احادیث طیبہ پر مستشرقین کے اعتراضات

حضوراکرمﷺ کی حدیث (سنت )کو قرآن کریم کے بعد اسلامی قانون کا دوسرا اہم تر ین ماخذ تسلیم کیا گیا ہے ۔سنت کا یہ مقام صدیوں سے مسلم اور غیر متنازعہ رہا ہے اگرچہ فقہی آراء کے بارے میں مسلمانوں میں مختلف نقطہ نظر رہے ہیں لیکن قرآن حکیم اور اور سنت نبوی ﷺ کی حجیت کا کسی ماہر قانون نے کبھی انکار نہیں کیا اور نہ ہی کسی فرد نے کبھی اسلامی قانون کے بنیادی اور اہم ماخذ کی حیثیت سے سنت کادرجہ چیلنج کیا ہے۔

لیکن پچھلی صدی کے دوران چند غیرمسلم مستشرقین اور ان کے پیرو کاروں نے کوشش کی ہے کہ حدیث کی حجیت اور اس کی استنادی حیثیت کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کیے جائیں یہی وجہ ہے کہ کئی مسلمان جو اسلام کا اس کے اصل ماخذ سے مطالعہ نہیں کرسکتے وہ مستشرقین کی تحریریں پڑھ کر شکوک وشبہات کا شکار ہوگئے ہیں۔

مستشرقین کا اصل مقصد اسلامی تعلیمات کو مسخ کرکے اسلام کا خاتمہ ہے اس مقصد کے لیے انہوں نے ہر قسم کا حربہ استعمال کیا اور میکاؤلی کا یہ اصول"کہ مقصد عظیم ہو تو اس کے حصول کے لیے ہر ذریعہ استعمال کرنا جائز ہے "کا انہوں نے خوب استعمال کیا حالانکہ میکاؤلی نے یہ اصول سیاستدانوں کے لیے وضع کیا تھا لیکن یورپ کے ارباب قلم وعلم نے بھی اس اصول سے خوب فائدہ اٹھایا اور قرآن کریم اور احادیث نبوی ﷺمیں تشکیک وشبہات پیدا کرنے کے لیے زہر افشانیاں اور خیالات فاسدہ وافکار باطلہ تحقیق کی آڑ میں پھیلانا شروع کردیے۔

ایک غیر جانبدار محقق بنظر انصاف ہر قسم کے تعصب سے بالاتر ہوکر تحقیق کرتا ہے لیکن مستشرقین کی تحقیق کا انداز نرالا ہے کہ ان کے کسی ایک پیش رو نے اسلام کے خلاف کوئی شوشہ چھوڑا تو دوسرے نے اسی شوشے کو مزید ہوا دی اسی طرح جب وہ حدیث کے متعلق کو ئی تحقیق کرتے ہیں تو وہ گولڈ زیہر اور اس کے متبعین کی تصانیف کوہی قابل اعتماد مصادر سمجھتے ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ حدیث کا جس قدر مطالعہ گولڈزیہر(Goldziher)نے کیا ہے اتنا کسی اور مستشرق نے نہیں "دائرہ معارف اسلامیہ ""کا مقالہ نگار اس کے متعلق لکھتا ہے :۔""گولڈ زیہر نے حدیث کے متعلق جو لکھا ہے ،علم اس کا مرہون منت ہے۔ مستشرقین کی اسلامی تحقیقات پر جتنا اثر انداز گولڈ زیہر ہوا ہے ،اتنا اس کا کوئی دوسرا معاصر مستشرق نہیں ہوا ۔ (ضیا ء البنی جلد ہفتم صفحہ ۱۵)

گولڈ زیہر کی تمام تر زہر افشانیاں اس کی کتاب "دراسات محمدیہ "(۱۸۹۰؁ میں جرمن زبان میں شائع ہوئی )میں موجود دہیں جن کا مطالعہ کر کے ہر بعد میں آنے والا مستشرق انہی خیالات کو اپنے الفاظ میں بیان کرتا ہے قطع نظر اس بات سے اصول حدیث اور تاریخ حدیث پر مسلمانوں کا جوموقف ابتدا سے رہا ہے وہ ہر دور کی تصانیف میں درج ہے لیکن مستشرقین نہ تو مسلمانوں کے موقف کی طرف توجہ کرتے ہیں اور نہ ہی حدیث کے متعلق مسلمانوں کے چودہ سوسالہ ادب کو کوئی اہمیت دیتے ہیں۔

تعجب کی بات ہے کہ مستشرقین کے پاس اپنی مذہبی کتابوں کے متعلق یہ ثابت کرنے کے لیے کوئی دلیل نہیں کہ کن مصادر کی مدد سے یہ کتابیں لکھی گئیں؟جن ہستیوں کی طرف منسوب ہیں وہ واقعی انہی کی زبان وقلم سے نکلی ہیں؟

ان کتابوں کے متن میں جو باتیں درج ہیں ان کو عقلاً تسلیم کرنا ممکن ہے یا نہیں؟ انجیل کے مصنفین کے متعلق بھی عیسائیوں کو کچھ علم نہیں کہ وہ کون ہیں؟

