"اُف، میں تو یہ دیکھ کر ہی تکلیف محسوس کر رہی ہوں۔ میں تو بغیر اِن سارے پروسیجرز کے ہی خوبصورت ہوں۔"
"استغفراللہ… خود کو اتنی تکلیف کیوں دیتی ہیں؟"
"یہ سب کچھ وہ اس عمر میں بھی کر رہی ہیں!"
پاکستان کی معروف اداکارہ صبا فیصل ہمیشہ اپنی خوبصورتی، باوقار شخصیت اور زندگی کے کھلے انداز سے مداحوں کو متاثر کرتی رہی ہیں۔ سینئر آرٹسٹ ہونے کے باوجود وہ سوشل میڈیا کے جدید دور سے پوری طرح واقف ہیں اور اکثر اپنی فیملی تقریبات سے لے کر بچوں اور نواسے نواسیوں کے ساتھ یادگار لمحے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہیں۔ خود کو فِٹ رکھنے اور اپنی خوبصورتی برقرار رکھنے کے معاملے میں بھی وہ ہمیشہ سنجیدہ رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں اداکارہ کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جس میں وہ ایک ایستھیٹک کلینک میں جلد کی ٹریٹمنٹ کرواتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ سابقہ فیسل غالباً پی آر پی ٹریٹمنٹ اور فیشل کرا رہی ہیں تاکہ جلد کو مزید چمکدار بنایا جا سکے۔ ویڈیو سامنے آتے ہی لوگ حیران بھی ہوئے اور پریشان بھی، کیونکہ پروسیجرز دیکھنے میں کافی تکلیف دہ محسوس ہو رہے تھے۔
مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل نے اس ویڈیو کو مزید وائرل بنا دیا ہے۔ کچھ لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اتنے مشکل اور تکلیف دہ طریقۂ علاج کی آخر ضرورت کیا ہے، جبکہ کچھ نے ان کی ہمت اور اپنی شخصیت میں لگن کو سراہا۔ البتہ ایک بڑا حصہ ایسا بھی ہے جو اداکارہ کی عمر کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر بحث کر رہا ہے کہ کیا اس عمر میں ایسے پروسیجرز کروانا ضروری ہیں یا حد سے زیادہ۔
تاہم صبا فیصل ہمیشہ کی طرح اس معاملے میں پراعتماد دکھائی دے رہی ہیں۔ وہ پہلے بھی کہہ چکی ہیں کہ اپنی صحت، خوبصورتی اور شخصیت پر محنت کرنا ہر عورت کا حق ہے، اور اگر کوئی اپنے آپ کو بہتر محسوس کرنے کے لیے کچھ کرتی ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
یہ ویڈیو جہاں تنقید لے کر آئی ہے وہیں ایک بار پھر یہ بحث بھی چھیڑ گئی ہے کہ کیا خوبصورتی کے یہ جدید طریقے ضرورت ہیں یا صرف فیشن؟ اور کیا خواتین, خصوصاً سینئر خواتین پر زیادہ دباؤ ہوتا ہے کہ وہ مسلسل فِٹ اور جوان نظر آئیں؟