ورلڈ کپ کا شیڈول تبدیل ۔۔ پاک بھارت ٹاکرا اب کب ہوگا؟

image

آئی سی سی کی جانب سے رواں سال ہونیوالے کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلیوں کے اعلان کا آج متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوراتری تہوار کی وجہ سے پاک بھارت میچ کو ری شیڈول کرنے کا امکان ہے، پاک بھارت میچ شیڈول سے ایک روز پہلے یعنی 14اکتوبر کو کھیلا جائے گا، اس سے قبل میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا ہے کہ چند بورڈز نے میچز کے درمیان چھ روز کے وقفے کو کم کر کے چار پانچ روز کرنے کی درخواست کی تھی۔جے شاہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں میچز کے وینیوز میں تبدیلی نہیں ہو گی، صرف تاریخوں کو تبدیل کیا جائے گا۔

پاک بھارت میچ ری شیڈول ہونے کی وجہ سے 14 اکتوبر کو انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان ڈے نائٹ میچ 15 اکتوبر کو دن میں کرائے جانے کا امکان ہے۔

پہلے جاری شیڈول کے مطابق پاکستان ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز چھ اکتوبر کو حیدرآباد سے کرے گا جہاں اس کا مقابلہ اس وقت جاری ورلڈ کپ کوالیفائر کے بعد سامنے آنے والے پہلے کوالیفائر سے ہو گا ۔اگلا میچ 12 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہی کوالیفائر 2 سے ہوگا۔

ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ یعنی پاکستان انڈیا میچ 15اکتوبر کو ہونا تھا جو اب 14 اکتوبر کو احمد آباد میں نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد پاکستانی ٹیم بنگلورو کا رخ کرے گی جہاں 20 اکتوبر کو اس کا مقابلہ پانچ مرتبہ ون ڈے ورلڈکپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم سے ہوگا۔

پاکستان اور افغانستان کا میچ 23 اکتوبر کو چنئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کا اگلا میچ بھی 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف چنئی میں ہی ہے۔

پاکستان کلکتہ میں بنگلہ دیش کے خلاف 31 اکتوبر اور بنگلورو میں نیوزی لینڈ کے خلاف چار نومبر کو لیگ مرحلے میں اپنا واحد ڈے میچ کھیلے گا۔لیگ مرحلے میں پاکستان اپنا آخری میچ 12 نومبر کو کلکتہ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

اگر پاکستان ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جاتی ہے تو یہ بھی ہر صورت کلکتہ میں ہی کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد میں منعقد ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US