بس یہ کہہ کر جان چھڑوائی جاتی ہے کہ وہ لوگ ملہم (Inspired)تھے اور اسی الہام (Inspiration)کی مدد سے انہوں نے وہ کتابیں لکھی تھیں۔ مستشرقین بائبل کے مصنفین کی ہربات کو آنکھ بند کر کے تسلیم کرلیتے ہیں اور اس حوالے سے ان کے قلموں کی سیاہی خشک ،افکار کی دھار کند اور تخیل کی تیزی جمود کاشکارہے کیا انصاف کا یہی معیار ہے ؟

قارئین کے لیے مستشرقین کے چند مشہور اعتراضات بمع جوابات پیش خدمت ہیں ۔
1۔احادیث کی کتابوں میں بعض موضوع روایات کے پائے جانے کی وجہ سے دوسری احادیث کی حیثیت مشکوک ہے ۔
چنانچہ آرتھر جیفری (Arthur Jeffery)اپنی کتاب "Islam, Muhammad and his religion"میں لکھتاہے :
"After the prophet's death, however, the growing community of his followers found that a great many problems of religion, and even more of community life, were arising for which there was no specific guidance in the Quran, Guidance was therefore sought in the Traditions, Hadith, as to what the prophet had said and done, or was reported to have said and done. This vast accumulation of genuine, partly genuine, and quite spurious traditions was presently digested into the collection of Hadith" ("Islam, Muhammad and his religion"Page12)
"تاہم پیغمبر(ﷺ)کے انتقال کے بعد، ان کے پیروکاروں کی بڑھتی ہوئی جماعت نے محسوس کیا کہ مذہبی اور معاشرتی زندگی میں بے شمار ایسے مسائل ابھر رہے ہیں جن کے متعلق قرآن میں کوئی رہنمائی موجود نہیں ،لہٰذا یسے مسائل کے متعلق راہنمائی حدیث میں تلاش کی گئی۔ احادیث سے مراد وہ چیزیں جو پیغمبر (ﷺ)نے اپنی زبان سے کہیں یا آپ ان پر عمل پیرا ہوئے یا وہ چیزیں جن کے متعلق کہا گیا کہ وہ پیغمبر (ﷺ)کے اقوال یا افعال ہیں ۔صحیح ،جزوی طور پر صحیح اور اور جعلی احادیث کا بہت بڑا ذخیرہ حدیث کی کتابوں میں جمع کردیا گیا ۔"

آتھرجیفری نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ صحیح اور جزوی طور پر صحیح احادیث بھی تھیں لیکن جعلی احادیث بھی وضع کی گئیں تھیں مسلمانوں نے صحیح احادیث کے ساتھ من گھڑت احادیث کو بھی کتابوں میں درج کردیا جس سے دوسری صحیح حدیثوں کی حیثیت مشکوک ہوگئی۔

٭مستشرقین کا یہ اعتراض انتہائی کمزور اور سطحی درجہ کا ہے احادیث کی کتابوں میں موضوع احادیث کی موجودگی کوئی ایسی بات نہیں جس کے انکشاف کا سہرا مستشرقین کے سر پر ہو، بلکہ مسلمان ہر زمانے میں اس قسم کی حدیثوں سے آگاہ رہےہیں اور علماء نے اپنے دینی بھائیوں کو ہمیشہ ایسی احادیث سے آگاہ اور خبردار کیا ہے۔

چنانچہ علامہ جلال الدین سیوطیؒ نے "اللآلی المصنوعہ فی الا حادیث الموضوعۃ"کے عنوان سے کتاب لکھی جس میں تمام مو ضوع احادیث کو جمع کیا اور اسی طرح حافظ ابو الحسن بن عراق نے"تنزیہ الشریعۃ المرفوعۃ عن الاحادیث الشنیعۃالموضوعۃ "کتاب لکھی جس میں موضوع روایات کا ذکر ہے تاکہ مسلمان موضوع احادیث سے ہوشیار رہیں۔جب مسلم علماء کا حدیث کے ساتھ اس قدر اسشتغال ہے کہ وہ موضوع اور صحیح، ضعیف اور سقیم حدیث میں تمیز کرسکتے ہیں اور انہوں نے ایسے قوانین اور اصول مرتب کیے جن کی روشنی میں احادیث صحیحہ کو پرکھا جاسکتا ہے۔

تو موضوع روایات کے پائے جانے کی وجہ سے احادیث صحیحہ کی حیثیت کیسے مشکوک ہوگئی ؟

صحیح بخاری، صحیح مسلم، جامع ترمذی، سنن ابی داؤد، نسائی شریف میں کوئی حدیث موضوع نہیں اور ابن ماجہ میں گو چند ایک موضوع احادیث ہیں لیکن محدثین ان کی بھی نشاندہی کی ہے۔ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ مستشرقین کو ایسی احادیث کے موضوع ہونے کا علم ہی مسلمانوں کی خوشہ چینی سے ہوا ہے وگر نہ جو قوم بائبل کے ہر رطب ویابس کے کلام اللہ ہونے پر یقین رکھتی ہو اسے کیا خبر کہ صحیح حدیث کونسی ہے اور موضوع کونسی؟

