ہر سال کچھ نئے واقعات اور یادیں چھوڑ کر جاتا ہے، ہم ہر دن ایک نیا تجربہ حاصل کرتے ہیں اور لوگوں سے کچھ نہ کچھ سیکھتے ہیں۔ بالکل ایسے ہی اس سال ہم نے شوبز ستاروں کی زندگی سے کچھ ایسی باتیں سیکھی ہیں جو ہماری نارمل زندگی میں ہمیں بھی کام آسکتی ہیں۔ آئیے اس سال کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے وہ سبق دہراتے ہیں جو ہم نے ان شخصیات سے سیکھے ہیں۔
سجل علی:
سجل علی ایک مضبوط اداکارہ کے طور پر ابھر کر نظر آئیں انہوں نے اپنی طلا ق ہونے کے باوجود بھی نہ تو شوہر کے بارے میں کوئی بھی غلط بات کی اور نہ سسرال والوں کے بارے میں ۔۔ بلکہ ایک باعزت خاتون ہونے کی ذمہ داری اس قدر نبھائی کہ ہر کسی کو بھا گئیں۔
حدیقہ کیانی
حدیقہ کیانی کی والدہ بسترِ مرگ پر تھیں ان کی طبیعت دن بہ دن بگڑ رہی تھی، حدیقہ یہ جانتی تھیں مگر انہوں نے پھر بھی سیلاب زدگان کی مدد کرنی نہ چھوڑی بلکہ اپنی بیمار ماں کو چھوڑ کر ان مستحقین کے پاس پہنچ گئیں جو بے یارومددگار تھے۔
ریشم:
اداکارہ ریشم نے جب دریا میں مچھلیوں کو کھانا ڈالا تو سب کو بہت اچھا لگا لیکن جب اس کھانے کی تھیلیاں بھی دریا میں چھوڑ دیں تو سب نے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نیکی میں بدی کرنے کی کیا ضرورت تھی جس پر اداکارہ نے معافی بھی مانگی۔
بہروز
بہروز سبزواری نے ایک انٹرویو دیا جو بہت وائرل ہوا جس میں ہم نے دو سبق سیکھے۔ بیوی کو والدین کی خدمت کرنے اور عزت کرنے کا سبق دیا اور ساتھ ہی اپنی بہو کو بیٹی جیسی عزت دیں چاہے آپ کو بیٹا اس کو طلاق دے چکا ہو۔
سائرہ:
سائرہ یوسف نےبھی آئیڈیل ماں کا کردار نبھایا ہے۔ انہوں نے اپنی بیٹی نورے کو صدف کنول کی بیٹی کی پیدائش پر بھی جانے دیا اور ان کے گھر کی خوشیوں میں بھی حصہ لینے دیا جو بحیثیتِ پاکستانی خاتون ایک بڑا قدم ہے ورنہ خواتین بہت مشکل سے بچوں کو اس گھر میں جانے دیتی ہیں جس کو وہ چھوڑ کر آچکی ہوتی ہیں۔
حرا مانی اور ندا یاسر:
حرامانی اور ندا یاسر سے ایک مشترکہ بات سیکھی ہم نے اور وہ یہ کہ جب تک آپ کو کسی بھی چیز کی مکمل معلومات نہ ہو آپ ہر گز کوئی بات نہ کریں اور نہ ہی کسی کا مذاق اڑائیں اور نہ کوئی جملا کہیں کہ بعد میں آپ کو معافی مانگنی پڑے۔
ندایاسر کی یہ 6 سال پرانی ویڈیو تھی مگر پھر بھی اس پر انہوں نے سب لوگوں سے معافی طلب کی تھی۔ یہاں ہم نے ندا سے یہ بھی سیکھا ہے غلطی کو اس طرح قبول کرنا بہت بڑی بات ہے۔
اقراء عزیز
اقراء عزیز سے ہم نے ایک ماں اور ایک بہترین اداکارہ بننے کا سبق حاصل کیا۔ یہ اپنے بیٹے کبیر کی ہر طرح سے بہترین پرورش بھی کر رہی ہیں، بحیثیتِ ماں تربیت بھی بہترین کر رہی ہیں اور ایک کے بعد ایک میگا پراجیکٹس کا بھی حصہ بن کر ذمہ داری پوری طرح نبھا رہی ہیں۔
ثناء جاوید:
اداکارہ ثناء جاوید سے منسوب ہے کہ وہ غصے کی تیز ہیں اور اپنی مرضی کے مطابق کام کرتی ہیں۔ ان سے ہم نے پورے سال میں ایک بات تو ضرور سیکھی ہے کہ کس طرح ٹرالنگ کرنے والے لوگوں کا منہ بند کروانا ہے جو کہ ایک مثبت چیز ہے اور ہر شخص کو اپنے خلاف اٹھنے والی انگلیوں کو بہترین طور پر نیچے گرانا آنا چاہیے۔