پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ون ڈے آج کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:30 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کو 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف 0-3 سے فتح کن برتری حاصل ہے۔
قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک تو کرچکی ہے لیکن، اگر آج کا میچ بھی جیت جاتی ہے تو لگاتار چوتھی جیت پاکستان کو پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر 1 ٹیم بنا دے گی جب کہ سریز میں کلین سوئپ سے یہ پوزیشن مزید مستحکم ہو جائے گی۔
پچھلے میچ میں پاکستان نے فتح حاصل کرکے 12 سال بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ ساتھ ہی شاہین آفریدی ون ڈے رینکنگ میں پانچویں سے تیسری پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، قومی ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آج کے میچ میں زخمی محمد نواز کی جگہ اسامہ میر کی واپسی کا امکان ہے جو گزشتہ میچ میں زخمی ہونے والے محمد نواز کی جگہ کھیلیں گے، جب کہ افتخار احمد کو عبداللہ شفیق کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