ہیما مالنی کو بھارتی سینما کی تاریخ کی کامیاب ترین اداکارہ سمجھا جاتا ہے، ڈریم گرل کے نام سے شہرت پانے والی ہیما کے فلمی کیریئر کے ساتھ ذاتی زندگی بھی نہایت دلچسپ رہی اور دھرمیندر سے شادی بھی فلمی انداز میں ہی انجام پائی۔
دھرمیندر سے شادی سے پہلے ہیما مالنی کا نام اداکار جيتندر اور سنجیو کمار سے بھی جوڑا جاتا تھا لیکن ڈریم گرل نے دھرمیندر کو اپنے خوابوں کا شہزادہ مان لیا تھا تاہم دھرمیندر کے پہلے سے شادی شدہ ہونے کی وجہ سے ہیما کے والدین کسی صورت ہیما اور دھرمیندر کی شادی کے حق میں نہیں تھے۔
ہیمامالنی نے اپنی خودنوشت میں بتایا کہ ان کی والدہ نے دھرمیندر سے تعلق ختم کرانے کے لیے فیصلہ کیا کہ میری شادی کردی جائے، والدہ نے ہیمامالنی پر زور دیا کہ وہ اداکار جتیندر سے شادی کرلیں اور والدہ کے اصرار پر ہیما جتیندر کے گھر والوں سے ملنے کے لیے راضی ہوگئیں اور بالآخر بہت اصرار کے بعد دونوں خاندان شادی پر راضی ہوگئے۔
یہاں کہانی میں نیا موڑ تب آیا جب ہیما اور جتیندر کی شادی کی خبر دھرمیندر تک پہنچی اور وہ جتیندر کی گرل فرینڈ شوبھا کو لے کر ہیما اور جتیندر کی شادی رکوانے کیلئے پہنچ گئے، جہاں شوبھا اور دھرمیندر نے خوب ہنگامہ مچایا۔
ہیما مالنی نے اس ہنگامہ آرائی کی وجہ سے جتیندر سے شادی کرنے سے انکار کردیا لیکن یہاں نئی مشکل یہ تھی کہ ہندو مذہب میں پہلی بیوی کی موجودگی میں دوسری شادی کرنا ممکن نہیں تھا۔
دھرمیندر نے پہلی شادی 1954 میں کی تھی اور ہیما سے شادی کیلئے 1980 میں انہوں نے اسلام قبول کیا اور اسلامی نکاح کرکے ہیما سے دوسری شادی کی۔ دھرمیندر کے اپنی پہلی بیوی سے سنی اور بول دیول جبکہ ہیما سے دوبیٹیاں ایشا اور آہانا دیول پیدا ہوئیں۔
بالی ووڈ کی اس خوبصورت اور مشہور جوڑی کی شادی کو 4 دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے اور دنوں کے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں بھی ہیں لیکن ڈریم گرل اور اینگری ینگ مین کی جوڑی کو آج بھی بیحد پسند کیا جاتا ہے۔