افغانستان کیخلاف پاکستان کی تاریخی کامیابی میں سب سے اہم کردار ادا کرکے مرد میدان کا اعزاز حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کامیابی کا کریڈٹ اپنی اہلیہ کو دیدیا۔
میچ کے بعدوکٹ کیپر محمد حارث کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ زندگی میں شادی کے بعد مثبت تبدیلیاں ہوئیں جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
شادی کے بعد پہلی بال پر وکٹ لینے کے حوالے سے حارث رؤف نے کہا کہ اہلیہ میرے لیے خوش قسمت ثابت ہوئیں، کسی بھی سیریز میں ایسی شروعات ہونا بہت ضروری اور اچھا ہوتا ہے، آگے ایشیا کپ اور ورلڈکپ ہے تو اس سے اعتماد حاصل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی نے جس طرح نئی بال سے باؤلنگ کی، مجھے انہیں دیکھ کر اعتماد ملتا ہے، جیسے شاہین جلدی وکٹ لیتے ہیں میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھوں۔
اس موقع پر موجود شاہین آفریدی نے کہا کہ اس جیت کا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے کیونکہ سب نے اچھی کارکردگی دکھائی، ہمارے ذہن میں تھا 200 تک رنز ہوجائیں گے تو ہم کور کرلیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی تھی جس میں حارث رؤف نے پانچ افغان بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اہم کردار ادا کیا تھا۔