پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی شادی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خود والدین سے کہا تھا کہ ان کی شادی جلدی کردیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بتایا کہ میں چاہتا تھا میری شادی جلدی ہوجائے تاکہ زندگی کا نظم و ضبط بن جائے، میں نے خود والدین سے کہا تھا کہ وہ میرے لیے لڑکی دیکھنا شروع کردیں کیوں کہ میرا خیال ہے شادی کیلئے والدین کی پسند سب سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے ہی ہوتے ہیں کیونکہ وہ ڈگریوں سے نہیں زندگی کے تجربے سے بڑے بنتے ہیں اور یہ تجربہ کئی ڈگریوں سے بڑھ کر ہوتا ہے لیکن ہم 17 سے 24 سال کی عمر تک ہم خود کو عقلمند اور سامنے والے کو بیوقوف سمجھتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ اگر شادی کے حوالے سے والدین کا فیصلہ بہتر نہیں ہوا تو دوسری شادی کرلیں گے لیکن الحمد اللہ میں بہت خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں آنے والی اچھی تبدیلی ہمیشہ اچھی رہتی ہے، کسی بھی انسان کی زندگی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی، 16 سال کی عمر اور 25 سال کی عمر میں زندگی میں فرق آجاتا ہے، اگر میں آج 25 سال والی حرکتیں کروں تو وہ اچھا بھی نہیں لگے گا نہ مجھ پر سوٹ کرے گی۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے جلدی شادی کرلی تھی اور اپنی جوانی میں ہی انہوں نے اپنی دو بیٹیوں کی شادی بھی کردی ہے۔