"شاہین کی خواہش تھی کہ ماں باپ کو عمرہ پر لے کر جاؤں تو وہ اپنی پہلی کمائی سے گھر والوں کو عمرہ پر لے گیا۔ والد مجبوری کی وجہ سے نہیں جاسکے مگر والدہ اور بھائی ساتھ گئے تھے۔ ہمارا بھائی بہت ملنسار اور خوش مزاج ہے"
یہ کہنا ہے مشہور بولر شاہین شاہ آفریدی کے بھائی شان آفریدی کا جنھوں نے کچھ عرصہ پہلے یوٹیوب چینل پر اپنے بھائی کے بارے میں بہت سی باتیں کیں۔
ٹرائل کے لئے بھائی کے کپڑے پہن کر گئے تھے
شان آفریدی نے بتایا کہ ان کے بھائی کے پاس کئی قیمتی گاڑیاں ہیں لیکن شاہین کو گاڑیوں کا کوئی خاص شوق نہیں، نہ ہی وہ دکھاوا پسند کرتے ہیں۔ وہ ایک سادہ مزاج شخص ہیں جس نے بہت محنت کی۔ جب ان کو ٹرائل کے لئے بلایا گیا تھا تو انھوں نے جوتے اپنے دوست اور کپڑے اپنے بھائی کے پہنے تھے۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کپڑے ان کو بڑے بھی تھے۔
سب نے مذاق کیوں اڑایا تھا؟
شاہین شاہ آفریدی کی حال ہی میں شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے شادی ہوئی ہے۔ ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ جب شاہین آفریدی نے ایک بار کہا کہ وہ پی ایس ایل کھیلیں گے تو تمام کزنز ہنس پڑے تھے لیکن انھوں نے جو کہا وہ کر کے دکھایا۔
گھر آکر شاہین کیا کرتے ہیں؟
گھر آ کر شاہین کیا کرتے ہیں اس سوال کا جواب دیتے ہوئے شان آفریدی نے بتایا کہ ان کے بھائی گھر آ کر فون بند کردیتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ وقت گھر والوں کے ساتھ گزاریں۔ خاص طور پر بچوں کے ساتھ شاہین کو کافی لگاؤ ہے۔ اس کے علاوہ ماں باپ کی دعائیں بھی لیتے رہتے ہیں۔