2۔سرولیم میور او ر گولذ زیہر کا دعویٰ ہے کہ آنحضرت ﷺ کی حدیثیں لکھنے کا کام آپ کی وفات کے نوے برس بعد شروع ہوا، اور بعد میں آنے والے مستشرقین اورمنکرین حدیث نے تو ایک قدم آگے بڑھ کر کہہ دیا کہ احادیث کی تدوین تیسری صدی ہجری میں ہوئی ہے اس لیے حدیث کو دین اسلام کا مصدر قرار دینا صحیح نہیں اور اس پر اعتماد بھی نہیں کیا جاسکتا؟

٭مستشرقین کا یہ اعتراض زبردست مغالطے پر مبنی ہے اس لیے کہ حدیث کی حفاظت کا طریقہ محض کتابت نہیں ہے بلکہ دورنبوی ﷺ میں مختلف طریقے اختیار کیے گئے ہیں۔
۱)بذریعہ یادداشت :
عربوں کو غیر معمولی یادداشت اور قوت حافظہ عطا کی گئی تھی ان کو اپنی شاعری کے سینکڑوں اشعار یاد ہوتے تھے، وہ نہ صرف اپنے سلسلہ نسب کو یاد رکھتے تھے بلکہ اکثر لوگوں کو تو اپنے گھوڑوں اور اونٹوں کے نسب تک یاد ہوتے تھے۔

صحیح بخاری شریف میں حضرت جعفر بن عمر و الضمری بیان کرتے ہیں کہ میں ایک مرتبہ عبیداللہ بن عدی بن خیار کے ساتھ حضرت وحشی سے ملنے "حمص" گیا ،عبیداللہ نے پوچھا کہ آپ مجھے پہچانتے ہیں؟

تو حضرت وحشیؓ نے جواب دیا کہ آج سے کئی سال پہلے ایک دن عدی بن خیار کے گھر ایک بچہ پیدا ہوا تھا اورمیں اس بچے کو چادر میں لپیٹ کر مُرضَعہ کے پاس لے گیا تھا بچہ کا سارا جسم ڈھکا ہوا تھا میں نے صرف پاؤں دیکھے تھے، تمہارے پاؤں اس کے پاؤں کے ساتھ مشابہت رکھتے ہیں (درس ترمذی جلد اول صفحہ۳۵،از شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی صاحب)

غور کرنے کی بات ہے کہ جو قوم اتنی معمولی باتوں کو اتنے وثوق سے یاد رکھتی ہے وہ آنحضرت ﷺ کے
اقوا ل وافعال یاد رکھنے کا کتنا اہتمام کرے گی جبکہ وہ انہیں اپنے لیے راہ نجات سمجھتے ہوں اور اس ارشاد عالی کو بھی سن رکھا ہو ۔
" نَضَّرَ اللَّهُ امْرَأً سَمِعَ مِنَّا حَدِيثًا فَحَفِظَهُ حَتَّی يُبَلِّغَهُ فَرُبَّ حَامِلِ فِقْهٍ إِلَی مَنْ هُوَ أَفْقَهُ مِنْهُ وَرُبَّ حَامِلِ فِقْهٍ لَيْسَ بِفَقِيهٍ "(ابو داؤد شریف ،کتاب العلم )
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا"اللہ تعالیٰ اس شخص کو تروتازہ رکھے جس نے ہم سے حدیث سنی اور سے یاد کیا یہاں تک کہ اسے آگے دوسروں تک پہنچایا پس بہت سے فقہ کے حامل ایسے ہیں جو اس کو زیادہ فقیہ لوگوں تک پہنچا دیں گے اور بہت سے فقہی مسائل کے واقف ایسے ہیں جو خود فقیہ نہیں ہیں۔"چنانچہ صحابہ کرامؓ احادیث زبانی یاد کرنے کے عادی تھے۔

سیدنا حضرت ابو ہریرۃ ؓ جو رسول اکرم ﷺ کے ممتاز صحابی ہیں اور پانچ ہزارتین سو چوہتر(5374(احادیث کے راوی ہیں وہ فرماتے ہیں:۔"میں نے اپنی رات کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہوا ہے ایک تہائی رات میں نماز پڑھتا ہوں، ایک تہائی میں سوتا ہوں،اور باقی ایک تہائی رات میں رسول اکرم ﷺ کی احادیث یاد کرتا ہوں ۔" (حجیت حدیث صفحہ ۱۱۱،از شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی صاحب)

۲)مذاکرے :
حفاظت حدیث کا دوسرامصدر وماخذ اور طریقہ صحابہ کرام ؓ کے باہمی مذاکرے تھے انہیں جب بھی کسی سنت کے بارے میں علم ہوتا تو وہ اسے بیان کرکے دوسروں تک پہنچاتے اور یہ طریقہ کار درحققیت حضور اکرم کے حکم کی تعمیل پر مبنی تھا۔
ارشادنبوی ﷺ ہے " فَلْيبلغ الشَّاهِدُ الْغَائِبَ"(بخاری شریف ،کتاب المناسک )
جو لوگ حاضر ہیں وہ ان لوگوں کو پہنچا دیں جو یہاں موجود نہیں ہیں۔

