سال 2020 کا انتظار پاکستان کی عوام کو بے صبری سے تھا کیونکہ سال کے آغاز میں ہی پاکستان سپر لیگ کا میلہ ملک کے مختلف شہروں میں سجنا تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے میچز مکمل نہ ہو سکے۔ تاہم اب کراچی میں پی ایس ایل کے آخری کچھ میچز ہونے جا رہے ہیں۔ 14 نومبر بروز ہفتہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایک میچ ملتان سلطان بمقابلہ کراچی کنگز ہوگا جبکہ دوسرا میچ لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی ہوگا۔
اب بات کرتے ہیں ہر سال ٹورنامنٹ کی سب سے بہترین ٹیم پشاور زلمی کی۔ پشاور زلمی کو ہر سال پی ایس ایل کی سب سے بہترین ٹیم کیوں مانا جاتا ہے؟
بلا شبہ پشاور زلمی کی فرنچائز ہر بار بہترین ٹیم لے کر میدان میں اترتی ہے۔ ان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ ٹیم کو ایک خاندان کی طرح لے کر چلتے ہیں۔ بہت سے افراد کو یہ بات معیوب لگے گی لیکن یہی حقیقت ہے، اور یہ پورا ماحول بنانے میں ٹیم کے مالک جاوید آفریدی کی اپنی شخصیت کا بہت کمال ہے۔ وہ بہت دوستانہ طریقے سے ٹیم کو لے کر چلتے ہیں اور اجنبیت کی دیوار کو گرا دیتے ہیں۔
اس بات کا ہم سب کو علم ہے کے پشاور زلمی سال 2017 میں پی ایس ایل کا فائنل جیتا تھا جو کہ لاہور میں منعقد کیا گیا، پشاور نے کوئٹہ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اسی سال جب پاکستان سپر لیگ کا فائنل اپنے ملک میں کرانے کی بات کی گئی تو باقی سب ٹیموں کے کھلاڑی تذبذب کا شکار نظر آئے، مگر پشاور کی ٹیم نے پہلے ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ ہمارے سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے اور وہ آئے بھی۔ یہ دوستی اور اعتماد کی معراج تھی اور اسی وجہ سے پشاور زلمی چمپئین بھی بن گیا تھا کیونکہ ان کا ٹیم کمبی نیشن متاثر نہیں ہوا تھا۔
آئیں اب بات کرتے ہیں ٹیم کے کھلاڑیوں اور ان کی کارکردگی کی۔۔۔
'ڈیرن سیمی' کی صورت میں زلمیوں کو ایک بہترین کپتان ملا ہے لیکن تاحال ڈیرن کے بقیہ میچز کھیلنے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے، لیکن سیمی کی کپتانی کی مثال نہیں ملتی۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جو حقیقت میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں، وہ آخر تک ڈٹے رہتے ہیں اور ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم ہر میچ جیتے۔
٭ٹیم کی باؤلنگ
٭ٹیم پشاور زلمی کی سب سے بڑی خوبی ان کی بہترین باؤلنگ ہے۔ ان کے پاس بہترین آپشنز موجود ہیں، جو ان کی فتوحات کا باعث بنتے ہیں۔ ٹیم کے نائب کپتان 'وہاب ریاض' کی بات کی جائے تو یہ شروع دن سے محدود اوورز کے انتہائی مؤثر اور شاندار باؤلر ہیں۔ پھر وہاب ریاض کے وکٹ حاصل کرنے کا ریشو بھی بہترین ہے، وہاب ہمیشہ ہی دباؤ والی صورتحال میں بہترین ثابت ہوئے ہیں۔
٭اب بات کرتے ہیں 'حسن علی' کی، جن کا شمار دنیا کے بہترین باؤلرز میں ہوتا ہے۔ حسن علی تو پشاور زلمی نے ہی متعارف کروایا تھا۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ پشاور کی ٹیم میں آنے سے قبل یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا جادو دکھا چکے تھے لیکن حقیقی شناخت انہیں اسی ٹیم سے ملی۔
٭پھر اس مرتبہ پشاور والوں نے ایمرجنگ میں 2 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کیا ہے۔ 'عامر خان' اور 'عامر علی'۔ عامر علی بہت ہی قابل لیفٹ آرم اسپنر ہیں جبکہ عامر خان کا شمار شاندار فاسٹ باؤلر میں ہورہا ہے۔
تجربہ کار کھلاڑی 'راحت علی' کسی تعارف کے محتاج نہیں، ان کا تجربہ ہر سال ہی ٹیم کے کام آتا ہے جبکہ اس بار بھی یہ ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پھر ٹیم میں انگلش باؤلر لیام ڈوسن بھی ہیں جو اپنی جارحانہ باؤلنگ سے اچھے اچھے بلے بازوں کے چھکے چھڑوا سکتے ہیں۔
٭پشاور زلمی کی بیٹنگ
٭ پاکستان سپر لیگ میں اگر کسی ٹیم کو آخری نمبر تک بیٹنگ کی سہولت میسر ہو تو ایسی ٹیم کو ہرانا بہت مشکل ہے، اور یہ سہولت بھی پشاور کے پاس موجود ہے یہ ہی وجہ ہے کہ اس ٹیم کو ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کہا جاتا ہے۔
٭ ٹیم میں شیر جیسے اوپنر جو ہر وقت دھاڑنے کے لیے تیار رہیں، اگر ہوں تو کیا ہی بات ہے۔ جی ہاں! ہم بات کر رہے ہیں 'کامران اکمل' کی۔ کامران اکمل کو پاکستان سپر لیگ کے سب سے بہترین بلے باز کا اعزاز حاصل ہے۔ ان جیسا مستقل مزاج اوپنر شاید ہی کسی دوسری ٹیم کے پاس موجود ہو۔ ان کا یہ کمال ہے کہ یہ ناصرف رنز بناتے ہیں بلکہ بے انتہا تیزی سے رنز بناتے ہیں جس کے باعث ان کا اسٹرائیک ریٹ 134.38 تک رہتا ہے۔
٭ تاہم اس بار انہیں 'فاف ڈو پلیسس' کا ساتھ بھی میسر ہوگا، ساتھ ہی 'صہیب مقصود' کا ٹیم میں شامل ہونے کا امکان بھی ہے جو کہ بہت ہی جارحانہ بلے باز ہیں۔
٭ پی ایس ایل کے افتتاحی میچوں میں 'حیدر علی' جو کہ ایمرجنگ پلئیر ہیں، بھی ابھر کر سامنے آئے۔ انہوں نے چند ہی میچوں میں اتنی شاندار بیٹنگ کی کہ ہر کرکٹ ایکسپرٹ کے منہ پر صرف ایک نام تھا حیدر علی۔
لہٰذا پشاور زلمی ہر بار کی طرح اس بار بھی مکمل پیکج اور انٹرٹینمنٹ کے ساتھ میدان میں اترے گی، جبکہ مداحوں کے مطابق اس بار بے پناہ امکانات ہیں کہ پشاور پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی اپنے نام کر لے۔
٭آپ اس مرتبہ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں؟ اپنی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج کے کمنٹ سیکشن میں لازمی کریں۔