بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ورلڈکپ 2023 میں شریک پاکستان اور آسٹریلوی باؤلرز کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اسپنرز کو کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
روہت شرما کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلوی پیس بیٹری کے چارجر مچل اسٹارک دونوں بہترین اور نئی گیند کے خطرناک باؤلرہیں جو تیزی کے ساتھ گیند سوئنگ کر سکتے ہیں۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ میں ان دنوں کا سامنا نہیں کرنا چاہوں گااور ان دونوں فاسٹ باؤلرز کے بجائے اسپنرز کے خلاف کھیلنے کو ترجیح دونگا۔
بھارت میں ہونے والا ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر کو دفاعی چمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین میچ سے ہوگا۔
میگا ایونٹ کی ٹکٹوں کی فروخت 25 اگست سے شروع ہوجائیگی۔25 اگست سے غیر بھارتی وارم اپ میچز اور ایونٹ میں بھارت کے میچز کے علاوہ دیگر تمام میچز کے ٹکٹس فروخت کیے جائیں گے جب کہ 30 اگست کو گوہاٹی اور ترویندرم میں ہونے والے بھارت کے میچز کے ٹکٹس فروخت ہوں گے۔
31 اگست کو چنئی، دہلی اور پونے میں ہونے والے بھارت کے میچز کے ٹکٹس فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے، یکم ستمبر سے دھرم شالہ، لکھنؤ اور ممبئی میں بھارت کے میچز کے ٹکٹس فروخت ہوں گے۔
2 ستمبر کو بنگلورو اور کولکتہ، 3 ستمبر سے احمد آباد میں بھارت کے میچز کے ٹکٹس فروخت کیے جائیں گے جب کہ 15 ستمبر سے سیمی فائنل اور فائنل کے ٹکٹس فروخت ہوں گے۔