چونکہ اصحاب رسول ﷺ کی نظروں میں علم حدیث کی بہت اہمیت تھی اس لیے ان کا مشغلہ یہی تھا کہ جب کبھی وہ باہم یکجا ہوتے تو آپ ﷺ کے ارشادات کا تذکر ہ کرتے ان مسلسل اور متواتر مذاکروں نے سنت کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیااور جو احادیث مبارکہ چند افراد تک محدود تھیں وہ دوسروں تک پہنچ گئیں۔

۳)تعامل :
سنت کی حفاظت کا تیسرا راستہ یہ تھا کہ اس پر عمل کیا جائے، صحابہ کرام ؓ جو کچھ آپ ﷺ سے حاصل کیا اسے عملی طور اپنے جاری کیا تو یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ حضور اکرم ﷺ کی سنت کو بھول جاتے جبکہ انہوں نے اپنی زندگیوں کی عمارت اسی بنیاد پر استوار کی تھی۔

۴)کتابت :
حدیث مبارکہ کی حفاظت کا چوتھا طریقہ " کتابت "ہے جو حضور اکرم ﷺ کے دور مبارک میں شروع ہوچکا تھا مستشرقین کا یا منکرین حدیث یہ کہنا کہ احادیث تیسری صدی ہجری میں یا اڑھائی سو سال بعد لکھی گئیں یہ تاریخی حقائق کو جھٹلانے والی بات ہے جو محض ہٹ دھرمی اور تعصب پر مبنی ہے۔

تاریخی طور پر کتابت حدیث کو چار مراحل پر تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
ا۔متفرق طور پر احادیث جمع کرنا ۔
ب۔کسی شخصی صحیفہ میں احادیث کو جمع کرنا جس کی حیثیت ذاتی یادداشت کی ہو۔
ج۔احادیث کو کتابی صورت میں بغیر تبویب (ابو اب بندی )کے جمع کرنا ۔
د۔احادیث کو کتابی صورت میں تبویب کے ساتھ جمع کرنا۔

عہد رسالت ﷺ اور عہد صحابہ ؓ میں کتابت کی پہلی دوقسمیں اچھی طرح رائج ہوچکیں تھیں۔ (حجیت حدیث صفحہ۱۰۹تا ۱۲۴)
حضوراکرم ﷺ کا احادیث لکھوانا ،صحابہؓ کا احادیث کو لکھنا اور ان کی حفاظت کے لیے زبردست کوششیں کرنا ،اس بات کی دلیل ہے کہ ان کے نزدیک احادیث کی حفاظت انتہائی اہم ذمہ داری تھی اور وہ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے تھے۔

عہد تابعین میں کتابت وتدوین حدیث
جیسے جیسے وقت گزرتا گیا ،اسلامی سرحدیں دنیا کے طول وعرض میں پھیلنے لگیں مسلمانوں کی تعداد بڑھتی گئی ،صحابہ کرامؓ ایک ایک کر کے اس دنیا سے رخصت ہوتے گئے ان حالات میں حضرت عمربن عبدالعزیز ؓ نے سرکاری سطح پر احادیث طیبہ کی تدوین کے لیے اقدامات کیے اور یہ 100؁ کی بات ہے لیکن حضرت عمربن عبدالعزیزؒ کی اس کوشش اور حکم سے پہلے بھی عہد تابعین میں احادیث کی تدوین کے آثار ملتے ہیں ۔اس سلسلے میں صحیفہ ہمام بن منبہؒ نمایاں ہے جس میں حضرت ابو ہریرہؓ کے جلیل القدر شاگرد حضرت ہمام بن منبہؒ نے اپنے استاد محترم سے حاصل کردہ روایات کو جمع کیا اور اس کا نام "الصحیفہ الصحیحہ"رکھا ۔

امام احمد بن حنبل ؒ نے اپنی مسند میں اس صحیفہ کو بتما مہا نقل کردیا ہے ۔حسن اتفاق سے چند سال پہلے اس صحیفہ کااصل مخطوطہ دریافت ہوگیا ہے اس کا ایک نسخہ جرمنی میں برلن کے کتب خانہ میں موجود ہے اور دوسرا نسخہ دمشق کے کتب خانہ "مجمع علمی "میں ،سیرت اور تاریخ کے مشہور محقق ڈاکٹر محمد حمیداللہ نے ان دونوں نسخوں سے مقابلہ کرکے یہ صحیفہ شائع کردیا ہے اس میں ایک سے اڑتیس احادیث ہیں ،اور جب مسند احمد سے اس کا مقابلہ کیا گیا تو کہیں ایک حرف یا ایک نقطہ میں بھی فرق نہیں تھا ۔ (درس ترمذی جلد اول صفحہ ۴۲)

خلاصہ کلام :
حضوراکر مﷺ کے دور مبارک میں ہی احادیث کو لکھا جانے لگا تھا لیکن وہ احادیث کسی ترتیب سے نہیں تھیں جس نے جو سنا اس کونقل کرلیا ، بعدمیں جیسے جیسے علم حدیث کے ساتھ اہل علم کا اشتغال بڑھتا گیا تو مختلف اعتبار سے علم حدیث پرکتب لکھی جانے لگیں کسی نے فقہی نقطہ نظر سے اپنی کتاب کو تالیف کیا اور کسی نے "عقائد "اور "ایمانیات"سے آغاز کیا ۔"طہارت "سے متعلقہ احادیث کو "کتاب الطہارت"میں اور "نماز "سے متعلقہ احادیث کو "کتاب الصلوۃ"میں اور زکوۃ کی احادیث کو "کتا ب الزکوۃ"میں علی ہذالقیاس اس طرح باقی احکامات کو ابواب بندی کرکے درج کیا ۔

