بھارتی فلم ’دھریندر‘ کے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ اس فلم میں مرکزی کردار عبدالرحمان بلوچ المعروف رحمان ڈکیت کو دکھایا گیا ہے جسے فلم میں ’کراچی انڈر ورلڈ‘ کے ایک خطرناک ڈان کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
ٹریلر سامنے آتے ہی سرحد کے دونوں جانب اس کردار کی حقیقت پر سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں۔ رحمان ڈکیت کے بیٹے عبدالرحیم جو ایک باکسر ہیں نے فلم میں اپنے والد کی منظر کشی کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے والد فلم میں دکھائے گئے کردار جیسے نہیں تھے۔
عبدالرحیم کے مطابق رحمان غریبوں، بیواؤں اور ضرورت مندوں کی مدد کیا کرتے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم میں حقائق کو صحیح طور پر پیش نہیں کیاگیا۔
عبدالرحمان بلوچ جنہیں عام طور پر رحمان ڈکیت کے نام سے جانا جاتا تھا کراچی کے پسماندہ علاقے لیاری میں پیدا ہوئے اور وہیں سے ان کی زندگی کا سفر شروع ہوا۔ رحمان بلوچ کی شخصیت اور کردار پہلے ہی ایک پیچیدہ اور متنازع موضوع رہے ہیں تاہم اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ فلم میں ان کی زندگی کے مثبت پہلوؤں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