب نفس ہے کیونکہ اگر بزرگوں نے سماع کو اختیار کیا اور اس سے دلچسپی رکھی تو وہ ان کی حالت بے خودی اور غلبہ حال تھا، انہوں نے اگر سماع سنا ہے تو اس پر مداومت نہیں کی بلکہ کبھی کبھی مصلحت کے پیش نظر سنا ہے۔ پھر یہ کہ ان کے ہاں مجالس سماع کی یہ جلوہ نگاری نہیں تھی بلکہ انہوں نے خلوت میں اور خلوص نیت کے ساتھ سنا ہے نیز انہوں نے ضرورت قرار دے کر کوئی طریقہ مقرر نہیں کیا کہ بہر صورت اس پر عمل کیا جائے۔ پھر یہ کہ کہاں ان بزرگوں کا جذبہ حال و بے خودی اور اور اخلاص نیت اور کہاں ہمارے دور کی دنیاوی و نفسانی خواہشات اور فریب نفس؟ اب تو ان بزرگوں کی صرف اس بات کی تقلید ہے نہ ان کے صالح افکار کی اطاعت ہے اور ان کے نیک اعمال و مقدس زندگیوں کی پیروی۔ کسی نے سچ ہی کہا ہے کہ " بد نام کنندہ نکونامے چند۔"

حقیقت یہ ہے کہ ان بزرگوں سے نہ تو ان لوگوں کو کوئی حقیقی نسبت ہے اور نہ ان بزرگوں کا کوئی ان سے تعلق ہے ۔ اور جو لوگ ان امور کو باپ دادا کی روایت سمجھ کر بغیر اہلیت کے اختیار کئے ہوئے ہیں ان کے حال پر یہ آیت کریمہ صادق آتی ہے کہ اِنَّھُمْ اَلْفَوْہ اٰبَاءَ ھُمْ ضَالِّیْنَ فَھُمْ عَلٰی اَثَارِھِم یُھْرَعُوْنَ۔

حاصل یہ ہے کہ آجکل جو یہ طریقہ رائج ہے کہ اولیاء اللہ کے مزارات پر عرس کے نام پر محض نمودو نمائش اور حب جاہ و شہرت کے جذبے سے جشن منایا جاتا ہے مجالس رقص و سرور منعقد ہوتی ہیں، قوالوں اور گویوں کی جماعت اپنی قوالی اور سازوسامان کے ساتھ بلائے اور بغیر بلائے صرف شہرت اور مال حاصل کرنے کے لیے آتی ہے۔ ماشا اللہ ! کہ پہلے زمانے کے کسی بزرگ کا یہ طریقہ رہا ہو اور کسی بزرگ نے آجکل کی طرح یہ ڈھونگ رچائے ہوں؟

اور پھر غصب یہ کہ ان چیزوں کو مشائخ کے عرسوں میں قرب خدا کا ذریعہ سمجھا جانے لگا ہے ایسے لوگ غور کریں کہ انہوں نے گمراہی و ضلالت کا کیسا راستہ اختیار کر رکھا ہے یہ کون سی مذہبی اور دینی زندگی ہے؟ کاش یہ لوگ اپنے آپ کو متقی و پرہیزگار اور بزرگان دین کے شیدائی نہ کہتے اور اپنے جسم آزاد پر نام نہاد زہد و تقوی کا یہ جامہ تنگ مزین نہ کرتے۔

خوب اچھی طرح جان لیجئے کہ ایسے لوگوں کی شرعا ودیانۃ نہ تو اطاعت واجب ہے اور نہ انکی تعظیم ضروری ہے اس لیے کہ اگر ان لوگوں کی عزت و توقیر کی جائے گی تو اس طرح ان کے ان اعمال و افعال کی تائید و مدد ہوگی۔ اللہ ہم سب کو بھی اسی راستہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے جو اس نے اپنے پیغمبر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے ہمیں دکھایا ہے۔ آمین۔
Irfan Ali
About the Author: Irfan Ali Read More Articles by Irfan Ali: 20 Articles with 29649 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.