پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان مختار نے ڈرامہ سیریل ’پامال‘ میں رضا کا کردار ادا کیا جسے ناظرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ رضا کے کردار میں کینسر جیسے موذی مرض سے لڑتے ہوئے اس کی موت کے مناظر نے ناظرین کو جذباتی کر دیا۔
عثمان مختار نے بیماری، خوف، بے بسی اور درد سے گزرنے والے انسان کے جذبات کو اس قدر حقیقت کے قریب پیش کیا کہ ناظرین کی بڑی تعداد آبدیدہ ہو گئی۔ رضا کے آخری مناظر سوشل میڈیا پر بھی خوب زیرِ بحث رہے۔
حال ہی میں عثمان مختار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے رضا کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرامہ پامال کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
عثمان مختار نے لکھا کہ الوداع دنیا! یہ ایک خوشگوار سفر تھا۔ رضا، سائننگ آف۔ 16.12.25۔ مگر جانے سے پہلے یہ کہنا ضروری ہے کہ رضا، ملیکہ کے بغیر رضا نہیں ہو سکتا تھا۔ صبا قمر کا شکریہ جنہوں نے ملیکہ کو غیر معمولی طاقت اور خوبصورتی کے ساتھ نبھایا۔ خضر ادریس کی ہدایت کاری، علی احمد کی شاندار سینماٹوگرافی، اور پامال کی پوری کاسٹ اور کریو کا شکریہ جنہوں نے اس کہانی کو زندگی بخشی۔ اور خاص طور پر زنجبیل عاصم شاہ کا شکریہ جنہوں نے یہ کردار تخلیق کیے اور مجھے رازا پر اعتماد کیا۔
ڈرامہ پامال کے ناظرین نے رضا کی موت کے منظر کو بے حد جذباتی قرار دیا اور عثمان مختار کی اداکاری کو دل چھو لینے والی کہا۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے تبصروں میں اعتراف کیا کہ وہ یہ منظر دیکھ کر رو پڑے اور عثمان مختار نے رضا کے احساسات کو مکمل طور پر جینے پر مجبور کر دیا۔