پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے ایک بار پھر ساتھی کھلاڑی محمد رضوان کے ساتھ تنازعات کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم بہت متحد ہے، تمام کھلاڑیوں کا آپس میں برادرانہ تعلق ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کے اور رضوان کے درمیان کوئی نفرت نہیں ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کے تبصروں اور افواہوں کا جواب نہیں دے سکتا۔
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور پاکستانی بلے باز بابر اعظم کے درمیان موازنہ کے حوالے سے سرفراز نے کہا کہ اس طرح کا موازنہ جائز اور غیر ضروری ہے۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد تمام فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کے کپتان رہے ہیں، سرفراز کو بھارت میں 2016ء کے آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بعد پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کپتان بنایا گیا تھا، جب کہ اظہر علی کے مستعفی ہونے کے بعد انہیں 9 فروری 2017ء کو پاکستان کا ون ڈے کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
انہوں نے مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی ٹیم کے لیے ٹیسٹ کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی اور یوں وہ ایسا کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 32ویں ٹیسٹ کپتان بن گئے۔
سرفراز کی قیادت میں پاکستان نے جون 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی جیتی۔18 جون 2017ء کو پاکستان نے 2017ء آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
مارچ 2018ء میں یوم پاکستان پر سرفراز ستارہ امتیاز سے نوازے جانے والے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے تھے۔