اداکارہ نعیمہ بٹ جنہوں نے محدود مگر نمایاں منصوبوں میں کام کر کے اپنی شناخت بنائی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، تاہم اس بار وجہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ ریمپ واک بنی۔
نعیمہ بٹ نے ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں رباب کے کردار سے شہرت حاصل کی جبکہ وہ جندو جیسے مشکل کردار میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جلد شان شاہد کی آنے والی فلم بلّھا میں بھی نظر آئیں گی۔
حال ہی میں نعیمہ بٹ نے ڈیزائنر منیب نواز کے لیے بطور سیلیبریٹی شو اسٹاپر شرکت کی جہاں انہوں نے فیوژن ساڑھی میں ریمپ پر واک کی۔ تاہم ان کی واک کے دوران ادا اور باڈی لینگویج سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
ریمپ پر چلتے ہوئے نعیمہ بٹ نے اپنے مشہور کردار رباب کے انداز کو دہرانے کی کوشش کی جس میں انگلی سے اشارہ کرنا بھی شامل تھا مگر کئی صارفین کے مطابق ان کی واک میں اعتماد اور دلچسپی کی کمی واضح نظر آئی۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کی واک پر سخت تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کیا انہیں زبردستی واک کے لیے لایا گیا تھا؟ جبکہ دوسرے نے طنزیہ انداز میں کہا ایسا لگ رہا ہے جیسے امی نے برتن دھونے کے لیے باہر بھیجا ہو۔ ایک اور صارف نے واک کو غیر فطری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واک کسی مردانہ انداز جیسی لگ رہی ہے۔
مجموعی طور پر نعیمہ بٹ کی یہ ریمپ واک انٹرنیٹ پر بحث کا موضوع بن گئی ہے جہاں کچھ صارفین تنقید کر رہے ہیں تو کچھ ان کے منفرد انداز کا دفاع بھی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