خواتین کے لیے حجر اسود کی تخصیص!

سعودی عرب کی شوری کونسل میں خواتین کے لیے حجر اسود کا ٹائم ٹیبل خاص کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں خواتین کو حجر اسود کا بوسہ دینے کے لیے دن بھر تین اوقات مخصوص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔جن میں ہر دورانیہ کم ازکم دو گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔یعنی چوبیس گھنٹوں میں 6 گھنٹے حجر اسود صرف خواتین کے لیے مخصوص ہوگا۔سعودی شوری کونسل میں اسلامی امور کی مخصوص کمیٹی کی رکن ڈاکٹر موضی دغیثر کے مطابق یہ اقدام خواتین کی سہولت کے لیے کیا جارہا ہے۔عنقریب ووٹنگ کے ذریعے اس کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

حجر اسود بیت اللہ کے جنوب مشرقی کونے میں نصب سرخی مائل20 سینٹی میٹر کا وہ جنت کا کالا گول پتھر ہے جس سے بیت اللہ کے طواف کی ابتدا کی جاتی ہے اور طواف کا ساتواں چکر ختم بھی حجر اسود پر کیا جاتا ہے۔پہلی مرتبہ عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے حجر اسود کو چاندی کے خول میں بند کرکے نصب کیا تھا۔آخری مرتبہ 1422 ہجری میں سعودی عرب کے بادشاہ فہد بن عبدالعزیز نے اس کی چاندی کے خوبصورت خول میں ترمیم وتزئین کی تھی۔اس سے پہلے حجراسود پر چاندی کا خول نہیں چڑھایا جاتاتھا۔ابن عباس رضی اللہ عنہ کی روایت کے مطابق سرور دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حجراسود جب جنت سے لایا گیا تو برف کی طرح سفید تھا پھر بنی آدم کے گناہوں کی وجہ سے کالا ہوگیا(ترمذی )اسی وجہ سے حجر اسود کو حجراسود(کالا پتھر)کہا جاتاہے۔ایک دوسری حدیث کے مطابق طواف کے دوران حجر اسود کو بوسہ دینا سنت ہے۔اگر بوسہ دینے کا موقع نہ ہو تو ہاتھ یا چھڑی وغیرہ کے اشارے سے اس کابوسہ لیا جاسکتا ہے اور اگر اس کی بھی گنجائش نہ ہو تو "بسم اللہ اللہاکبر"کہہ کر ہاتھ کے اشارے سے اس سنت پر عمل کیا جاسکتا۔حجۃ الوداع کے موقع رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹ پر طواف کیا اور ازدحام کی وجہ سے چھڑی کے اشارے سے حجراسود کا استلام کیاتھا(متفق علیہ)ایک روایت کے مطابق آپ نے اس چھڑی کو بوسہ بھی دیا تھا۔خلیفہ راشد عمربن الخطاب رضی اللہ عنہ کا قول ہے کہ حجر اسود کو بوسہ دیتے وقت انہوں نے فرمایا کہ "اے حجر اسود مجھے معلوم ہے کہ تو ایک پتھر ہے نہ کسی کو نفع دے سکتا ہے اور نہ کسی کو نقصان۔اگر میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کو بوسہ دیتے نہ دیکھا ہوتا تو کبھی آپ کو بوسہ نہ دیتا"۔ابن عمر کی روایت کے مطابق حجر اسود اور رکن یمانی کو چومنا اور ہاتھ پھیرنا گناہوں کو مٹادیتاہے(حدیث مسند احمد) ۔ابن عباس کی روایت کے مطابق سرور دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کی قسم قیامت کے دن حجر اسود کو اس طرح اٹھایا جائے گا کہ اس کی دو آنکھیں اور زبان ہوگی جن سے وہ دیکھ کر حجراسودکو بوسہ دینے والوں کی گواہی دے گا۔(حدیث ابن ماجہ )۔حجر اسود پر کئی حوادث بھی گزرے ۔ابن اسحاق کی روایت کے مطابق جب قبیلہ جرہم مکہ سے نقل مکانی کرنے لگے تو ان کے قبیلے کے آدمی عمر وبن الحارث الجرہمی نے حجراسود کو نکال زمزم کے پاس دفن کردیا۔کسی خاتون نے یہ منظر دیکھ لیا اور لوگوں کو اطلاع کردی تو انہوں نے واپس ا س کو بیت اللہ میں نصب کردیا۔یمن کی قوم تبع بھی حجراسود کو نکال کرساتھ لے گئے،قریش مکہ کی مزاحمت کے بعد انہوں نے حجراسود واپس کردیا۔بعثت سے پہلے قریش مکہ جب کعبہ کی تعمیر کرنے لگے تو حجراسود کی تنصیب کے وقت قبائل قریش میں باہم اختلاف ہوا تو رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت 35سال کے تھے۔آپ نے قریش کے مابین صلح کروائی اور اپنی چادر میں حجراسود رکھ کر سب قبائل کو چادر پکڑنے کا کہا،یوں سب شریک ہوئے اور تنازعہ ختم ہوگیا۔حجراسود پر سب سے بڑا حادثہ 317ہجری میں آیاجب قرامطہ نے کعبہ پر حملہ کیا اور حجر اسود کو نکال کر عراق لے گئے۔تقریبا22سال تک انہوں نے حجراسود کو غائب کیے رکھا ۔بعدازاں 339 ہجری میں انہوں نے واپس کیا۔