3۔ حضوراکر م ﷺ کا کتابت حدیث سے منع کرنا " قَالَ لَا تَکْتُبُوا عَنِّي وَمَنْ کَتَبَ عَنِّي غَيْرَ الْقُرْآنِ فَلْيَمْحُهُ وَحَدِّثُوا عَنِّي وَلَا حَرَجَ وَمَنْ کَذَبَ عَلَيَّ قَالَ هَمَّامٌ أَحْسِبُهُ قَالَ مُتَعَمِّدًا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنْ النَّارِ "
(مسلم شریف جلد دوم صفحہ۴۱۴)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم مجھ سے کوئی بات نہ لکھو اور جس آدمی نے قرآن مجید کے علاوہ مجھ سے کچھ سن کر لکھا ہے تو وہ اس مٹا دے اور مجھ سے سنی ہوئی احادیث بیان کرو اس میں کوئی گناہ نہیں اور جس آدمی نے جان بوجھ کر مجھ پر جھوٹ باندھا تو اسے چاہئے کہ وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے۔

اس بات کی دلیل ہے کہ احادیث حجت نہیں،تو پھر حدیثوں کی کیا اہمیت اور ان پر اعتماد کیسا ؟
٭مستشرقین کی خدمت میں گزارش ہے کہ جب ان کا دعویٰ یہ ہے کہ احادیث قابل اعتماد اور لائق حجت نہیں تو پھر اپنے موقف کی تائید میں حدیث کو پیش کرکے استدلال کرنا کیسے صحیح ہے ؟

حقیقت یہ ہے کہ مستشرقین اسلام کی دشمنی میں اس قدر سچا ئی اور حق سے دور جاچکے ہیں کہ اسلام میں شکوک وشبہات پیدا کرنے کے لیے ایک بات پر نکتہ اعتراض اٹھارہے ہوتے ہیں تو دوسرے مقام پر اسی رد کی ہوئی بات سے دلیل پکڑ رہے ہوتے ہیں قطع نظر اس بات سے اس عمل سے ان کے اپنے اقوال میں تضاد واقع ہورہا ہے۔

٭کتابت حدیث کی ممانعت اس زمانےکی بات ہے جب تک قرآن کریم کسی ایک نسخہ میں مدون نہیں ہوا تھا بلکہ متفرق طور پر صحابہ کے پاس لکھا ہوا تھا دوسری طرف صحابہ کرام بھی ابھی تک اسلوب قرآن سے اتنے مانوس نہ تھے کہ وہ قرآن اور غیر قرآن میں پہلی نظر تمیز کرسکیں، ان حالات میں اگر احادیث بھی لکھی جائیں تو خطرہ تھا کہ وہ قرآن کے ساتھ گڈ مڈ ہوجائیں اس خطرہ کے پیش نظر آپ ﷺ نے کتابت حدیث سے ممانعت فرما دی لیکن جب صحابہ کرام اسلوب قرآن سے اچھی طرح واقف ہوگئے تو آپ ﷺ نے کتابت حدیث کی اجازت دیدی جس کے متعدد واقعات کتب حدیث میں منقول ہیں۔

Ǻ۝حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک صحابیؓ نے شکایت کی کہ وہ بسا اوقات احادیث کو بھول جاتے ہیں تو آپ ﷺ نے فرمایا"اسْتَعِنْ بِيَمِينِکَ وَأَوْمَأَ بِيَدِهِ لِلْخَطِّ "
(ترمذی شریف صفحہ۱۰۷جلد ۲)

اپنے داہنے ہاتھ سے مدد لو اور (یہ فرماکر )آپ نے اپنے ہاتھ سے لکھنے کا اشارہ فرمایا ۔
Ą۝عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو قَالَ کُنْتُ أَکْتُبُ کُلَّ شَيْئٍ أَسْمَعُهُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أُرِيدُ حِفْظَهُ فَنَهَتْنِي قُرَيْشٌ وَقَالُوا أَتَکْتُبُ کُلَّ شَيْئٍ تَسْمَعُهُ وَرَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَشَرٌ يَتَکَلَّمُ فِي الْغَضَبِ وَالرِّضَا فَأَمْسَکْتُ عَنْ الْکِتَابِ فَذَکَرْتُ ذَلِکَ لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَوْمَأَ بِأُصْبُعِهِ إِلَی فِيهِ فَقَالَ اکْتُبْ فَوَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ مَا يَخْرُجُ مِنْهُ إِلَّا حَقٌّ ) ابو داؤدشریف جلددوم صفحہ ۵۱۳)
"عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ فرماتے ہیں کہ میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جو باتیں سنا کرتا تھا انہیں لکھا کرتا تھا یاد کرنے لیے۔ لیکن مجھے قریش نے منع کیا اور کہنے لگے کہ تم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہر بات کو جو سنتے ہو لکھ لیا کرتے ہو حالانکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بشر ہیں (اور بشری تقاضا کی وجہ سے آپ کو غصہ بھی آتا ہے، خوشی کی حالت بھی ہوتی ہے) اور آپ کبھی غصہ میں اور کبھی خوشی کی حالت میں گفتگو کرتے ہیں لہٰذا میں نے کتابت سے ہاتھ روک لیا اور اس کا تذکرہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا، حضور نے اپنی انگلیوں سے اپنے منہ کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا کہ لکھا کرو اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے اس منہ سے سوائے حق بات کے اور کچھ نہیں نکلتی۔"

