ورلڈکپ میں سری لنکا کیخلاف میچ میں انجری کے باوجود شاندار ناقابل شکست سنچری بنانے پر پاکستان کے سپرمین محمد رضوان نے بھارت کے سابق کرکٹرز کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔
سری لنکا کیخلاف پاکستان کے ایونٹ میں دوسرے میچ میں محمد رضوان نے 121 گیندوں پر 131 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جس کی وجہ سے پاکستان نے ورلڈکپ کی تاریخ کاسب سے بڑا ہدف ہے۔
پاکستان کی شاندار کامیابی پر سابق بھارتی کرکٹر بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، خصوصاً محمد رضوان کی اننگ کو خوب سراہا جارہا ہے۔سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ کیا پھینٹا لگایا، ورلڈکپ میں سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔
سابق بھارتی کرکٹر وسیم جعفر نے کہا کہ آج ہم نے 5 سنچریاں دیکھیں مگر رضوان نے میلہ لوٹ لیا۔سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ رضوان نے 50 اوور وکٹ کیپنگ کے بعد سنچری بھی بنائی، وہ پاکستانی ٹیم میں اسپن بولنگ کو کھیلنے والے بہترین بیٹر ہیں۔
یاد رہے کہ وریندر سہواگ اور عرفان پٹھان اکثر پاکستان پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں لیکن رضوان کی شاندار اننگ نے ناقدین کو بھی تعریف پر مجبور کردیا ہے۔