اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔۔ حسن علی کا مداحوں کو زبردست پیغام۔ ویڈیو وائرل

image

ٹی ٹوئنٹی میں حسن علی نے کیچ کیا چھوڑا میڈیا اور کرکٹ مداحوں نے انھیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ لیکن کھیل ہے انسان سے غلطی بھی ہوتی ہے اور کھیل میں ہار جیت بھی۔ تمام تنقید جھیلنے کے بعد بھی حسن علی کے حوصلے نہیں ٹوٹے بلکہ بنگلہ دیش میں کلین سوئپ سے واپسی کے موقع پر حسن علی نے اپنے تمام مداحوں اور کرکٹ کے شائقین کے لئے ایک خوبصورت پیغام دیا ہے۔

فائنل کے لئے کوالیفائی نہ کرنے کا بہت دکھ ہے

حسن علی ویڈیو میں کہتے ہیں“ دو ماہ کے اس سفر میں کئی اتار چڑھاؤ آئے لیکن وہ کہتے ہیں نا کہ ’آل ویل اف اینڈز ویل‘ ہمارا یہ سفر بھی ایسا ہی رہا، اس سفر کے آغاز میں ہم نے انڈیا کو ہرا کر تاریخ رقم کی لیکن ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کا بہت دکھ ہوا۔

غلطیوں سے سیکھا

حسن علی نے مزید کہا کہ “بوجھل دلوں کے ساتھ ڈھاکا روانگی کے لیے دبئی ائیر پورٹ پر پہنچے جہاں موجود پاکستانیوں اور کرکٹ فینز کی حوصلہ افزائی نے ہماری ہمت بڑھائی اور ہم نے ڈھاکا پہنچ کر بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کیا اور پھر ٹیسٹ سیریز بھی جیتی۔ غلطیوں سے سیکھتے ہوئے پریکٹس کے ذریعے ہم بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ سمیت ہر شعبے میں بہتری لیکر آئے جس کا ثبوت یہ ہے کہ ہر میچ میں ایک نیا کھلاڑی مین آف دی میچ بن رہا ہے جو ہماری ٹیم کے کامیاب ہونے کی ایک بڑی نشانی ہے۔

ملکی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں

اب جب اس سفر میں تھوڑا سا وقفہ آیا ہے تو میں یہ کہوں گا کہ اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے، ہم سب بابر اعظم کی قیادت میں متحد اور بے خوف کرکٹ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

فینز کو حسن علی کا پیغام پسند آیا

حسن علی نے اپنے پیغام پر مبنی ویڈیو ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شئیر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور ان کے فینز اسے خوب پسند کررہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US