Ǽ۝فتح مکہ کے موقع پر (8-ھ) حضوراکرم ﷺ نے خطبہ ارشاد فرمایا جس میں انسانی حقوق پر مشتمل کئی احکام شریعت تھے، ایک یمنی شخص نے جس کا نام "ابو شاہ "تھا اس نے حضور اکرم ﷺ سے درخواست کی کہ یہ خطبہ اسے تحریری صورت میں مہیا کیا جائے جس پر آپ ﷺ نے فرمایا "اکْتُبُوا لِأَبِي شَاهٍ"(صحیح بخاری ،کتاب العلم صفحہ ۲۲)

ابو شاہ کے لیے تحریر کرو ۔
یہ چند مثالیں اس بات کو واضح کرنے کے لیے کافی ہیں کہ عہد رسالت ﷺ اور عہد صحابہ میں کتابت حدیث کا طریقہ خوب اچھی طرح رائج ہوچکا تھا لیکن یہ کوششیں سب انفرادی تھیں اور کتابت حدیث سے ممانعت اک مخصوص وقت میں تھی ۔

٭امام نوویؒ (شارح صحیح مسلم )نے منع کتابت حدیث کی ایک اور توجیہ ذکر کی ہے کہ علی الاطلاق کتابت کسی بھی زمانہ میں ممنوع نہیں ہوئی ،بلکہ بعض حضرات صحابہ ایسے کرتے تھے کہ آیات قرآنی لکھنے کے ساتھ ساتھ آنحضرت ﷺ کی بیان فرمودہ تشریح وتفسیر بھی اسی جگہ لکھ لیا کرتے تھے۔

یہ صورت بڑی خطرناک تھی، کیونکہ اس سے آیات قرآنی کے التباس کا قوی اندیشہ تھا اس لیے صرف اس صورت کی ممانعت کی گئی تھی ،قرآن سے الگ احادیث لکھنے کی کوئی ممانعت نہیں تھی( درس ترمذی جلداول صفحہ ۳۷)
4۔منٹگمری واٹ احادیث طیبہ کی اسناد کے متعلق اعتراض کرتے ہوئے لکھتا ہے کہ مسلمان اپنی بات کو حضوراکرم (ﷺ) کی طرف منسوب کرنے کے لیے اسناد کو گھڑا کرتے تھے۔

چنانچہ وہ لکھتا ہے "The insistence on complete chains is to be associated with the teaching of Ash –Shafi-I, who was roughly a contemporary of al-Waqidi .Once it became fashionable to give complete isnads, scholars must have been tempted to extend their chains backwards to contemporaries of Muhmmad.Even when thus added to the chains, however, their additions may have been sound, since they probably knew in a general way where their predecessors had obtained information. This means only that we cannot rely so fully on the early links of chains as on the later ones" (Muhammad at madina oxford university Press Karachi Page 388 pub year1981)

"احادیث کی مکمل اسناد بیان کرنے کو "الشافعی "کی تعلیمات کا نتیجہ قرار دیا جاسکتاہے جو تقریباالواقدی کےہم عصر تھے ۔جب احادیث کی مکمل اسناد بیان کرنے کا رواج ہوگیا تو لازما علماء کی یہ خواہش ہوتی ہوگی کہ وہ اپنی اسناد کو حضرت محمد (ﷺ)کے صحابہ تک پہنچائیں ۔خواہ انہیں اپنی اسناد میں اضافہ کرنا پڑے ،تاہم اس قسم کے اضافوں کو بھی قابل اعتبار سمجھا جاسکتا ہے کیونکہ غالباً وہ عام طور پر جانتے تھے کہ ان کے پیش روؤں نے یہ معلومات کہاں سے حاصل کیں،اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ ہم جس طرح اسناد کی آخری کڑیوں پر اعتبار کرسکتے ہیں اس طرح ان کی ابتدائی کڑیوں پر اعتبار نہیں کرسکتے ۔"
منگمری واٹ یہ تاثر دینے کی کوشش کررہاہے کہ مسلمان احادیث کی سند کو گھڑا کرتے تھے بظاہر وہ یہ نہیں کہہ رہاکہ وہ احادیث کو گھڑا کرتے تھے اس لیے کہ جب اسناد مشکوک ہوجائیں گی تو احادیث طیبہ خود بخود اپنا اعتماد واعتبار کھو بیٹھیں گی ۔

٭منٹگمری واٹ کا یہ اعتراض یا تو مسلمانوں کے اصول حدیث کے فن سے اس کی کلیۃ جہالت کا نتیجہ ہے اور یا پھر احادیث طیبہ کے قصر رفیع کی بنیادوں پر عمدا کلہاڑا چلانے کی بہت بڑی سازش ہے۔

