ایشیا کپ کا انعقاد قریب آتے ہی میچز شروع ہونے کا شیڈول بھی سامنے آگیا ہے، ایشیا کپ کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوں گے۔
گزشتہ ماہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کیا تھا، ایشیا کپ کا پہلا میچ پاکستان اور نیپال کےدرمیان ملتان میں شیڈول ہے۔ایشیا کپ میں میچز کا ٹاس 2 بجے ہو گا جبکہ کھیل ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ مردوں کا ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔ یہ 1983ء میں اس وقت قائم کیا گیا تھا جب ایشیائی ممالک کے درمیان خیر سگالی کو فروغ دینے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
آغاز میں طے ہوا تھا کہ یہ ہر دو سال بعد منعقد ہوا کرے گا تاہم بعد کے حالات نے اسے وقت پر منعقد ہونے میں مشکلات پیدا کیں۔ ایشیا کپ کرکٹ کی واحد براعظمی چیمپئن شپ ہے اور جیتنے والی ٹیم ایشیا کی چیمپئن بن جاتی ہے۔ یہ ایک روزہ اور ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی فارمیٹس کے درمیان ہر 2 سال بعد تبدیل ہوتا ہے۔
پہلا ایشیا کپ 1984ء میں متحدہ عرب امارات کے شارجہ میں منعقد ہوا جہاں اس وقت کونسل کے دفاتر قائم تھے جو 1995ء تک قائم رہے بھارت نے سری لنکا کے ساتھ کشیدہ کرکٹ تعلقات کی وجہ سے 1986ء کے ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کیا تھا۔
پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدہ سیاسی تعلقات کی وجہ سے 1990-91ء کے ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کیا اور اسی وجہ سے 1993ء کا ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا گیا۔
بھارت سات کپ جیتنے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ سری لنکا چھ کے ساتھ دوسری کامیاب ترین ٹیم ہے۔ سری لنکا نے سب سے زیادہ ایشیا کپ کھیلے ہیں جبکہ پاکستان اب تک دو بار ایشین چمپئن بن چکا ہے۔