احترام رمضان اور ہمارے رویے

رمضان المبارک سے قبل احترام رمضان آرڈننس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی جانب سے کی جانے والی ترمیم کے بعد اس امر کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ اس سال رمضان المبارک میں روزہ رکھنے کے حوالے سے یکسانیت سے لے کراہتمام صوم تک ہر پہلو سے نمایاں تبدیلی آئے گی ،لیکن روئیت کے اختلاف سے لے کر سرعام رکن اسلام کی توہین اور پبلک مقامات پر روزے کی حرمت کی پامالی ہورہی ہے،جب کہ ذخیرہ اندوزی اور اشیاء خورد ونوش باالخصوص پھلوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ عوامی مسائل میں اضافے کررہا ہے ،اسی طرح معاشرے کی کر دار سازی میں اہم کردار ادا کرنے والے ریاست کے چوتھے ستون میڈیا کا کردار مجموعی طور پر مایوس کن ثابت ہو رہا ہے ،ٹی وی چینلز زیادہ سے زیادہ ریٹنگ کے چکر میں "جیتو پاکستان "سے لے کر "شو ایسے ہی چلے گا "تک رمضان المبارک کے قیمتی لمحات میں قوم کو لہو لعب میں مبتلا کرتے ہوئے اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ،گیم شوز کے نام پر حیاء سوز ایکٹیوٹیز ،اور مسلکی اختلافات کو ہوا دینے والے مباحثوں سمیت دیگر پروگرامز احترام رمضان کی پامالی کاسبب بننے کے علاوہ سماج میں بے راہ روی اور فحاشی و عریانی کے فروغ کا باعث ہیں ، اس تمام منظر نامے میں ۔۔۔کمی ہے تو حکومتی عملداری کی ، ۔۔۔۔۔۔فقدان ہےتو احترام رمضان آرڈیننس کے نفاذ کا ،۔۔۔۔۔۔ضرورت ہے تو عوامی سہولت کی ،۔۔۔۔۔۔ناپید ہیں تو اسلامی تعلیمات اور تعمیر معاشرت کا پہلو ۔۔۔۔۔بلاشبہ احترام رمضان آرڈیننس کا نفاذ اور اس کے مندرجات پر عمل کروانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے جس حوالے سے ان کی غفلت عیاں ہے ۔۔۔۔۔اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ باشعور معاشرے اپنے حقوق و فرائض کے ادراک کے ساتھ جیتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بھیڑ چال کے بجائے ہر قانون شکن کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنا مؤثر کردار اد ا کریں ، ۔۔۔۔۔۔جب کہ مسلم معاشرے میں بے راہ روی کو فروغ دینے والوں کے خلاف اپنا قانونی و آئینی حق استعمال کرتے ہوئے بھر پور ردعمل کا اظہار کریں ۔۔۔تاکہ جہاں پر آئین پاکستان میں موجود قوانین عملی صورت میں نظر آرہے ہوں وہیں کسی کو غیر اسلامی وغیر مہذب روایات کو فروغ دینے کی جرات بھی نہ ہو سکے ۔

Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 275784 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More