روایت حدیث میں کڑی احتیاط کی خاطر محدثین کرام نے سند کی پابندی اپنے اوپر لگائی جو اسی امت کی خصوصیت ہے۔ تاکہ کسی دشمن اسلام کو دخل اندازی کا موقعہ نہ مل سکے ۔محدثین "اسناد "کی جانچ پڑتال کرتے تھے نہ کہ گھڑتے تھے۔

سند کا سب سے پہلا اصول یہ ہے کہ جو شخص بھی کوئی حدیث بیان کرے، پہلے وہ یہ بتائے کہ اس کو یہ حدیث کس نے سنائی ہے؟ اور اس سنانے والے نے کس سے سنی ہے؟ اسی طرح جتنے راویوں کا واسطہ اس حدیث کی روایت میں آیا ہے، ان سب کے نام بہ ترتیب بیان کر کے اس صحابی کا نام بتائے جس نے یہ حدیث حضور اکرم ﷺ سے خود سن کر روایت کی ہے، چنانچہ آج حدیث نبوی ﷺ کے جو عظیم الشان مجموعے مشہور ومعروف کتب حدیث کی صورت میں ہمارے پاس محفوظ اور پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں، ان میں ہر ہر حدیث کے ساتھ اس کی سند بھی محفوظ چلی آرہی ہے، جس کی بدولت آج ہر حدیث کے بارے میں نام بہ نام یہ بتایا جاسکتا ہے کہ آنحضرت ﷺ سے ہم تک یہ حدیث کن کن اشخاص کے واسطے سے پہنچی ہے۔

کسی حدیث کی سند میں اگر درمیان کے کسی راوی کا نام چھوڑ دیا جائے تو محدثین ایسی سند کو "منقطع "کہہ کر ناقابل اعتماد قرار دیتے ہیں، اوراگر نام تو سب راویوں کے بیان کردے جائیں، مگر ان میں کوئی راوی ایسا آجائے جو ثقہ، اور متقی وپرہیزگار نہ ہو، یا اس کاحافظہ کمزور ہو یا وہ ایسا غیر معروف شخص ہو جس کے تقویٰ اور حافظے کے متعلق کچھ معلوم نہ ہو، تو ایسی تمام صورتوں میں محدثین، اس سند پر اعتماد نہیں کرتے، اور جب تک وہ حدیث کسی اور قابل اعتماد سند سے ثابت نہ ہوجائے اسے قابل استدلال نہیں سمجھتے۔ اور یہ ساری تفاصیل جاننے کے لیے "اسماء الرجال "کا فن ایجاد کیا گیا جسمیں راوی کے تمام ضروری حالات مثلاً، پیدائش وفات، تعلیم کب اور کس سے حاصل کی، شاگرد کون تھے، ناقدین کیا رائے تھی وغیرہ ذالک سب اس میں موجود ہیں ۔ (کتابت حدیث عہدرسالت وعہد صحابہ میں ،صفحہ ۳۰)

فن اسماء الرجال کے بارے میں ڈاکٹر اسپرنگر جیسے متعصب یورپین کو یہ لکھنا پڑا کہ "کوئی قوم دنیا میں ایسی نہیں گزری، نہ آج موجود ہے، جس نے مسلمانوں کی طرح "اسماء الرجال "کا عظیم الشان فن ایجاد کیا ہو ،جس کی بدولت آج پانچ لاکھ شخصوں کا حال معلوم ہوسکتا ہو۔"( خطبات مدراس صفحہ ۴۲)

خلاصہ کلام :
محدثین روایت کو لینے اور بیان کرنے میں بڑی احتیاط کرتے تھے اور باقاعدہ اسناد کی جانچ پڑتال کرتے تھے اور اس کا مقصد ہی یہی ہوتا تھا کہ وہ "سند " من گھڑت تو نہیں اگر کسی قسم کا کوئی شبہ یا شک ہوتا تو روایت کو چھوڑ دیتے تھے چہ جائیکہ یہ کہا جائے کہ وہ "اسناد "کو گھڑتے تھے ۔

اور راویوں کی چھان بین کے سلسلے میں"اسماء الرجال "جیسا عظیم الشان فن یجاد ہوا جس کی بدولت کسی بھی راوی کے مکمل حالات معلوم کیے جاسکتےہیں لہٰذا یہ کہناکہ محدثین اسنا د کو گھڑا کرتے تھے یہ سراسر ا بے جا الزام ہے جو دعویٰ بلادلیل کے قبیل سے ہے جس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

5۔گولذ زیہر اور شاخت نے متن حدیث پر اعتراض کیا ہے کہ محدثین نے اسناد کے پرکھنے میں جس قدر محنت کی، اس قدر محنت "متن"کی جانچ پڑتال میں نہیں کی کہ آیا وہ بات جس کو حدیث بیان کررہی ہے وہ اس معاشرے او ر واقعہ پر بھی منبطق ہوتی ہے؟

٭مستشرقین کا یہ کہنا کہ "متن "کی جانچ پڑتال نہیں کی گئی یہ حقائق سے چشم پوشی کرنا ہے۔

