ماں سے زیادہ خوبصورت دنیا میں کوئی تحفہ نہیں، جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو۔۔۔ شاہد آفریدی اپنی والدہ کے انتقال کا بتاتے ہوئے

image

کہتے ہیں کہ جب ماں زندہ ہو تو کوئی کانٹا تک نہیں چبھتا، لیکن ماں کے چلے جانے کے بعد کچھ بھی اچھا نہیں لگتا۔ ایسا ہی کچھ ہماری قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان بھر کے پسندیدہ کھلاڑی بوم بوم آفریدی یعنی شاہد آفریدی کے ساتھ ہوا۔

فیسبک پر آج کل شاہد آفریدی کے ایک انٹرویو کی کلپ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی والدہ کے انتقال کا ذکر کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کی میزبانی پاکستان کی نامور اداکارہ ثانیہ سعید کر رہی تھیں۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ ''ہماری سری لنکا کے ساتھ میچ کی سیریز چل رہی تھی اور میں شارجہ میں تھا۔ میں نے والدہ کو فون کیا اور کہا کہ میں اس بار ڈبل وکٹ کھیلنے لاہور نہیں جاؤں گا۔ والدہ نے جواب دیا کہ نہیں بیٹا، تم لازمی کھیلو، ڈبل وکٹ دیکھنے لوگ تمہاری وجہ سے اسٹیڈیم جاتے ہیں، تم لوگوں کو انٹرٹینمنٹ فراہم کرتے ہو''۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ''والدہ کے کہنے پر میں نے شارجہ سے سیدھا لاہور کی فلائٹ لی، اگلے ہی دن ڈبل وکٹ شروع ہوگئی۔ بھائی کا فون آیا کہ گھر آجاؤ۔ میں نے کہا کیوں، میں فائنل میں پہنچ گیا ہوں، گھر کیوں آؤں؟ بھائی کہنے لگا نہیں بس تم گھر واپس آجاؤ''۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ''راستے میں، میں اپنی بیوی سے یہ کہتا رہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ شاید امی کی طبعیت خراب ہے۔ جب ہم کراچی ائیرپورٹ پہنچے تو میرے دور کے رشتہ دار مجھے لینے آئے ہوئے تھے، جنہیں میں چچا کہتا ہوں۔ ان سے میں نے پوچھا کہ کیا ہوا ہے؟ تو انہوں نے پیچھے دیکھا اور کہا امی کا انتقال ہوگیا ہے''۔

بوم بوم آفریدی نے مزید بتایا کہ ''پھر مجھے ہوش نہیں رہا کہ میں گھر کیسے پہنچا ہوں۔ جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو مجھے 7 سے 8 دن تک یہ ہی لگتا رہا کہ وہ ابھی اس کمرے سے نکلیں گی، ابھی کچن سے نکلیں گی۔ مجھے یقین ہی نہیں ہورہا تھا کہ یہ میرے ساتھ کیا ہوگیا۔ مجھے ایسا لگا کہ زندگی سے ہر رنگ، خشبو اور خوبصورتی ان کے ساتھ ہی چلی گئی''۔

شاہد آفریدی نے آخر میں کہا کہ ''ماں سے زیادہ خوبصورت دنیا میں کوئی تحفہ نہیں ہے، وہ لوگ بہت ہی خوش قسمت ہیں جن کے ماں باپ دونوں زندہ ہیں''۔

شاہد آفریدی کا اس بارے میں مزید کیا کہنا تھا، ویڈیو ملاحظہ کیجیے۔

٭ اس اسٹوری کے حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج کے کمنٹ سیکشن میں لازمی کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US