حجراسود کی عظمت مسلمانوں کے ہاں مسلم ہے۔یہی وجہ ہے کہ حج اور عمرے کے لیے آنے والے لوگوں کی سب سے بڑی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ جنت کے اس عظیم پتھر "حجر اسود" کو ضرور چومیں۔لیکن رش کے باعث بہت سے لوگ اس خواہش کو پورا نہیں کرپاتے۔ حجر اسود کی خاطر کئی بار دھکم پیل کی وجہ سے لوگ اپنی جان بھی گنوا بیٹھتے ہیں۔خواتین کے لیے حجر اسود کو چومنا جان جوکھوں کا کام ہوتا ہے۔عام طور پر خواتین حجر اسودکو چومنے کی خواہش دل میں لیے واپس چلی جاتی ہیں۔لیکن اب سعودی شوری کونسل نےخواتین کو خوشخبری سنائی ہے۔اور خواتین کے لیے مخصوص ٹائم ٹیبل مقرر کرکے ان کی دلی خواہش کو پورا کرنے کاعزم کیاہے۔خواتین کے لیے حجراسود کی تخصیص اس وقت ناگزیر ہے۔کیوں کہ رش کی وجہ سے خواتین حجراسود کے قریب جانے کا تصور نہیں کر سکتیں اور جو ہمت کرکے چلی جاتی ہیں تو مردوں کے اختلاط اور دھکم پیل کی وجہ سے کافی دقت کا سامنا کرتی ہیں۔اس لیے اگر خواتین کے لیے حجر اسود کو بوسہ دینا کا ٹائم مخصوص کرلیا جائے تو بہت سی پریشانیوں سے بچا جاسکتاہے۔جیسا کہ مسجدنبوی میں ریاض الجنۃ میں خواتین کے لیے ٹائم ٹیبل مقررہے۔الحمدللہ خواتین ریاض الجنۃ میں باآسانی نوافل اداکرتی ہیں۔بالکل اسی طرز پر خواتین کے لیے حجراسود کی تخصیص کا یہ اقدام بہت اچھا ہے۔اس سلسلے میں عالم اسلام بالخصوص رابطہ عالم اسلامی کے علماء کو سعودی حکومت کی توجہ اس اقدام کی طرف مبذول کروانی چاہیے،تاکہ وہ شوری کونسل کے اس فیصلے کو جلد عملی جامہ پہناسکیں۔پاک وہند کے علماء کرام کو بھی اس سلسلے میں اپنی سفارشات سعودی حکومت اورحرمین شریفین کی انتظامیہ تک پہچانی چاہیں،تاکہ خواتین کے اختلاط اور دیگر پریشانیوں سے بچاجاسکے۔پاک وہند کے علماء کی بات الحمدللہ بڑی حد تک سنی جاتی ہے۔ملک عبدالعزیز کے دور میں جب گنبدخضرا کے انہدام کا فیصلہ کیا گیا ،تو اس وقت مشترکہ ہندوستان کے دو جید عالم مولانا شبیراحمد عثمانیؒ اور مولناابوالحسن علی ندویؒ کی مدلل گفتگو اور بھرپور جدوجہد سے سعودی علماء اور حکومت اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوگئی تھی۔اس لیے پاک وہند کے علما ء کو اس سلسلے میں اپنی تجاویز ضرور پہچانی چاہئیں۔یہ وقت کی ضرورت اور خواتین کی سہولت اور دیگر پریشانیوں سے بچنے کا سبب ہے۔اللہ کرے سعوی شوری کونسل جلد اپنے فیصلے کو عملی جامہ پہنائے تاکہ خواتین بھی جنت کے عظیم پتھر حجر اسود کو باآسانی چوم کر اپنے دلی ارمان پورا کرسکیں۔
Ghulam Nabi Madni
About the Author: Ghulam Nabi Madni Read More Articles by Ghulam Nabi Madni: 43 Articles with 32116 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.