محدثین نے جس طرح احادیث کی "اسناد "کو پرکھا اسی طرح"متون حدیث "کو بھی پرکھا اور اس سلسلے میں اصول وقواعد مرتب کیے ،شاذ ومعلل کی اصطلاحات مقرر کیں جس طریقے سے سند میں شذوذ پایا جاسکتا ہے اسی طرح متن میں بھی، جس طریقے سے کوئی علت خفیہ قادحہ سند میں ہوسکتی ہے متن میں بھی پائی جاسکتی ہے، جس طرح سند "منکر،مضطرب،مصحف،مقلوب "ہوسکتی ہے اسی طرح بعینہ متن میں بھی یہ صورت حال ہوسکتی ہے۔

لہٰذا جب محدثین کرام نے سند اور متن دونوں کے پرکھنے کے اصول وضع کیے ہیں تو پھر کہاں اس بات کی گنجائش ہے کہ یہ کہا جائے محدثین نے "متن حدیث "کو نہیں پرکھا۔

٭احادیث کے "متون"کی جانچ پڑتال تو صحابہ کرامؓ کے زمانے میں بھی ہوتی تھی جس کی کئی مثالیں موجود ہیں کہ باوجود "سند"کے صحیح ہونے کے ،"متن "کو رد کردیا گیا ۔جیسا کہ فاطمہ بنت قیس کا مشہور واقعہ ہے حضرت عمرؓ نے جب ان کی حدیث کو سنا کہ جب ان کے شوہر نے انہیں تین طلاقیں دیں تو رسول اللہ ﷺ نے ان کے لیے رہائش اور خرچہ مقرر نہیں کیا (یعنی یہ مسئلہ سامنے آیا کہ مطلقہ ثلاث کو سکنی ونفقہ نہیں ملے گا )حضرت عمرؓ نے فرمایا" قَالَ مَا کُنَّا لِنَدَعَ کِتَابَ رَبِّنَا وَسُنَّةَ نَبِيِّنَا صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِقَوْلِ امْرَأَةٍ لَا نَدْرِي أَحَفِظَتْ ذَلِکَ أَمْ لَا "

حضرت عمر فاروق نے فرمایا "ہم ایک عورت کے بیان پر اللہ کی کتاب اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ترک نہیں کریں گے پتہ نہیں اس کو ٹھیک سے یاد بھی رہا یا نہیں(ایسی عورت کو خرچہ وغیرہ ملے گا)۔"(سنن ابی داؤود ،طلاق کا بیان )

اسی طرح حضرت عائشہؓ نے جب حدیث ابن عمرؓ کو سنا " إِنَّ الْمَيِّتَ لَيُعَذَّبُ بِبُکَائِ أَهْلِهِ"
" میت کو اس کے گھر والوں کے رونے کی وجہ سے عذاب دیا جاتا ہے۔"

تو فرمایا " لَا وَاللَّهِ مَا قَالَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَطُّ إِنَّ الْمَيِّتَ يُعَذَّبُ بِبُکَائِ أَحَدٍ وَلَکِنَّهُ قَالَ إِنَّ الْکَافِرَ يَزِيدُهُ اللَّهُ بِبُکَائِ أَهْلِهِ عَذَابًا وَإِنَّ اللَّهَ لَهُوَ أَضْحَکَ وَأَبْکَی وَلَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَی "
"نہیں اللہ کی قسم رسول اللہ نے یہ نہیں فرمایا مردہ کر اس کے گھر والوں کے رونے کی وجہ سے عذاب دیا جاتا ہے بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کافر پر اس کے گھر والوں کے رونے کی وجہ سے عذاب اور زیادہ ہو جاتا ہے اور اللہ ہی ہنساتے اور رلاتے ہیں کوئی کسی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔"

راوی حدیث حضرت ابوب کہتے ہیں کہ :۔ جب حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی یہ حدیث پہنچی تو فرمایا "قَالَتْ إِنَّکُمْ لَتُحَدِّثُونِّي عَنْ غَيْرِ کَاذِبَيْنِ وَلَا مُکَذَّبَيْنِ وَلَکِنَّ السَّمْعَ يُخْطِئُ"
"تم مجھے ایسے آدمیوں کی روایت بیان کرتے ہو جو نہ جھوٹے ہیں اور نہ تکذیب کی جا سکتی ہے البتہ کبھی سننے میں غلطی ہو جاتی ہے"(صحیح مسلم ،جنازوں کا بیان )اس کے علاوہ اور بھی کئی مثالیں ہیں۔

خلاصہ کلام:
محدثین نے جس طرح "اسناد "کو پرکھا اسی طرح "متون "کو بھی پرکھا اور صحابہ کرامؓ کے زمانے میں بھی یہ طریقہ رائج تھا جیساکہ ابھی دو مثالیں گزری ہیں ۔
ghazi abdul rehman qasmi
About the Author: ghazi abdul rehman qasmi Read More Articles by ghazi abdul rehman qasmi: 31 Articles with 285310 views نام:غازی عبدالرحمن قاسمی
تعلیمی قابلیت:فاضل درس نظامی ،الشہادۃ العالمیہ،ایم اے اسلامیات گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان،
ایم فل اسلامیات بہاء الدی
.. View More