اورکزئی میں 3 سالہ بچی کے قتل کیس میں ملوث 3 گرفتار ملزمان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ڈی پی او شوکت علی کے مطابق انویسٹیگیشن پولیس ملزمان کو تفتیش کے لیے جائے وقوعہ لے گئی تھی، جہاں پہلے سے تاک میں بیٹھے نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان زینہ گل، احسان اور رومان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں اور ملزمان کی لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ ان ملزمان کو گزشتہ روز ڈی پی او اورکزئی شوکت علی نے پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا جنہوں نے 19 نومبر کو کوئلے کی لیز کے تنازع پر پانچ لاکھ روپے کے عوض تین سالہ بچی کو قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