دورہِ نیوزی لینڈ پر گئے پاکستانی اسکواڈ کا ایک اور رکن کورونا کا شکار، کُل آٹھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔
کورونا کے باعث نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ متاثر ہوگئی، ترجمان پی سی بی کے مطابق کرائسٹ چرچ میں موجود دورہِ نیوزی لینڈ پر گئے پاکستانی اسکواڈ کے ایک اور کھلاڑی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ 54 میں سے کُل آٹھ ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اِن 8 میں سے 2 ہسٹارک (نان انفیکشیس) کیسز ہیں، کورونا سے متاثرہ ارکان کو اُن کے باقی ساتھیوں سے الگ کر کے آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 دسمبر کو تمام کھلاڑیوں اور دیگر اسٹاف کے دوبارہ کورونا ٹیسٹ کئے جائیں گے، پی سی بی نے کو توقع ہے کہ جن کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منفی آیا ہے انہیں پریکٹس کی اجازت دے دی جائے گی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانی اسکواڈ کو کسی قسم کی پریکٹس کی اجازت نہیں ہے، تاہم صورتحال ٹھیک ہونے پر ہی انہیں ہر قسم کی سرگرمیوں کی مشروط اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ پاکستانی اسکواڈ کو 14 روز کے لئے قرنطینہ کیا گیا ہے تاہم اگر آخری کورونا ٹیسٹ میں پورے اسکواڈ کے ٹیسٹ منفی آئے تو ہی انہیں قرنطینہ سے نکلنے کی اجازت دی جائے گی۔