’سو کروڑ کی بجائے صرف 100 روپے‘: عامر خان نے نیٹ فلکس کی بجائے اپنی فلم یوٹیوب پر کیوں ڈال دی؟

عامر خان چاہتے ہیں کہ صرف 100 روپے میں پورا خاندان ایک ساتھ ان کی فلم دیکھ پائے اور ممکن ہو تو ’پڑوسیوں کو بھی بُلا لے تاکہ فی کس ادائیگی مزید کم پڑے۔‘

’میں نے 100 کروڑ کا آفر ریجیکٹ کر دیا اور آپ کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کو یوٹیوب پر ڈال دیا، صرف 100 روپے میں۔۔۔‘

گذشتہ روز بالی وڈ سٹار عامر خان کی فلم کے یوٹیوب لانچ کا اعلان ایک مزاحیہ ویڈیو ریلیز کر کے کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں جنید اپنے والد عامر خان سے کہتے ہیں کہ انھوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ کو نیٹ فلکس جیسے کسی او ٹی ٹی پلیٹ فارم کو بیچنے کی بجائے اسے یوٹیوب پر ریلیز کر دیا ہے۔

ویڈیو میں یہ سن کر عامر خان سیخ پا ہو جاتے ہیں اور انھیں ’نکمے، نامعقول اور نیپو کِڈ‘ کہتے ہیں۔

بعد ازاں کچھ صارفین نے شکایت بھی کی کہ یہ فلم یوٹیوب پر سو روپے سے زیادہ رقم پر دستیاب ہے تو عامر خان پروڈکشنز نے ایک پیغام میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ایپل ڈیوائسز پر ہماری فلم ستارے زمین پر کرائے پر دیکھنے کا خرچ 179 روپے ہے۔ ہم جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

’فلم کا ٹکٹ 10 روپے کا ہوتا تھا‘

دراصل عامر خان کی فلم نیٹ فلکس یا ایمیزون پرائم جیسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز نہ کیے جانے کے پیچھے بالی وڈ سٹار کا اپنا نظریہ ہے۔

ایک حالیہ بیان میں 60 سالہ عامر خان نے بتایا ہے کہ ’جب میری پہلی فلم آئی تھی تو سینیما کا ٹکٹ 10 روپے کا تھا۔ پورا خاندان فلم دیکھنے کے لیے سینیما ہال بھر سکتا تھا۔‘

مگر اب ان کے بقول ’سینیما ہال بڑے پیمانے کا میڈیم نہیں رہا، یہ محض اعلیٰ طبقے کا میڈیم بن گیا ہے۔‘

انھوں نے 100 روپے کا ماڈل اپنانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا میں انٹرنیٹ کی رسائی اب بہت زیادہ ہے لہذا آپ کو سامعین تک پہنچنے کے لیے تھیٹر کی ضرورت نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ وہ ماڈل ہے جو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے گا۔۔۔ ہماری فلموں کے لیے پہلی جگہ ہمیشہ تھیٹر ہونا چاہیے لیکن اسے سستی قیمت پر دستیاب ہونا چاہیے۔‘

عامر خان چاہتے ہیں کہ صرف 100 روپے میں پورا خاندان ایک ساتھ ان کی فلم دیکھ پائے اور ممکن ہو تو ’پڑوسیوں کو بھی بُلا لے تاکہ فی کس ادائیگی مزید کم پڑے۔‘

عامر خان نے نیٹ فلکس کی بجائے یوٹیوب کا انتخاب اس لیے بھی کیا کہ انڈیا میں بعض اندازوں کے مطابق یوٹیوب کے صارفین کی تعداد قریب 50 کروڑ ہے جبکہ نیٹ فلکس کے صارفین تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ ہیں۔

کیا یہ بہتر فیصلہ ہے؟

ایکس پر عامر خان کے فیصلے پر طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں مگر بعض لوگ اسے ایک بہتر فیصلہ قرار دے رہے ہیں۔

صارف ارون بروبھودیسائی نے لکھا کہ ’میری رائے میں یہ زبردست اقدام ہے۔ وہ نہ صرف کرائے کی مد میں کمائیں گے بلکہ انھیں اشتہار کی آمدنی سے بھی فائدہ ہو گا۔ یہ طریقہ کونٹینٹ کریٹرز کو زیادہ کنٹرول دیتا ہے۔‘

مگر سارتھک ساہو پوچھتے ہیں کہ سوال یہ ہے کہ کتنے لوگ فلم دیکھنے کے لیے 100 روپے دیں گے اور کتنے لوگ 700 یا 800 روپے میں فلموں کی ایک بڑی لائبریری تک رسائی حاصل کرنا چاہیے گے۔

فلم ساز ہنسل مہتا نے عامر خان کے فیصلے کا دفاع کیا اور ان پر ہونے والی تنقید کا جواب کچھ یوں دیا کہ اس وقت انڈیا سینیما کو کم قیمتوں اور موثر انداز میں ادائیگیوں کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ سینیماؤں یا او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے خلاف کوئی جنگ نہیں بلکہ ’ڈسٹریبیوشن کا انقلاب ہے۔‘

https://twitter.com/PTI_News/status/1950171238795792773

دریں اثنا عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست کے بعد ان کی تمام فلمیں جیسے دنگل، لگان وغیرہ یوٹیوب پر ’پے پر ویو‘ ماڈل کے تحت ریلیز کر دی جائیں گی۔

خیال رہے کہ عامر خان نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ انھیں ایک سٹریمنگ پلیٹ فارم نے ان کی فلم کے لیے 125 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی جسے انھوں نے مسترد کر دیا تھا۔

انھوں نے کہا تھا کہ ’مجھے وہ 125 کروڑ نہیں چاہیے، مجھے صرف اپنی آڈیئنس کا 100 روپے چاہیے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow