سال 2011کے ورلڈکپ میں آسٹریلوی بیٹر شین واٹسن کے چھکے چھڑانے والے پاکستان کے نامور فاسٹ باؤلر رہاب ریاض ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے 2023 کے ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم میں جگہ نہ بننے پر پریس کانفرنس کے دوران روپڑے۔
پنجاب کی نگراں حکومت میں مشیر کھیل کی ذمہ داری ادا کرنےوالے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا میرا خواب تھا، کامیابی بھی ملی اور ناکامی بھی ہوئی، وقت آتا ہے کہ آپ کو خیرباد کہنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی بھی پاکستان کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں لیکن پاکستان کے پاس اچھے فاسٹ بولرز ہیں اس لئے اب میری جگہ نہیں بنتی۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ جذباتی فیصلہ نہیں ہے، میں حقیقت پر یقین رکھتا ہوں، حقیقت یہی ہے کہ اب میں کھیل نہیں سکتا، یہ ٹرینڈ ہونا چاہیے کہ کھلاڑیوں کو فیئر ویل میچ کی پالیسی ہو، مجھے کوئی افسوس نہیں، میں نے ہمیشہ 100 فیصد دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 2023 کے ورلڈ کپ پر فوکس کیا ہوا تھالیکن ٹیم میں اب ان کی جگہ نہیں بنتی، اس موقع پر وہاب ریاض آبدیدہ بھی ہوگئے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ 2011 کے ورلڈ کپ نے میری زندگی بدل ڈالی، شین واٹسن کے خلاف اسپیل یادگار رہے گا، یہ میرا بہترین اسپیل تھا، یہ ورلڈ کپ جیتنا چاہتے تھے لیکن ممکن نہیں ہوسکا۔